خانقاہِ سمرقندیہ دربھنگہ بہار میں ایمان و عشق کی بَہار
پریس ریلیز
نیپال اردو ٹائمز
خانقاہِ سمرقندیہ دربھنگہ (بہار) کی نورانی فضا ایک بار پھر عشقِ مصطفیٰ ﷺ، علم و عرفان اور روحانیت کے رنگوں میں رنگ گئی۔
ماہِ جمادی الاولی کے بابرکت ایام میں حسبِ روایت اس سال بھی چار روزہ عظیم الشان (ربیع الأعراس) روحانی و علمی اجتماع نہایت تزک و احتشام سے منعقد ہوا، جس کی صدارت پیرِ طریقت، رہبرِ شریعت، صاحب سجادہ، شمس ولایت حضرت علامہ و مولانا سید شاہ شمسُ اللہ جان قبلہ مصباحی المعروف بہ بابو حضور قدس سرہ العزیز نے فرمائی۔
الحمدللہ یہ اجتماع چار دنوں تک جاری رہا، جس میں ہندوستان کے مختلف صوبوں سے مریدین، متوسلین، متعلقین، اور بالخصوص بہار، بنگال، سیمانچل اور نیپال سے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ خانقاہ کے آنگن میں دن بھر درس وتفسیر، وعظ ونصیحت، اور راتوں کو تقاریر و نعتیہ مشاعروں کا سلسلہ جاری رہا۔ پہلے دن کا آغاز صاحب سجادہ سیدی شمس اللہ جان مصباحی صاحب نے فاتحہ اور ختمِ بخاری شریف سے کیا جس نے علم و عرفان کی فضا کو مہکا دیا۔ دوسری شب میں ممتاز علما و مشائخ نے سیرتِ طیبہ ﷺ، اصلاحِ امت اور تصوف کے حقیقی مفاہیم پر ایمان افروز بیانات پیش کیے۔ دن کے اوقات میں تعلیم و تربیت کے درس جاری رہے اور تیسری شب دستار بندی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف خطوں سے تشریف لائے علما، خطبا، مشائخ، شعرائے کرام اور ادبا نے شرکت فرمائی۔ اجتماع کے آخری دن خانقاہ کے بڑے مزار، یعنی حضرت قدوۃ الصالحین،سراج السالکین حضرت مولانا سمرقندی رحمۃ اللہ علیہ کے مزارِ انور پر اختتامی دعا و مناجات کا روحانی منظر دیدنی تھا۔ دن کے 12 بجے باضابطہ پروگرام اختتام پذیر ہوا، بعدہ لنگرِ عام کا سلسلہ جاری رہا۔ ہزاروں زائرین دعا، درود اور نعرۂ تکبیر کی صداؤں میں اپنے اپنے مقام کو روانہ ہوئے۔ اس سال کے اجتماع میں بطور مہمانِ خصوصی تشریف لائےپیرِ طریقت، رہبرِ شریعت، صوفی با صفا، حضرت علامہ مولانا عبدالمبین نعمانی مصباحی صاحب قبلہ (صدر المجع الاسلامی، اشرفیہ ،مبارک پور –) کا ایمان افروز خطاب حاضرین کے دلوں میں نور و حرارت پیدا کر گیا۔ خانقاہِ سمرقندیہ دربھنگہ کا یہ روحانی اجتماع نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک کے لیے ایمان، علم، اور عشقِ رسول ﷺ کی علامت بن چکا ہے۔ یہ محفل دلوں کو منور، ذہنوں کو بیدار اور روحوں کو مطمئن کرتی ہے۔ الحمدللہ! اس سال بھی نومبر 24، 25، 26، 27 تاریخ کو یہ اجتماع پُرامن، بابرکت اور کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہوا۔شرکائے اجتماع نے خانقاہ کی تنظیمی صلاحیت اور روحانی ماحول کو سراہتے ہوئے اسے ایک یادگار اجتماع قرار دیا۔ خانقاہِ سمرقندیہ دربھنگہ کی یہ محفلِ علم و عشق، سیدی بابو حضور قدس سرہ العزیز کی رہنمائی میں علم و عرفان کا ایسا سرچشمہ بن چکی ہے جو نسلِ نو کے لیے ایمان، محبت، اور خدمتِ دین کا روشن مینار ہے۔
تحریر :محمد رضوان احمد مصباحی
نمائندہ : ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز
صدر مدرس : مدرسہ مظاہر العلوم صفتہ بستی، راج گڑھ، بارہ دشی ایک، جھاپا، نیپال
