کلمات خیر
نبیرہ حضور خطیب البراہین شہزادہ حبیب العلماء
حضرت علامہ ضیاالمصطفیٰ قادری حفظہ اللہ
خانقاہ عالیہ قادریہ برکاتیہ نظامیہ،
اگیاشریف ضلع سنت کبیر نگر (یو۔پی) بھارت
ہندوستان کی قادری خانقاہوں میں خانقاہ قادریہ برکاتیہ مارہرہ شریف ضلع ایٹہ بڑی شہرت کی حامل ہے،یہ خانقاہ بارہویں صدی ہجری کے اوائل میں حضرت سیدنا شاہ برکت اللہ مارہروی قدس سرہ [ولادت ۱۰۷۰ھ وصال ۱۱۴۲ھ] کے مقدس ہاتھوں قائم ہوئی ، اس وقت سے اب تک اس خانقاہ سے نہ جانے کتنے لوگوں نے وابستہ ہو کر اپنے نفس کا اصلاح و تزکیہ کیا اور اسے مادی آلودگی سے منقیٰ کیا،یہاں کے مریدین و متوسلین میں جو خداترسی اور تدین پاپا جاتا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے،ظاہر ہے کہ جب خانقاہ کے سجادہ نشین حضرات اس قدر توجہ مریدین پر کرتے ہیں تو وہ خوش قسمت حضرات جنھیں اس روحانی دربار سے منصب خلافت عطا کیا جاتا ہے ان کے قلب ونفس پر کس قدر توجہ کی جاتی ہوگی اور انھیں کس قدر صیقل کیا جاتا ہوگا اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا،ایسے کم ہی لوگ ہیں جنھیں اس خانقاہ کی کسوٹی پر کھرا اترنے کا شرف حاصل ہوا ہے جن لوگوں کو یہ شرف حاصل ہوا ہندوستان میں ان کی تعداد انگلیوں میں گنی جاسکتی ہے،
خانقاہ برکاتیہ نے ہر دور میں وہ گُہر آب دار پیدا کیے جنھوں نے ہر دور میں خلق خدا کی راہِ حق کی طرف رہ نمائی کی۔
مجھے یہ جان کر بے پناہ مسرت ہوئی کہ صاحب عرس قاسمی مجدد برکاتیت،حضرت سید شاہ ابوالقاسم محمد اسماعیل حسن مارہروی قدس سرہٗ[ولادت ۳؍محرم الحرام ۱۲۷۲ھ،وصال یکم صفر المظفر ۱۳٦۷ھ] کے صدسالہ عرسِ قاسمی برکاتی کے پرنور موقع پر ہفت روزہ "نیپال اردو ٹائمز" کی ادارتی ٹیم سرکاران مارہرہ مطہرہ" کے علمی و اصلاحی نقوش،اور اُن کے دینی و روحانی کارناموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی شمارہ بعنوان “خانقاہِ برکاتیہ نمبر”شائع کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔یقیناً یہ لائق تحسین اقدام ہے۔
اس شمارے کی اشاعت پرمیں اردو ٹائمز نیپال کے مدیرِبرادرطریقت حضرت مولانا عبدالجبارنظامی علیمی صاحب اوران کی ادارتی ٹیم نیزمعاونین کومبارک باد پیش کرتا ہوں۔
اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں سرکاران مطہرہ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اوران کے فیوض وبرکات سے مالامال فرمائے۔آمین یارب العالمین۔
ضیاء المصطفیٰ نظامی غفرلہ
خادم خانقاہ عالیہ قادریہ برکاتیہ نظامیہ، اگیاشریف ضلع سنت کبیر نگر (یو۔پی) بھارت
