Aug 15, 2026 02:11 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
یومِ آزادی: آزادی کی نعمت اور ہماری ذمہ داریاں

یومِ آزادی: آزادی کی نعمت اور ہماری ذمہ داریاں

14 Aug 2026
1 min read

یومِ آزادی: آزادی کی نعمت اور ہماری ذمہ داریاں

(نواسہ حاجی امراؤ شاہ علیہ الرحمہ )حاجی مجیب الرحمن نظامی، ضلع بستی

یومِ آزادی کسی بھی قوم کی تاریخ کا ایک اہم اور قابلِ فخر دن ہوتا ہے۔ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں، جدوجہد اور ان بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں ایک آزاد وطن وجود میں آیا۔ ہندوستان کا یومِ آزادی بھی ہمارے لیے قومی تاریخ، اتحاد، اخوت اور امن و سلامتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ ایک آزاد ملک میں انسان کو اپنی زندگی، اپنے خیالات، اپنی تہذیب، زبان، ثقافت اور مذہبی و سماجی اقدار کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔ اس نعمت کی قدر صرف جشن منانے سے نہیں بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی، قانون کی پاسداری اور معاشرے میں امن و بھائی چارہ قائم کرنے سے ہوتی ہے۔

ہندوستان صدیوں سے مختلف مذاہب، زبانوں، تہذیبوں اور ثقافتوں کا گہوارہ رہا ہے۔ اس ملک کی خوبصورتی اسی تنوع اور باہمی رواداری میں پوشیدہ ہے۔ ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم نفرت، تعصب اور تفرقہ سے اوپر اٹھ کر ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں اور ملک کے اتحاد و سالمیت کو مضبوط بنائیں۔

یومِ آزادی ہمیں یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ قومیں صرف ماضی کی قربانیوں پرزندہ نہیں رہتیں بلکہ اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل محنت کرتی ہیں۔ ہمیں تعلیم، دیانت داری، محنت، خدمتِ خلق اور انصاف کو اپنی زندگی 

کا حصہ بنانا ہوگا۔ نوجوان نسل کو خصوصاً علم و ہنر سے آراستہ کرنا اور انہیں ایک پرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے

آج جب ہم یومِ آزادی منا رہے ہیں تو ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کریں گے، کمزوروں اور ضرورت مندوں کا سہارا بنیں گے، قانون کا احترام کریں گے اور معاشرے میں محبت و اخوت کو فروغ دیں گے۔ بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی بھی اپنے وطن سے محبت اور وابستگی کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی ترقی اور نیک نامی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہندوستان کو ہمیشہ امن و امان، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، ملک کے تمام باشندوں کے درمیان محبت و بھائی چارہ قائم رکھے اور پوری دنیا کو جنگ، نفرت اور ظلم سے نجات عطا فرمائے۔

آئیے! اس یومِ آزادی پر ہم سب مل کر عہد کریں کہ وطن کی آزادی کی قدرا کریں گے، اتحاد و اخوت کو فروغ دیں گے اور ایک پُرامن، خوشحال اور مضبوط ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

حاجی مجیب الرحمن نظامی ضلع بستی

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)