دارین اکیڈمی جمشید پور میں الزہراوی سائنس لیب کا شاندار افتتاح
اقلیتی کمیشن کے چیئرمین سمیت اہم شخصیات کی شرکت؛ طلباء نے سائنسی موضوعات پر مختلف زبانوں میں تقاریر کیں
جمشید پور(نیپال اردو ٹائمز )
ملک کی معروف اور منفرد اقامتی درس گاہ دارین اکیڈمی، جمشید پور میں آج ایک سائنس لیب کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ یہ افتتاحی تقریب بانی دارین اکیڈمی، حضور معمار ملت الحاج حضرت علامہ مفتی عبدالمالک مصباحی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں کثیر تعدادسائینسی علوم میں مہارت رکھنے والے اساتذہ،دیگر تعلیمی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے کالجز اور اسکولس کے معلمین ومنتطمین،ایس،پی،ڈی ایس،پی جیسے اعلیٰ عہدے داران، مقامی علماے کرام ار معززین شہر نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز اللہ تعالیٰ کے کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ادارہ ہذا کے ہونہار طلباء نے عقیدت اور محبت سے لبریز نعت پاک کے خوبصورت گلدستے پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔
تقریب کا خاص حصہ طلباء کی سائنسی مواد پر پیش کی گئی تقاریر تھیں، جنہوں نے اپنی فنی اور لسانی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ متعلم عبداللہ بن سلطان علی باغ جمشیدپور نے عربی زبان میں سائنسی مواد پیش کیا۔محمد انس رضا (جگسلائی) نے انگریزی زبان میں سائنس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔محمد فرحان رضا (پنجاب) نے اردو زبان میں سائنس کی اہمیت بیان کی۔ محمد عزیز المصطفیٰ ٹیلکو اور محمد احمد رضا (اورنگ آباد) نے بھی عربی زبان میں سائنس کی اہمیت پر زور دیا اور سب کو سائنس کی طرف متوجہ کیا۔فیضان قریشی دھتکیڈیہہ نے انگریزی زبان میں سائنسی تحقیقات کو مدلل انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی۔ نظامت کے فرائض حضرت مفتی بدر عالم فیضی نظامی (صدر المدرسین) نے اردو،انگریری اور عربی زبانوں بحسن و خوبی انجام دیا۔ مہمان خصوصی جھارکھنڈ حکومت کے چیئرمین اقلیتی کمیشن، عالی جناب ہدایت اللہ خاں صاحب تھے، جن کی گل پوشی اور چادرپوشی بانی اکیڈمی کے دست مبارک سے ہوئی۔ دیگر تمام اعزازی مہمانوں کی بھی گل پوشی کی گئی۔
چیئرمین اقلیتی کمیشن نے اپنے تاثرات میں کہاکہ: ''بچہ مسجد کا امام بھی بنے اور وہی ڈاکٹر، پروفیسر، انجینئر، سائنٹسٹ بن کر دین و سنیت کا کام کرے۔ ٹھیک یہی چیزیں ہم دارین اکیڈمی کے بچوں کے اندر دیکھ رہے ہیں۔ ایک عالم یا حافظ کے ساتھ اگر ڈاکٹر یا انجینئر آفیسر ہو تو اس کی بات ہی نرالی ہے۔''ہمدرد قوم و ملت ڈی ایس پی عالی
جناب محمد اکرم صاحب نے اپنی گفتگومیں کہا کہ: ''جیسا میں دارین اکیڈمی میں دیکھ رہا ہوں، ویسا کہیں نہیں دیکھنے کو ملتا کہ بچے ہر محاذ پر کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔''
اس سے قبل، بانی دارین اکیڈمی، حضور معمار ملت الحاج حضرت علامہ مولانا مفتی عبد المالک مصباحی صاحب قبلہ نے سائنسی تحقیق کے متعلق تفصیلی بیان دیا، ابوالقاسم الزہراوی کی خدمات کو اجاگر کیا، اور گاندھی جی کا قول نقل کیا کہ اگر بہتر قائد،سیاسی لیڈر اور فیصل بننا ہے تو حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کو فالو کریں۔ ادارہ کے صدر عالی جناب ماسٹر اتالیق حسین نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ اخیر میں صلاۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور دعائیہ کلمات پر یہ پروقار محفل اختتام پذیر ہوئی۔
تقریب میں شرکت کرنے والے علماء و عوام میں حضرت مولانا حافظ عبد الواحد،قاری مشتا ق عارف نقشبندی،حضرت مولانا ابرار قیصر،قاری محبوب عالم،مولانا غلام مصفطفی فیضی صاحب سمیت کئی دیگر معززین کے اسماء۔ جس میں حضرت مولانا حافظ وقاری شمیم صاحب و حافظ مزمل صاحب و حافظ فرید صاحب و حافظ کلیم صاحب و حافظ ظفیر صاحب و ماسٹر غزالی صاحب و ماسٹر رمضان صاحب و ماسٹر سہیل صاحب و ماسٹر سورین و ماسٹر ہیمنت وغیرہم قابل ذکر ہیں ۔
از قلم مولانا محمد عاشق حسین مرکزی
