کوشش:زندگی کی روح اور کامیابی کی کنجی
محمد شمیم احمد نوری مصباحی
خادم: دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف،باڑمیر(راجستھان)
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
انسانی زندگی کا سب سے اٹل اور ناقابلِ تردید اصول یہ ہے کہ یہاں کوئی شے بغیر محنت کے حاصل نہیں ہوتی۔ کامیابی ہو یا کامرانی، عزت ہو یا راحت، علم ہو یا آگہی۔۔۔سب کے پیچھے کوشش، جدوجہد اور استقامت کی ایک طویل داستان پوشیدہ ہوتی ہے۔ جو انسان محنت سے جی چُرا لے اور حالات کے رحم و کرم پر بیٹھ جائے، اس کی زندگی جمود اور محرومی کا شکار ہو جاتی ہے۔
اسی حقیقت کو نہایت سادہ مگر گہرے مفہوم میں اس قول نے بیان کیا ہے:
"زندگی میں کوشش کے بغیر کچھ نہیں ملتا۔۔۔ایک سانس لینے کے لیے بھی ایک سانس چھوڑنی پڑتی ہے۔۔۔لہٰذا زندگی میں بہتری لانے کے لیے ہمیشہ کوشش و سعی کرتے رہیں!"
یہ قول ہمیں فطرت کے اس اٹل قانون کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ عمل کے بغیر بقا ممکن نہیں۔جب تک انسان پرانی سانس کو باہر نہیں نکالتا، نئی زندگی بخش سانس اندر نہیں جا سکتی۔ بالکل اسی طرح، جب تک انسان سستی، کاہلی اور بے عملی کو ترک نہیں کرتا، ترقی، کامیابی اور بہتری اس کا مقدر نہیں بن سکتی۔
اسلام نے بھی عمل اور کوشش کو ایمان کے بعد سب سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ محض نیک خواہشات یا بلند دعوے کافی نہیں، بلکہ نیت کے ساتھ عملی جدوجہد ناگزیر ہے۔ قرآن و سنت ہمیں یہ درس دیتے ہیں کہ انسان وہی پاتا ہے جس کے لیے وہ سعی کرتا ہے۔ یہی اصول دنیاوی معاملات ودینی زندگی میں بھی کارفرما ہے۔
زندگی کے سفر میں مشکلات، ناکامیاں اور رکاوٹیں آتی رہتی ہیں، مگر اصل امتحان یہ ہے کہ انسان ان حالات میں ہمت ہار بیٹھتا ہے یا ثابت قدم رہتا ہے؟ جو شخص آزمائشوں کے باوجود کوشش کا دامن نہیں چھوڑتا، وہی وقت کے دھارے کو موڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مسلسل محنت نہ صرف راستے ہموار کرتی ہے بلکہ انسان کے اندر خود اعتمادی، عزم اور حوصلے کو بھی جنم دیتی ہے۔لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دن کو ایک نئی شروعات سمجھیں، مایوسی کو اپنے دل سے نکال دیں اور محنت کو اپنی پہچان بنائیں۔
یقین رکھیے! کوشش کبھی رائیگاں نہیں جاتی؛ یا تو وہ کامیابی بن کر لوٹتی ہے یا تجربہ بن کر انسان کو مزید مضبوط کر دیتی ہے۔
مختصر یہ کہ کوشش زندگی کی روح اور کامیابی کی کنجی ہے۔ جس دن انسان نے سعی و جدوجہد ترک کر دی، اسی دن اس کی ترقی رک گئی۔ کامیاب وہی ہے جو خود کو بدلنے کا حوصلہ رکھتا ہو اور مسلسل کوشش کے ذریعے اپنی دنیا بھی سنوارتا ہو اور آخرت بھی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں محنت، استقامت اور صحیح سمت میں کوشش کی توفیق عطا فرمائے، سستی اور مایوسی سے محفوظ رکھے، اور ہماری سعی کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بنائے؛
آمین یا رب العالمین بجاہ سیدالمرسلین [ﷺ]
