Oct 23, 2025 07:57 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
عنوان: "محرم کا تقدس اور بکھرتی ہوئی نسل" محرم الحرام

عنوان: "محرم کا تقدس اور بکھرتی ہوئی نسل" محرم الحرام

26 Jun 2025
1 min read

عنوان: "محرم کا تقدس اور بکھرتی ہوئی نسل" محرم الحرام..

. وہ مہینہ جس کی فضیلت آسمانوں سے نازل ہوئی، وہ مہینہ جس میں تاریخ کے سب سے مظلوم قافلے نے حق و باطل کی جنگ میں اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ کربلا کی تپتی ریت، سکینہ کی پیاسی آنکھیں، زینب کا جگر پاش صبر، حسین کی بےنیازی اور علی اکبر کی جوانمردی... یہ سب محرم کی یادیں ہیں، یہ وہ لمحات ہیں جنہیں دل میں سجا کر، آنکھوں میں اشک بنا کر، قومیں زندہ رہتی ہیں۔ مگر... افسوس! آج ہم کہاں کھڑے ہیں؟ آج جب محرم کی آمد ہوتی ہے تو کچھ جوانوں کے لیے یہ صرف ایک "فیشن" بن کر رہ گیا ہے۔ ناسمجھی کی انتہا یہ کہ عاشورہ کے قافلے میں جوش و جذبہ کے نام پر تماشہ گری، فحاشی، اونچی آواز میں موسیقی، اور نشہ آور اشیاء کا استعمال — یہ سب کچھ اس مہینے کی روح کو روندتا ہوا نظر آتا ہے۔ کیا حسینؑ نے یہ سب کچھ اسی لیے برداشت کیا تھا؟ کیا کربلا میں اہلِ بیت نے اپنی قربانیاں اس لیے دی تھیں کہ ان کے ماننے والے آنے والی نسلیں نشے کے زہر میں ڈوبی ہوں؟ یہ شراب، یہ چرس، یہ نشہ... یہ صرف انسان کا جسم ہی نہیں کھاتا، بلکہ روح کو بھی مردہ کر دیتا ہے۔ اور جب روح مر جائے تو انسان صرف ایک چلتا پھرتا لاشہ بن کر رہ جاتا ہے، جو کسی قوم کی امید نہیں بن سکتا۔ یاد رکھو نوجوانو! قوموں کا سرمایہ تم ہو۔ تمہارے کندھوں پر امت کی تقدیر لکھی جا رہی ہے۔ اگر تمہیں کربلا کے پیغام سے سبق نہیں ملتا، اگر تم امام حسینؑ کی شہادت سے غیرت، صبر، وفا، اور قربانی کا ہنر نہیں سیکھتے، تو تم محرم کی روح کو قتل کر رہے ہو۔ محرم... صرف ماتم کا نام نہیں، یہ ایک تحریک ہے، ایک بیداری ہے، ایک انقلاب ہے۔ یہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ظلم کے خلاف کیسے کھڑا ہوا جاتا ہے — خواہ پیاسا ہی کیوں نہ مرنا پڑے۔ تو آؤ! اس بار محرم میں عہد کریں کہ ہم نشے کی لعنت سے توبہ کریں گے، اپنے دل کو پاک رکھیں گے، اور محرم کی حرمت کو اپنے کردار سے زندہ کریں گے۔ حسینؑ سے عشق کا دعویٰ تبھی سچا ہوگا جب ہم ان کے راستے پر بھی چلیں گے۔ ورنہ... صرف نام لے کر ماتم کرنا، نعرہ بلند کرنا، اور اس کے بعد وہی گناہوں بھری زندگی جینا — یہ صرف وقت کا دھوکہ ہے، اور اللہ کے غضب کو دعوت دینا ہے۔ اللّٰہ ہمیں سمجھ دے، اور حسینؑ کے ماننے والوں کو حسینؑ جیسا باوقار اور غیرت مند بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ "حسینؑ زندہ ہیں، اگر ہم ان کی راہ پر زندہ ہوں!"

 راقم الحروف ۔حافظ کلیم اللّٰہ انصاری مقام۔ بیجناتھپور وارڈ ٥

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383