بھارتی مسافر طیارہ احمد آباد کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ، ہلاکتوں کا خدشہ دہلی: (ایجنسی) بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کو ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں سردار والا بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب لندن جانے والا ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ بھارت کے شہر احمد آباد سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہونے والے بدقسمت طیارے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی سوار تھے۔ اس طیارے میں 52 برطانوی شہریوں کے علاوہ ایک کینیڈین اور سات پرتگالی باشندے بھی سوار تھے۔ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیک کے آف کے دوران طیارہ ایک درخت میں الجھا جس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا۔ جہاز میں تکنیکی خرابی پیدا ہو جانے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ ایئر انڈیا کا بدنصیب طیارہ شہر کے ایک گنجان آباد علاقے میں گرا ہے۔ طیارے کا اگلا حصہ چند فلیٹس کے درمیان پھنس گیا۔ طیارے کے 232 مسافروں میں 8 ڈاکٹر بھی شامل تھے۔ جہاں یہ طیارہ گرا وہاں چونکہ آبادی بہت زیادہ ہے اس لیے لوگ بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر جمع ہوگئے۔ اِس کے نتیجے میں امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ انتظامیہ کو شہریوں سے اپیل کرنا پڑی کہ جائے حادثہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائی جاری رکھی جاسکے اور طبی امداد پہنچائی جاسکے