*سرہا: گول بازار میں آتش زنی س دو کاروباری بلڈنگ جل کر راکھ ؛ 20 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا دعویٰ*
متاثرہ تاجر شبیر خان کی حکومت سے غیر جانبدارانہ تحقیقات، انصاف، معاوضے اور فوری امداد کی اپیل
شفیق رضا
نمائندہ، نیپال اردو ٹائمز
جنکپور : سرہا کے گول بازار میں حالیہ ہنگامہ آرائی اور آتش زنی کے واقعے میں نیہال آئرن اسٹور اور اہان پلائی ووڈ سپلائرز مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئے۔ متاثرہ کاروباری شخصیت صبیر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سانحے کے نتیجے میں ان کے خاندان کو تقریباً 20 کروڑ نیپالی روپے مالیت کی املاک، تجارتی سامان اور سرمایہ کا نقصان پہنچا ہے۔شبیر خان کے مطابق نیہال آئرن اسٹور میں تقریباً 15 کروڑ روپے جبکہ اہان پلائی ووڈ سپلائرز میں 5 کروڑ روپے مالیت کا سامان موجود تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے دوران دونوں کاروباری مراکز کو آگ لگا دی گئی، جس کے باعث برسوں کی محنت، سرمایہ کاری اور کاروبار چند لمحوں میں راکھ کا ڈھیر بن گئے۔انہوں نے بتایا کہ یہی کاروبار ان کے خاندان کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ تھا، جس سے نہ صرف گھریلو اخراجات پورے ہوتے تھے بلکہ ان کی تین بیٹیوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات بھی پوری کی جاتی تھیں۔ کاروبار کی مکمل تباہی کے بعد خاندان شدید مالی بحران اور ذہنی اذیت کا شکار ہے۔متاثرہ تاجر نے حکومتِ نیپال، صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف، مناسب مالی معاوضہ اور کاروبار کی بحالی کے لیے خصوصی امداد فراہم کی جائے۔ شبیر خان نے اس موقع پر کہا کہ تشدد، نفرت اور آتش زنی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے تمام مذاہب اور برادریوں کے احترام کا اظہار کرتے ہوئے امن، بھائی چارے، قومی یکجہتی، انسانیت اور قانون کی بالادستی کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے ذرائع ابلاغ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندان کی آواز متعلقہ حکام اور عوام تک پہنچائیں تاکہ انصاف کی فراہمی اور نقصانات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
