شب برأت ایسے منائیں !مسلم نوجوانوں سے درد مندانہ اپیل
تنویررضاالأزھری
پریس ریلیز
( نیپال اردو ٹائمز)
اللہ جل مجدہ کا بے پناہ کرم واحسان ہے کہ اس نے امت محمدیہ کو" شب برأت" کا عظیم تحفہ عطا فرمایا ہے ، قرآنِ مقدس اور اَحادیث نبویۃ کے مطابق یہ مبارک رات بڑی اہمیت وفضیلت کی حامل ہے ، اِس بابرکت شب میں تجلیات الٰہی کا خاص نزول ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی بے شمار رحمتیں بندوں کی جانب متوجہ ہوتی ہیں ، یہ مقدس رات قضاء وقدر ، برأت ونجات ، دعاؤں کی قبولیت اور گناہوں کی مغفرت والی رات بھی ہوتی ہے ، اس میں اللہ رب العزت چند بڑے گنہگاروں کو چھوڑ کر باقی سب فرمان بردار بندوں کو بخش دیتا ہے، اس لئے اس رات میں مسلمانوں کو توبہ واستغفار کی ساتھ کثرت سے عبادت وریاضت ، نوافل ومستحبات ، اذکار و تسبیحات اور صدقات وخیرات کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ اپنے گھروں میں قرآن پاک کی تلاوت ، محافل ذکر اور فاتحہ خوانی کا انصرام کرنا چاہئے ، رات کے مخصوص حصے میں قبرستان جاکر اپنے مرحومین کے لئے ایصال ثواب اور دعاے بخشش ومغفرت بھی کرنی چاہئے ۔۔۔
وقت کا یہ افسوس ناک المیہ ہے کہ اس مقدس
رات میں جہاں ایک طرف مومن بندے عبادت و ریاضت اور توبہ و استغفار کرکے دارین کی سعادتیں حاصل کرتے ہیں وہیں دوسری طرف قوم مسلم کے کچھ ناعاقبت اندیش نوجوان اس عظیم رات میں پٹاخے ، آتش بازی اور بائیک بازی میں مشغول رہتے ہیں ، ایسی مبارک رات میں بھی شور و شغب، لہو ولعب اور رقص و سرود میں مدہوش ہوتے ہیں ، یہ بات کس قدر تکلیف دہ ہے کہ جب اس مبارک رات میں اللہ کی رحمتوں کا نزول اور بندوں کی بخشش ومغفرت ہو
رہی ہو تو بندے اس کی جانب سے غافل ہوکر آتش بازی اور لہو ولعب میں مصروف ہو جاتے ہیں ۔حاشا للہ ایسے فعل شنیع کے مرتکب بدبخت نہ صرف اپنی عاقبت تباہ وبرباد کرتے ہیں بلکہ ساتھ ہی دین اسلام کی رسوائی اور مسلمانوں کی ذلت وخواری کا سبب بھی بنتے ہیں ۔
میں ایسے لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اس مقدس رات کو غنیمت جان کر خرافات اور کھیل تماشوں میں گزارنے کے بجائے عبادت واطاعت اور حصول رحمت وبرکت میں بسر کریں اور رب کریم کی بارگاہ میں سر بسجود ہو کر اس کے حبیب لبیب ﷺ کا واسطہ دے کر اپنے گناہوں اور لغزشوں کو آج ہی بخشوا لیں ۔ ورنہ یاد رکھیں کل جب موت کا فرشتہ روح قبض کرنے کے لیے پہنچ جاے گا ، تب ایک لمحے اور ثانیے کی بھی مہلت نہیں ملے گی ۔۔۔
آج لے اُن کی پناہ آج مدد مانگ اُن سے ﷺ
پِھر نہ مانیں گے قِیامت میں اگر مان گیا ۔
اللہ ربّ العزت ہم سب کو شب برات کی رحمتوں اور برکتوں سے مالامال فرماے ، ہماری خطاؤں کو عفو ودرگذر اور گناہوں کی مغفرت وبخشش فرمائ۔ آمین یارب العالمین ۔
