Feb 7, 2026 07:42 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
جامعہ احسن البرکات عظیم دینی دانش گاہ

جامعہ احسن البرکات عظیم دینی دانش گاہ

13 Nov 2025
1 min read

جامعہ احسن البرکات عظیم دینی دانش گاہ

صاحب تصانیف کثیرہ ماہر درسیات حضرت علامہ مفتی کمال احمد  علیمی نظامی

جامعہ احسن البرکات اس وقت مدارس کی دنیا میں روز افزوں ترقی پر ہے،منفرد نصاب ونظام تعلیم کی وجہ سے یہ ادارہ بڑی تیزی کے ساتھ طالبان علوم نبویہ کا مرجع بنتا جا رہا ہے،یہ سب حضور رفیق ملت، سیدی سرکار نجیب میاں دامت برکاتھم اور اساتذہ ادارہ کے باہمی تعاون اور مخلصانہ جد وجہد کا نتیجہ ہے.مجھے دوبار اس ادارے کے طلبہ کا امتحان لینے کا شرف حاصل ہوا،طلبہ نے جس طرح کے تعلیمی معیار کا مظاہرہ کیا اسے دیکھ کر یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ یہاں کے اساتذہ حد درجہ مخلص اور محنتی ہیں، نصاب تعلیم اور نظام تربیت نہایت عمدہ ہے.

سب سےاہم چیز جو ہر کسی کو متاثر کرتی ہے وہ ہے یہاں کے طلبہ کی اخلاقی و روحانی تربیت، جامعہ کے طلبہ کے اندر جو ادب واحترام اور صوم وصلوۃ کا التزام ہے وہ قابل دید بھی ہے اور لائق تقلید بھی،یہ سب حضور امین ملت، حضور رفیق ملت اور حضور امان ملت کی مشترکہ عنایت، اساتذہ کرام کی خصوصی تعلیم وتربیت اور خود طلبہ کی فطری سعادت کا صدقہ ہے. ذالک فضل اللہ یوتیہ من یشاء.

یہ مبالغہ نہیں سچائی ہے کہ یہاں ہر جماعت کے اکثر طلبہ بہتر ہوتے ہیں، کسی بھی ادارے کی سب سے بڑی کامیابی یہی ہے کہ اس میں پڑھنے والوں کی شرح زیادہ اور نہ پڑھنے والوں کی تعداد اتنی کم ہو کہ وہ بھی انہیں محنتی طلبہ میں گنے جائیں، یہ چیز ہندوستان کے چند ہی مدارس میں دیکھنے کو ملتی ہے، الحمدللہ میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہاں پڑھنے والے اکثریت میں ہیں،نہ پڑھنے والے اقلیت میں ہیں، جو ہر ادارے میں رہتے ہیں.سالوں پہلے جب پہلی بار امتحان لینے کے لیے حضور رفیق ملت کے حکم پر حاضری ہوئیتھی اس وقت جماعت اولی کے طلبہ نے مجھ سے عربی زبان میں امتحان لینے کی گزارش کی، مجھے حیرت ہوئی کہ جس جماعت میں طلبہ کی مادری زبان تک درست نہیں ہوتی اس جماعت کے طلبہ اتنی ہمت کا مظاہرہ کررہے ہیں، یہ اپنے آپ میں نہایت حیرت انگیز بات تھی، پھر جب ان کا امتحان شروع ہوا تو میں ان کی مودبانہ بے باکی اور طلاقت لسانی سے بے حد متاثر ہوا، اس وقت محب گرامی حضرت مولانا محمد عرفان ازہری دامت برکاتھم کی نئی نئی تقرری ہوئی تھی اور عربی زبان وادب میں آپ کے آفاقی علم وتجربے سے بچے مستفید ہورہے تھے.

کہتے ہیں طلبہ اپنے اساتذہ کے علم وعمل کا عکس ومظہر ہوتے ہیں ، طلبہ اچھے ہیں تو لازمی طور سے اساتذہ اچھے ہوں گے، یہاں کے اکثر اساتذہ معیاری اداروں سے فیض یاب ہوکر مسند تدریس کی زینت بنے ہیں،سب اعلیٰ تعلیمی لیاقت کے ساتھ بہترین اخلاق وعادات کے مالک ہیں، اسے حضور رفیق ملت کا حسن انتخاب ہی کہا جائے گا،ورنہ آج تو اساتذہ کے انتخاب میں علم وعمل اور اخلاص واخلاق کے علاوہ سب کچھ دیکھا جاتا ہے، فیا للعجب.

فی الحال ادارے میں 400 سو طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن کی تعلیم وتربیت میں 22 اساتذۂ کرام مصروف عمل ہیں،250 طلبہ ہاسٹل میں رہ کر فیضان برکات سے مستفیض ہورہے ہیں.  ادارے کا ایک امتیازی پہلو یہ بھی ہے کہ یہاں سے بچے کثیر تعداد میں اعلی عصری تعلیم کے لئے عالمی جامعات میں ایڈمیشن لے کر افاقی سطح کی تعلیم وتربیت حاصل کررہے ہیں،فی الحال 13 فارغین جامع ازہر مصر میں زیر تعلیم ہیں، یہ بہت بڑا اعزاز ہے، جو اسادارے کو امتیازی شان عطا کرتا ہے. 

ادارے کے شعبہ جات میں درس نظامی،اعدادیہ تا فضیلت، شعبہ حفظ ،شعبۂ قراءت خصوصی (دو سالہ کورس)، شعبہ تحتانیہ اور شعبہ تربیت قابل ذکر ہیں. 

نظام امتحان نہایت صاف ستھرا اور متحرک وفعال ہے،سال بھر میں دو امتحان ہوتے ہیں، شش ماہی ،سالانہ ،سالانہ میں باہر کے ممتحنین طلبہ کا صحیح جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرتے ہیں، اسی کے مطابق آئندہ اصلاحات و اقدامات کیے جاتے ہیں،سالانہ امتحان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی انعامات اور ماہانہ وظائف بھی دیے جاتے ہیں. 

اس ادارے کی برق رفتار ترقی کی سب سے بڑی وجہ حضور رفیق ملت کی خصوصی توجہ اور طلبہ کے ساتھ ان کا مشفقانہ برتاو ہے ،ایک باپ سے بڑھ کر طلبہ پر شفقت فرماتے ہیں ،ان کے سکھ دکھ کا خیال رکھتے ہیں، سردی وگرمی سے بچانے کا اہتمام فرماتے ہیں، بعض طلبہ کے گھر والوں کا بھی خیال رکھتے ہیں،ان کی خوشی وغمی میں شریک رہتے ہیں، بچوں کو صدقہ اور زکوٰۃ نہ کھلا کر انہیں اپنے جیسا بہترین کھانا کھلاتے ہیں ،بدلے میں بچے بھی آپ سے ٹوٹ کر محبت کرتے ہیں اور سگے باپ سے زیادہ مانتے بھی ہیں.

 یہ میرے دلی احساسات تھے جو عرصہ دراز سے دل میں محفوظ تھے، آج فرصت تھی سو قلم بند کردیا،اللہ تعالیٰ قبول فرمائے اور نیت میں اخلاص پیدا فرمائے. 

*کمال احمد علیمی نظامی* 

دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی یوپی

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383