سرزمینِ دھولا باڑی ، جھاپا ،نیپال میں ایک عظیم الشان روحانی اجتماع منعقد ہوا ۔
نیپال اردو ٹائمز
پریس ریلیز
جھاپا نیپال
جھاپا (نیپال) میں جناب سمیر صاحب کے گھر روحانی رنگ و نور سے معمور ایک عظیم الشان محفلِ پاک بعنوان "جشنِ غوث الوریٰ " کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد اور ایمان افروز اجتماع ثابت ہوا جس میں سینکڑوں عاشقانِ غوثِ اعظم و اہلِ سنت شریک ہوئے۔
اس بزمِ روحانی کے مہمانِ خصوصی تھے "پیرِ طریقت، رہبرِ راہِ شریعت، گلِ گلزارِ نقشبندیت حضرت علامہ و مولانا سید شاہ شمسُ اللہ جان مصباحی المعروف بہ “ سرکار بابو حضور قدس سرہ العزیز” آپ کی پرنور موجودگی نے اسٹیج کو روحانی جلال و جمال سے منور کر دیا۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس کے بعد مختلف علماء و مشائخ نے اپنے اپنے نورانی بیانات سے سامعین کے دلوں کو منور فرمایا۔ خصوصاً خطیبِ سیمانچل و بنگال، حضرت مفتی محفل اشرف صاحب قبلہ نے نہایت پرمغز، بصیرت افروز اور دل نشین خطاب فرمایا۔ آپ نے غوثِ اعظم رضی اللہ عنہ کی سیرتِ مبارکہ، آپ کے اخلاص، زہد، علم و عمل اور تصوف کے حقیقی مفہوم پر روشنی ڈالی۔اسی دوران ناچیز مفتی محمد رضوان احمد مصباحی نے حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں نہایت فکر انگیز اور بصیرت افروز گفتگو فرمائی، جس میں تعلیم، سماجی شعور اور ملی بیداری کی اہمیت پر زور دیا۔ آپ نے فرمایا کہ موجودہ دور میں قیادت، سیادت، سیاست اور تعلیم — یہ چاروں پہلو ہماری ملی ترقی کے ستون ہیں۔ اور ان چاروں بنیادوں پر اپنی فکری و عملی تعمیر کرنی ہوگی۔ تعلیم ہی ہماری اصل طاقت اور ترقی کی کنجی ہے۔” محفل میں حضرت مفتی مطیع الرحمٰن صاحب، حافظ نور اعظم صاحب، مولانا مطیع الرحمٰن صاحب اور شاعرِ بنگال جناب محتسم رضا صاحب سمیت متعدد علماء و شعراء نے نعت و منقبت کے اشعار اور تقاریر و بیانات پیش کیے اور سامعین کو روحانی سرور سے سرشار کیا۔آخر میں سرکار بابو حضور قدس سرہ العزیز نے نہایت ناصحانہ و حکیمانہ کلمات ارشاد فرمائے، جن میں زندگی گزارنے کے اصول، سرکار غوثِ اعظم رضی اللہ عنہ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں اور ان کی تعلیمات کو اپنانے کی تلقین شامل تھی۔ آپ نے فرمایا کہ سرکارِ غوثِ اعظم کی زندگی ہم سب کے لیے ایک کامل نمونہ ہے۔ اگر ہم ان کے اخلاق، علم اور اخلاص کو اپنالیں تو دنیا و آخرت دونوں سنور جائے۔ محفل کا اختتام صلوٰۃ و سلام اور دعاے صحت و عافیت پر ہوا۔ شرکاءِ محفل نے دل کی گہرائیوں سے آمین کہا۔یہ بزمِ پاک ہر لحاظ سے ایمان، محبت اور روحانیت کا حسین امتزاج ثابت ہوئی۔
رپورٹ :__
محمد رضوان احمد مصباحی
نمائندہ : ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز