Aug 27, 2026 10:51 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
نیپال میں فلش فلڈ سے تباہی، گنڈک میں پانی کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ڈی ایم دیپک مینا بولے

نیپال میں فلش فلڈ سے تباہی، گنڈک میں پانی کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ڈی ایم دیپک مینا بولے

26 Aug 2026
1 min read

نیپال میں فلش فلڈ سے تباہی، گنڈک میں پانی کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ڈی ایم دیپک مینا بولے

 گورکھپور میں فی الحال خطرے کی کوئی صورت حال نہیں، راپتی اور گھاگھرا کا پانی اتر رہا ہے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور پی اے سی الرٹ، متاثرہ علاقوں میں امداد اور طبی ٹیموں کی نگرانی جاری گورکھپور

 (اخلاق احمد نظامی)

 گورکھپور۔ نیپال میں آئے اچانک سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر پانی جمع ہونے اور وہاں بڑے نقصان کی اطلاع کے بعد گورکھپور انتظامیہ نے ندیوں کے آب سطح اور ممکنہ اثرات کو لے کر نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ دیپک مینا نے کہا کہ نیپال میں آئی سیلاب کا زیادہ اثر گنڈک ندی میں دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ حالانکہ گورکھپور میں فی الحال اس کا کوئی خاص اثر پڑنے کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کی افواہ یا خدشے کو لے کر گھبرانے کی ضرورت نہیں، انتظامیہ پوری صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ڈی ایم نے بتایا کہ نیپال میں فلش فلڈ کے سبب کافی پانی جمع ہو گیا ہے اور وہاں کافی جانی و مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ اس کا اثر بنیادی طور پر گنڈک ندی کے بہاؤ میں نظر آنے کا امکان ہے۔ گورکھپور میں راپتی ندی کا آبی سطح ابھی کافی کم ہے، جبکہ گھاگھرا ندی میں بھی پانی گھٹ رہا ہے۔ ایسے میں موجودہ صورت حال کو لے کر ضلع میں کسی طرح کی فکر کی بات نہیں ہ

ے۔ انہوں نے بتایا کہ بڑہل گنج علاقے کے چھ گاؤں اور کھجنی علاقے کا ایک گاؤں پہلے متاثر ہوا تھا۔ متاثرہ خاندانوں تک انتظامیہ کی جانب سے امدادی سامان پہنچایا گیا تھا اور راشن کٹ تقسیم کی گئی تھی۔ متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کو لے کر میڈیکل ٹیموں کو بھی کیمپ لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی نگرانی میں امداد اور طبی خدمات مسلسل جاری ہیں۔ ڈی ایم کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بھی پانی اب آہستہ آہستہ اتر رہا ہے، جس سے حالات میں بہتری آ رہی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ گھاگھرا اور راپتی ندی میں پانی فی الحال کم ہے۔ انتظامیہ آبی سطح کی لگاتار نگرانی کر رہی ہے اور متعلقہ افسران کو کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح لوگوں کی حفاظت ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں امداد و بچاؤ کا کام فوری طور پر شروع کرایا جائے گا۔ ڈی ایم نے بتایا کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور پی اے سی کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ متعلقہ ٹیموں کو ضروری وسائل کے ساتھ تیار رہنے کو کہا گیا ہے، تاکہ آبی سطح میں اچانک اضافے یا کسی علاقے میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہونے پر فوری طور پر امداد اور بچاؤ کا کام شروع کیا جا سکے۔ 

نیپال میں فلش فلڈ کے سبب گنڈک ندی میں ممکنہ اثر کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ پڑوسی ضلع کشی نگر کی صورت حال پر بھی نظر رکھ رہی ہے۔ ڈی ایم نے کہا کہ کشی نگر میں گنڈک ندی کا اثر دکھائی دینے کا امکان ہے۔ وہاں ضرورت کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیم بھیجنے کی ہدایت دی جائے گی، تاکہ ممکنہ حالات سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ ڈی ایم دیپک مینا نے واضح کیا کہ ابھی تک گورکھپور ضلع کے کسی شہری کے لاپتہ ہونے کی اطلاع انتظامیہ کو موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کے لاپتہ ہونے یا کسی خاندان کو سیلاب یا پانی بھراؤ کے سبب پریشانی کی اطلاع ملتی ہے تو انتظامیہ فوری طور پر ضروری مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ ندی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بلا وجہ جانے سے بچیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی طرح کی پریشانی یا ہنگامی صورت حال سامنے آنے پر فوری طور پر متعلقہ افسران کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ فی الحال گورکھپور کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انتظامیہ کی ٹیمیں پوری طرح چوکس ہیں اور ندیوں کے آبی سطح سے لے کر متاثرہ گاؤں تک مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ صورت حال میں کسی بھی طرح کی تبدیلی ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے ضروری اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں گے۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)