نیپال اردو ٹائمز کی ادارتی ٹیم کو"خانقاہِ برکاتیہ نمبر" کی اشاعت پر دلی مبارکباد ودعائیں
از:
(پیرطریقت،خلیفۂ حضور امین ملت ،نورالعلماء حضرت علامہ الحاج)
سید نوراللہ شاہ بخاری
(مہتمم و شیخ الحدیث) دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ(سجادہ نشین: خانقاہ عالیہ بخاریہ)
الحمد للّٰہ رب العالمین، والصلوٰۃ والسلام علی سید المرسلین، وعلیٰ آلہ واصحابہ اجمعین۔برصغیر ہند و پاک میں خانقاہیں صدیوں سے ایمان و عرفان، اخلاق و محبت، اور رشد و ہدایت کے ایسے چراغ جلا رہی ہیں جن کی روشنی آج بھی دلوں کو منور کر رہی ہے۔ یہ خانقاہیں صرف عبادت و ریاضت کے مراکز نہیں بلکہ تربیتِ روح، اصلاحِ باطن، علم و حکمت اور خدمتِ دین و ملت کی درسگاہیں ہیں۔ انہی خانقاہوں نے بگڑے ہوئے حالات میں ملت کی کشتی کو ساحلِ نجات تک پہنچایا، اور عشقِ رسول ﷺ و وفاداریِ سنت کی فضا کو عام کیا۔انہی عظیم روحانی مراکز میں خانقاہِ عالیہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ کو برصغیر کی روحانی تاریخ میں بلند مقام حاصل ہے۔ یہاں سے جو علم و فیض کے سوتے پھوٹے، انہوں نے نہ صرف ہند بلکہ تمام عالمِ اسلام میں عشقِ رسول ﷺ، اشاعتِ علم و عرفان، اور ترویجِ حق و صداقت کا پرچم بلند رکھا۔اسی تسلسل میں ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز کی ادارتی ٹیم نے امسال صدسالہ عرسِ قاسمی برکاتی کے موقع پر اکابرین و مشائخِ مارہرہ مطہرہ کی حیات و خدمات، افکار و نظریات، تعلیمات و پیغامات پر مشتمل ایک نہایت وقیع اور معلوماتی خصوصی شمارہ بعنوان "خانقاہِ برکاتیہ نمبر" شائع کرکے ایک بے مثال دینی و علمی خدمت انجام دی ہے۔یہ شمارہ نہ صرف ماضی کی روحانی میراث کا محافظ ہے بلکہ آج کی نسل کے لیے ایک روشن مینارِ ہدایت بھی ہے۔ ایسے علمی و تاریخی شمارے ہماری علمی شناخت کو زندہ رکھتے ہیں، بزرگوں سے قلبی تعلق کو تازہ کرتے ہیں اور نئی نسل میں عشقِ اہلِ بیت و اولیاء کی حرارت پیدا کرتے ہیں۔میں ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز کی اس خوبصورت کاوش پر پوری ادارتی ٹیم کو ہدیۂ تبریک و تحسین پیش کرتا ہوں، بالخصوص اس اخبار کے مدیرِ محترم عزیز گرامی حضرت مولانا عبدالجبار صاحب نظامی علیمی نیپالی کی صحافتی بصیرت، علمی ذوق اور مسلسل جدوجہد قابلِ صد ستائش ہے۔اسی طرح اس خصوصی شمارے کے طابع و ناشر، ادیبِ لبیب، ماہرِ علوم و فنون، اور عاشقِ برکاتِ مرشدانِ مارہرہ، حضرت علامہ و مولانا نور محمد صاحب برکاتی خالد مصباحی ازہری (مہتمم جامعہ اسلامیہ احسن البرکات، تولیہوا، کپلوستو، نیپال) کی علمی مساعی، روحانی نسبت اور اخلاص و محبت کی یہ حسین جھلک یقیناً باعثِ مسرت و انبساط ہے۔قابلِ تحسین بات یہ بھی ہے کہ ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز کے ذمہ داران نہ صرف اپنی باقاعدہ اشاعتوں کو وقت پر شائع کرتے ہیں بلکہ وقتاً فوقتاً ایسے باکمال خصوصی شمارے منظرِ عام پر لاکر اہلِ علم و ادب کے قلوب سے داد و تحسین حاصل کر چکے ہیں۔حال ہی میں "خطیبُ البراہین نمبر" کی شاندار اشاعت نے مشرقی یوپی کے علمی و روحانی حلقوں میں جو اثر و پذیرائی حاصل کی، وہ ادارے کی سنجیدگی، فکری معیار اور خدمتِ دین کی خلوصِ نیت کا مظہر ہے۔اب اسی تسلسل میں "خانقاہِ برکاتیہ نمبر" کی اشاعت یقیناً ایک روحانی، علمی اور تاریخی کارنامہ ہے۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس علمی و روحانی خدمت کو بارگاہِ اولیاء میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس کے ذریعہ سے خانقاہِ برکاتیہ کے فیوض و برکات مزید عام ہوں، اور ملتِ اسلامیہ کو ان بزرگوں کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین بجاہِ سید المرسلین ﷺ
دعاگو:🏻 سید نوراللہ شاہ بخاری برکاتی
