Feb 7, 2026 12:18 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
نیپال گنج کے محمد ارشد رضا نے اول انعام حاصل کر کے مرکز اہل سنت بریلی شریف میں نیپال کا نام روشن کرد

نیپال گنج کے محمد ارشد رضا نے اول انعام حاصل کر کے مرکز اہل سنت بریلی شریف میں نیپال کا نام روشن کرد

13 Nov 2025
1 min read

نیپال گنج کے محمد ارشد رضا نے اول انعام حاصل کر کے مرکز اہل سنت بریلی شریف میں نیپال کا نام روشن کردیا

نیپال اردو ٹائمز پریس ریلیز

الحمدللہ مورخہ ۹ نومبر کو مرکز اہل سنت خانقاہ رضویہ آستانہ اعلیحضرت بریلی شریف میں منعقد ہونے والے عرس حامدی اور یادگار اعلیحضرت جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف کے جشن دستار بندی کے موقع پر مدارس اہل سنت کے طلبہ کے مابین جو تحریری و تقریری انعامی مقابلہ ہوا اس میں تقریری مقابلہ کا ایک عنوان تھا "بیرون ملک حضرت ریحان ملت کے اسفار اور مسلک اعلی حضرت کا فروغ" اس عنوان پر بہت سارے طلبہ نے حصہ لیا۔سبھی طلبہ کو بے صبری کے ساتھ اس مقابلہ کے نتیجہ کا انتظار تھا۔اسی لئے جب حضور حجۃ الاسلام علیہ کے قل شریف کے بعد تقریبا گیارہ بجے رات جامعہ رضویہ منظر اسلام کے ایک متحرک  و فعال اور سینئر استاذ حضرت علامہ مفتی محمد سلیم بریلوی صاحب مائک پر تشریف لائے تو سبھی طلبہ و عوام و خواص ہمہ تن گوش ہوکر نتیجہ کا اعلان سننے کے لئے بے تاب نظر آنے لگے۔جیسے ہی حضرت مفتی سلیم بریلوی صاحب نے اپنے مخصوص لب و لہجہ میں مذکورہ عنوان پر اول پوزیشن حاصل کرنے والے جماعت رابعہ کے طالب علم محمد ارشد رضا رضوی کے نام کا اعلان کیا تو طلبہ مسرور ہوگئے۔

واضح رہے کہ محمد ارشد رضا رضوی نیپال گنج ضلع بانکے نیپال کے رہنے والے ہیں اور راشٹریہ علما کونسل نیپال کی شاخ لمبنی پردیش یونٹ کے ایک اہم اور ہر دل عزیز رکن حضرت علامہ نصر الدین رضوی صاحب کے فرزند اور نیپالی مسلم اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن آف نیپال کے صدر جناب توحید رضا رضوی صاحب کے بھائی ہیں جو درجہ اعدادیہ سے یادگار اعلیحضرت جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف میں تعلیم حاصل کررہے ہیں اور کئی سال سے مسلسل اس تحریری و تقریری انعامی مقابلہ میں حصہ لیتے ہیں۔موصوف نے مذکورہ عنوان پر انگریزی زبان میں ایک بہترین تقریر کی تھی جس پر سربراہ اعلی خانقاہ رضویہ حضرت علامہ الحاج الشاہ محمد سبحان رضا خاں سبحانی میاں صاحب دامت برکاتہم القدسیہ نے اپنے ہاتھوں موصوف کو اول انعام سے سرفراز فرمایا۔اس خبر سے نیپال کے علمی حلقوں میں بہت خوشی محسوس کی گئی کہ مرکز اہل سنت بریلی شریف میں ایک نیپالی طالب علم نے نیپال اور نیپالی طلبہ کا نام روشن کیا۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383