Feb 7, 2026 10:48 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
حضور فقیہ ملت:فقہی بصیرت کا روشن چراغ

حضور فقیہ ملت:فقہی بصیرت کا روشن چراغ

21 Nov 2025
1 min read

حضور فقیہ ملت:فقہی بصیرت کا روشن چراغ

روحانیت و علم کے بام بلند پر وہی ہستیاں قدم رکھتی ہیں جن کے دلوں میں اخلاص کی روشنی، نگاہوں میں بصیرت کے چراغ ،اور زندگی میں اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کی حرارت ہو ،انہی بلند پایہ شخصیات میں حضور فقیہ ملت حضرت علامہ مفتی جلال الدین علیہ الرحمہ کی ذات گرامی ہے۔ وہ مربی کامل، فقیہ اجل ،مصلح باطن و ظاہر ،اور امت کے لیۓ نعمت ربانی  تھے۔ آپ کی حیات نور، آپ کی خدمت مشعل ،اور آپ کا فیض ہمیشہ کے لیے ایک روشن چراغ ہے۔ حضور فقیہ ملت علیہ الرحمہ کی زندگی کی اصل عظمت صرف ان کے علمی مقام میں نہیں بلکہ ان کٹھن راستوں میں پوشیدہ ہے جنہیں طے کر کے آپ اس مقام تک پہنچے۔آپ کا دور طالب علمی آزمائشوں سے بھرا ہوا تھا۔کہیں فاقہ، کہیں بے سر و سامانی، کہیں طویل اور تھکا دینے والے سفر، کہیں کتابوں کی کمی، کہیں رہائش کی دشواری... مگر آپ نے ہمت نہ ہاری۔ہر مشکل کے ساتھ آپ کا عزم مضبوط تر ہوتا گیا۔ہر کٹھنائی نے آپ  کی منزل کو مزید روشن کیا۔ ہر پریشانی نے آپ کی قدموں میں استقامت کا اضافہ کیا۔ یہ وہ محنت تھی جس نے آپ کے علم میں گہرائی بخشی، آپ کی فکر میں رسوخ پیدا کیا اور آپ کو اس مقام پر فائز کیا جہاں سے آپ نے ایک عالم کو فیض، تربیت اور رہنمائی عطا کی۔حضرت مفتی جلال الدین علیہ الرحمہ کی تدریسی محنتیں ایک عہد کی علمی تاریخ ہیں۔ آپ کا درس ایسا ہوتا جیسے علم قرطاس سے اٹھ کر دلوں میں اتر رہا ہو۔ آپ کا بیان ایسا کہ مشکل سے مشکل فقہی مسئلہ بھی آسان اور دل نشیں ہو جاتا ۔آپ کی گفتگو میں علمی وقار بھی تھا اور روحانی لطافت بھی۔ آپ سبق کو صرف سمجھاتے نہیں تھے بلکہ سمجھا دیتے۔طلبہ آپ کی مجلس میں بیٹھتے تو ان کے دلوں میں علم کے پھول کھلنے لگتے۔ آپ کا درس صرف الفاظ کا مجموعہ نہیں ہوتا تھا بلکہ نور، محبت، فکر اور بصیرت کی روشنی لیے ہوئے ہوتا۔ آپ نے سینکڑوں نہیں ہزاروں طلبہ کو اس طور تربیت دی کہ آج وہ دنیا کے مختلف گوشوں میں دین کے چراغ بنے ہوئے ہیں ۔آپ کی شخصیت علم کا سمندر تھی اور درس و تدریس آپ کی زندگی کا ایسا باب جو ہمیشہ یادگار رہے گا۔حضور فقیہ ملت علیہ الرحمہ کی فقہی بصیرت صرف کتابوں میں نہیں بلکہ عملی میدان میں بھی نمایاں تھی۔دارالافتاء میں بیٹھ کر آپ جس ذمہ داری، احتیاط، تقوی، اور دینی غیرت کے ساتھ فتوے تحریر فرماتے تھے وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ آپ شریعت کے حقیقی امین تھے ۔ہر جواب مدلل، واضح اور شریعت کے اصولوں کے عین مطابق ہوتا۔ آپ نہ کسی کی خوشنودی کے لیے نرم روی اختیار کرتے تھے نہ کسی خوف کی وجہ سے سختی۔ بلکہ ہمیشہ حق ،عدل اور دیانت کے مطابق فیصلہ فرماتے۔ جدید مسائل پر آپ کی گہری نظر تھی اور آپ نے متعدد پیچیدہ مسائل کا ایسا حل پیش کیا جو آج بھی علماء کے لیۓرہنمائی کا ذریعہ ہے آپ کے فتاوی میں اعتدال، توازن ،اور حکمت نمایاں ہوتی۔ آپ کا دارالافتاء ایک علمی عدالت تھا جہاں سے صرف مسئلے نہیں حل ہوتے تھے بلکہ دلوں کو تسلی اور ذہنوں کو نور ملتا تھا۔حضرت مفتی جلال الدین علیہ الرحمہ کا دل ذکر و فکر کی روشنی سے لبریز تھا۔آپ نے علم کے ساتھ ساتھ تزکیۂ نفس کو بھی زندگی کا بنیادی مقصد بنایا ۔آپ کی صحبت میں بیٹھنے والاشخص علم بھی لیتا اور باطن کی دنیا بھی سنوارتا آپ کی خانقاہ میں آنے والے سالک نہ صرف اذکار و وظائف سیکھتے بلکہ اخلاق ،برداشت ،حلم اور محبت کا درس بھی پاتے۔ آپ کا فیض محض علمی نہیں ،بلکہ روحانی اور عملی بھی تھا۔ حضور فقیہ ملت علیہ الرحمہ کے افکار ہر دور کے لیے رہنما ہیں ۔آپ کے نزدیک دین سختی کا نہیں، محبت اور آسانی کا نام تھا ۔آپ نے ہمیشہ ایسی تعلیمات پیش کیں جو دلوں کو جوڑیں، امت کو متحد کریں، اور ایمان و عمل میں پختگی پیدا کریں۔ آپ کے افکار میں: توازن ،بصیرت، دعوت خیر ،حسن اخلاق ،اور مسلکی وقار ،سب کچھ موجود تھا۔آپ نے نہ صرف درسگاہوں میں بلکہ معاشرے کے ہر گوشے میں اصلاح کی شمع روشن کی۔ مساجد کی تعمیر و اصلاح، مدارس کی سرپرستی، عوامی اصلاحی اجتماعات، نوجوانوں کی تربیت،اخلاقی و دینی بیداری، یہ  سب آپ کے روشن کارناموں میں شامل ہیں۔اگرچہ حضور فقیہ ملت علیہ الرحمہ نے پردہ فرمایا مگر آپ کے علم کا نور، آپ کی تعلیمات کا سلسلہ، آپ کی تربیت کی خوشبو اور آپ کی شخصیت کے اثرات آج بھی زندہ ہیں۔ آپ کے شاگرد، آپ کی درسگاہیں اور آپکے فتاوی آج بھی آپ کے وجود کی روشنی کا اعلان کر رہے ہیں۔حضرت مفتی جلال الدین علیہ الرحمہ کی حیات طیبہ ان کے اخلاص، محنت، قربانی، علم ،عمل روحانیت اور خدمت دین کا ایسا حسین مرقع ہے جس کی مثال کم ملتی ہے۔ آپ کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ:" جو محنت کرے وہ پاتا ہے ،جو ثابت قدم رہے وہ جیتتا ہے، اور جو دین کے لیے جیتا ہے وہ دنیا سے جانے کے بعد بھی زندہ رہتا ہے۔"اللہ رب العزت آپ کے درجات بلند فرمائے ،آپ کی قبر کو نور سے بھر دے، اور ہمیں آپ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

محمد علی شیر قادری نظامی 

روضہ شریف ،مہوتری نیپال

 

 

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383