Feb 7, 2026 11:08 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
موجودہ دور میں خانقاہ برکاتیہ کی ملی و سماجی خدمات

موجودہ دور میں خانقاہ برکاتیہ کی ملی و سماجی خدمات

13 Nov 2025
1 min read

موجودہ دور میں خانقاہ برکاتیہ کی ملی و سماجی خدمات

از قلم : حشمت اللہ ماتریدی علیمی

*امام ماتریدی انسٹی ٹیوٹ مالیگاؤں

مارہرہ شریف ضلع ایٹہ میں واقع خانقاہ برکاتیہ ایک ایسی روحانی و پاکیزہ جگہ ہے ۔جس نے نہ صرف دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے بلکہ ملک و ملت کے لئے سماجی سطح پر بھی اپنی بیش بہا خدمات انجام دی ہے موجودہ دور میں جب معاشرہ علمی انحطاط اور فکری انتشار کا شکار ہے خانقاہ برکاتیہ اس کی اصلاح کی جد و جہد میں سرگرم عمل ہے اس خانقاہ کے ذریعے نہ صرف دینی تعلیم و تربیت کا کام ہوتا ہے بلکہ اپنے رفاہی منصوبوں ،ملی وسماجی خدمات ،تعلیمی اداروں کے قیام کے ساتھ ساتھ غربا ءپروری وکفالت ا یتام اس کا طرۂ امتیاز رہا ہے یہی وہ کارنامے ہیں  جو خانقاہ برکاتیہ کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔

مشائخ مارہرہ نے صرف ذکر و اذکار تک اپنے دائرے کو محدود نہیں کیا بلکہ دینی و عصری تعلیم کے فروغ کو بھی اپنی دعوت وعمل کا لازمی حصہ بنایا اس مشن کے ماتحت جامعہ احسن البرکات کا قیام عمل میں آیا جو کہ طالبان علوم نبویہ کو دینی و عصری  علوم سے آراستہ کر رہا ہے یہ ادارہ نظام  تعلیم وتربیت اور دیگر خصوصیات کی وجہ سے تمام مدارس سے منفرد ہے ۔ جامعہ میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لئے عمدہ ماحول،معقول و مناسب قیام و طعام اور علاج و معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں غریب و نادار طلبہ جن کے والدین ان کی تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کر سکتے  جامعہ ان کی مکمل کفالت کی  ذمہ داری خود اٹھاتا ہے ۔ طلبہ کے مابین  مطالعہ اورعلوم و فنون کے متعلق قلبی شغف پیداکرنے کے لیے    عرس قاسمی کے موقع پر تمام  طلبہ و اساتذہ کو کچھ رقم ہدیتا و تحفتا دی جاتی ہے  جنہیں کتابوں کی  خریداری اور دیگر ضروریات زندگی پر خرچ کیاجائے ۔ علاوہ ازیں طلبہ کی فکری نشونما کے لیے دینی وعصری لیکچرزکا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے پروفیسران مدعو ہوتے ہیں ۔

اس خانقاہ نے جب یہ محسوس کیا کہ علمائے کرام کے درمیان علم قرأت سے بے رغبتی اپنے عروج پر ہے تو اس کی طرف توجہ دلانے کے لیے وہاں  کے ذمہ داران نے آل انڈیا مسابقہ قرآت کا  اہتمام کیا جس میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے کو عمرہ کرایا جاتا ہے جبکہ دوم و سوم  پوزیشن حاصل کرنے والوں کو گراں قدر انعامات سے نوازا جاتا ہے 

نیز تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی اور ان کے لیےزاد راہ کا مکمل انتظام کیا جاتا ہے  ۔نیز آج کل یہ اکثر مشاہدے میں آتا ہے کہ قابل اور باصلاحیت فارغین مدارس تنگ دستی کے باعث تعلیم وتعلم سے ناطہ توڑکر بیرونِ ممالک یا دیگر شعبوں کا انتخاب کر لیتے ہیں، حالانکہ ان میں ان کی کوئی خاص دلچسپی نہیں ہوتی۔ نیز ان سے یہ امیدیں وابستہ ہوتی ہیں کہ وہ دین کا بہت عظیم کام انجام دیں گے، لیکن صرف مالی تنگی  کے پیشِ نظر وہ ایسی راہ پر چل پڑتے ہیں ۔ ان حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے خانقاہِ برکاتیہ نے اساتذہ کے لیے بہترین قیام و طعام اور حالاتِ حاضرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے معقول مشاہرہ کا انتظام کیا، تاکہ علمائے کرام دل جمعی کے ساتھ غیروں کی طرف دیکھے بغیر دین کی خدمت انجام دے سکیں۔

جب دوسرے مکاتب فکر کے لوگ بھولے بھالے سنی مسلمانوں کو عصری علوم کے نام پر ان کے ایمان و عقیدے پر شب وخون ماررہے تھے تو اس کے سد باب کے لیے اس خانقاہ کے صاحبِ سجادہ حضرت امین ملت پروفیسر سید محمد امین میاں قادری برکاتی صاحب قبلہ نے آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے کے  نعرے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے علی گڑھ میں  عصری علوم فنون کے لیے البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کا ١٩٩٥ ء میں قائم فرمایاحضور امین ملت مد ظلہ العالی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔قانونی اور دستاویزی کاروائیوں کے بعد ٢٠٠٢  ء میں البرکات کی پہلی شاخ میرس روڈ پر Al-Barkat Play & Learn Center کی شکل میں قائم کی گئی اور ساتھ ہی ساتھ انوپ شہر روڈ پر ایک وسیع خطے پر جامعہ البرکات کی عمارت قائم کرنے کا کام شروع ہوا ۔

الحمدللہ !سبھی عمارتیں بہت جلد ہی پایہ تکمیل کو پہنچ کر لوگوں کو دعوت نظارہ دینے لگی۔

البرکات آفٹرنون اسکول (راحت پروجیکٹ)       :

البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کے ماتحت چلنے والا راحت پروجیکٹ کے زیر اہتمام البرکات آفٹرنون  اسکول الحمدللہ ! علی گڑھ شہر کا واحد ادارہ ہے جو معاشی طور پر پسماندہ بچوں کو مفت تعلیم فراہم کررہا ہے ۔

اس کی بنیادی مقاصد میں سے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پسماندہ طلبہ کو ایک بہترین شہری بنانا جو اپنی آواز بلند کر سکیں اپنے لیے سوچ سکیں اور زمانےکے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں ۔

البرکات کالج آف گریجویٹ اسٹڈیز :

البرکات کالج اف گریجویٹ اسٹڈیز (ABCGS) کے تحت BBA کورس بھی کرایا جاتا ہے جس میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ تجارت اور کاروبار کی باریکیاں اور زمینی حقائق سےبھی روشناش کرایا جاتا ہے۔

بی بی اے کے کچھ طلبہ ABIMS میں بھی کامیاب ہوئے جبکہ کچھ طلبہ AMU ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور دیگرمرکزی  یونیورسٹیز کے داخلہ جاتی امتحان میں کامیاب ہوکر مختلف عصری کورسیزمین زیر تعلیم ہیں ۔

الحمدللہ!اس.میں گریجویشن بھی کرایا جاتا ہے جس میں اردو، انگریزی، جغرافیہ، سوشولوجی،  سیاسیات ایجوکیشن اور تاریخ وغیرہ کی بھی تعلیم دی جاتی  ہے ۔

ماہرہ شریف اور اس کے علاقائی مساجد کے ائمہ کرام کے نذرانے، قیام و طعام کا اہتمام بھی  خانقاہِ برکاتیہ ہی کے ذمہ داران بہت ہی خلوص و للہیت کے ساتھ کرتے ہیں۔ اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ہے کہ اگر اس علاقے کا کوئی شخص کسی لڑکی سے محض دین و اخلاق کی بنیاد پر، بغیر اس کی جائیداد یا مالی حیثیت دیکھے اور بغیر جہیز کا مطالبہ کیے نکاح کر لیتا ہے، تو اس کے عمرے کے تمام اخراجات کی ذمہ داری یہی خانقاہ اٹھاتی ہے۔ اس دوران بغداد شریف اور دیگر مقاماتِ اولیائے کرام کی زیارتوں کا مکمل انتظام بھی اسی کے زیرِ اہتمام کیا جاتا ہے۔ غریب بچیوں کی شادی کرانا اور بیماروں کا علاج وغیرہ بھی اس خانقاہ کا محبوب ترین مشغلہ ہے۔٢٠١٨/١٩ کی بات ہے کہ دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی کے سالانہ جلسہ دستار بندی کےحسین موقع پر  امین ملت پروفیسر سید محمد امین میاں برکاتی مارہروی نے برسر ممبر یہ اعلان فرمایا تھا کہ اگر دارالعلوم علیمیہ کے ذمہ داران " علیمیہ پبلک اسکول" قائم کریں تو اس کی آدھی ذمہ داری خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف اٹھائے گی لیکن اس وقت علیمیہ کے حالات ناسازگار تھے جس کی وجہ سے اس اعلان پر بروقت کوئی عملی اقدام نہ ہو سکا البتہ امید قوی ہے کہ اب اگر ذمہ داران علیمیہ امین ملت صاحب قبلہ کو ان کےاس وعدے کی یاددہانی کرائیں توضرورآپ اس وعدےکووفاکرنے کی کوشش کریں گے۔

اللہ تعالی !خانقاہ  برکاتیہ مارہرہ مقدسہ کی ملی ،سماجی اور اصلاحی خدمات کو  قبول فرمائے  ،قوم مسلم کی بیداری و اصلاح کے لئے جو تحریک اس خانقاہ مقدسہ نے شروع کی ہے اس میں دن بدن ترقی  عطا فرمائے۔

آمین یارب العالمین 

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383