Oct 23, 2025 07:41 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
حرص نے تختۂ دار تک پہنچایا

حرص نے تختۂ دار تک پہنچایا

25 Jul 2025
1 min read

حرص نے تختۂ دار تک پہنچایا 

از قلم شھاب الدین حنفی نیپال

 ایک محاورہ بچپن سے ہم سب سنتے پڑھتے آرہے ہیں کہ لالچ بہت بری بلا ہے، یہ بات سوفیصد درست بھی ہے، حرص انسان کو دنیا و آخرت دونوں میں برباد کر دیتی ہے، قتل، چوری وغیرہ کے واردات، بڑا بننے کا خواب یہ سب حرص ہی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ حرص و لالچ کی وجہ سے ہی بھائی بھائی کو قتل کردیتا ہے، دوست دوست کو قتل کردیتا ہے، حرص انسان کو اندھا کردیتا ہے، جس کی وجہ سے وہ سب کچھ کر گزرتا ہے جو نہیں کرنا چاہیے۔ ایک حدیث کا مفہوم ہے: انسان کا پیٹ تو قبر کی مٹی ہی بھر سکتی ہے۔ دوسری حدیث کا مفہوم ہے: بنی آدم کے پاس ایک سونے کا پہاڑ ہو تو خواہش کرے گا دوسرا بھی مل جائے۔ حرص کی وجہ سے خاندان کا خاندان برباد ہوچکا ہے، بلکہ بڑے بڑے ممالک تباہ وبرباد ہوچکے ہیں۔ حالیہ چند دنوں سے ایک ہندوستانی نرس کا معاملہ سرخیوں میں ہے جس کو رواں مہینے پھانسی ہونی تھی، جو اس وقت ملتوی کردی گئی ہے۔ اگر اس کے معاملے کو عمیق نظر سے دیکھا جائے تو یہ حرص ہی ہے جس نے اس کو تختہ دار تک پہونچا دیا، اپنے وطن سے ہزاروں میل دور ملازمت کیلئے جانا، پھر شوہر کے بغیر غیر سے فرضی شادی کرنا، اسے اپنا بزنس پارٹنر بنانا ان سب کے پیچھے حرص ہی تو ہے۔ پھر اس شخص کا اس کو اپنی بیوی بتانا، پھر اس سے حصے داری میں زیادہ مال طلب کرنا یہ بھی تو حرص ہی ہے۔ آخر کار زیادہ دولت کی حرص ہی نے یمنی شہری کو موت کی نیند سلا دیا، پھر نرس کو بھی تختہ دار تک لے آیا۔ اسی لیے کہتے ہیں لالچ بری بلا ہے۔ رب قدیر ہم سب کو بری لالچ سے محفوظ رکھے۔ یاد رکھیے ایک حرص وہ ہے جو حرام ہے، ایک حرص وہ ہے جس کی شریعت میں پذیرائی ہے، جی ہاں مثلا کوئی بندہ بہت نیک ہے اب یہ حرص رکھنا کہ کاش میں ان سے زیادہ نیکی کرتا، یہ حرص فضول نہیں بلکہ حرص محمود ہے، مکتبۃ المدینہ دعوت اسلامی سے شائع شدہ کتاب بنام (حرص ) کے صفحہ نمبر 13 پر حرص کی تین اقسام مرقوم ہیں (1)حرص محمود ۔(2)حرص مذموم ،(3)حرص مباح ۔ تفصیل کیلیے اس کتاب کو ضرور پڑھیں بہت ہی مفید معلومات پر مشتمل ہے۔ حرص کے تعلق سے قرآن کریم سورہ نساء 128 میں ارشاد ہوتا ہے (واحضرت الانفس الشح )ترجمہ کنزالایمان ۔اور دل لالچ کے پھندے میں ہیں ۔ تفسیر خازن میں اس آیت کے تحت مرقوم ہے لالچ دل کا لازمی حصہ ہے کیونکہ یہ اسی طرح بنایا گیا ہے (تفسیر خازن جلد اول صفحہ 437 ) حرص انسان ہی نہیں جمیع حیوانات میں موجود ہیں، اسی لیے ایک جانور دوسرے جانور سے لڑتا ہے، اس کے لیے کتا، کوا مشہور ہے کتا کو ایک مردار مل جائے تو کبھی نہیں چاہتا دوسرا کتا قریب بھی آئے۔ بہر حال حرص مذموم ہر صورت تباہی وبربادی کا ذریعہ ہے۔ رب قدیر ہم سب کو حرص مذموم سے محفوظ فرمائے آمین بجاہ خاتم النبین الی یوم الدین ۔۔

۔ شھاب الدین حنفی

 نائب مہتمم جامعہ سیدہ فاطمہ للبنات جلیشور 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383