Oct 23, 2025 07:39 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
نیپال اردو ٹائمز کی عظیم اشاعتی  پیش کش پر مبارکباد

نیپال اردو ٹائمز کی عظیم اشاعتی پیش کش پر مبارکباد

خطیب البراہین نمبر کی عظیم الشان اشاعت پر  نیپال اردو ٹائمز  کےایڈیٹر  مولانا عبدلجبار علیمی نظامی اور ان کے اربابِ فکر و قلم بجا طور پر مبارکباد کے مستحق

نیپال اردو ٹائمز کی عظیم اشاعتی  پیش کش پر مبارکباد

تبصرہ نگار: قاری اخلاق احمد نظامی

 پرنسپل مدرسہ انوار العلوم گولا بازار گورکھپور

9935410277

ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز کی یہ روح پرور، ایمان افروز اور دلوں کو گرما دینے والی ادبی و روحانی پیش کش کہ جس کے تحت حضرتِ خطیب البراہین، عالم با عمل ، محدّثِ بستوی ، صوفیِ باصفا، ولیِ کامل حضرت علامہ صوفی محمد نظام الدین مصباحی نور اللہ مرقدہ کی تابندہ سیرت اور جمیل تعلیمات پر
 ’’ایسے تھے ہمارے پیر‘‘ کے عنوان سے خصوصی شمارہ ترتیب دیا گیا ہے، بلاشبہ ایک کارنامۂ عظیم، صداقت و اخلاص کا آئینہ، اور عشق و عقیدت کے نخلستان میں کھلنے والا خوشبودار گلاب ہے۔

یہ شمارہ نہ صرف محبتِ اولیاء کی عطر بیز فضا بکھیر رہا ہے، بلکہ اردو زبان و ادب کے گلزار میں تازگی، روحانیت اور عقیدت کی نئی بہار لے کر آیا ہے۔
 اس میں قلم نے عقیدت کے آنسوؤں سے الفاظ کے چراغ جلائے ہیں، جن کی روشنی میں قلوب کو 

تسکین، ارواح کو قرار، اور آنکھوں کو حلاوت نصیب ہوتی ہے۔

حضور خطیب البراہین علیہ الرحمہ کی ذات ایک ہمہ جہت شخصیت کی حامل تھی۔ آپ کے علم میں وسعت، کردار میں استقامت، اور سیرت میں وہ چمک تھی جو دلوں کو منور کرتی اور راہوں کو روشن بناتی تھی۔ آپ نے درس و تدریس، تبلیغ و اصلاح، اور تصوف و طریقت کے میدان میں جو نقوش چھوڑے، وہ آج بھی ایک قافلۂ مومنین کے لیے چراغِ راہ ہیں۔

اردو ٹائمز آف نیپال کےایڈیٹر محترم معروف صحافی مولانا عبدلجبار علیمی اور ادارۂ نیپال اردو ٹائمز کے اربابِ فکر و قلم اس عظیم الشان خدمت کے بجا طور پر مستحقِ مبارک باد ہیں کہ انہوں نے اپنے روحانی پیشوا کے فیضانِ علم و عرفان کو نہ صرف محفوظ کیا بلکہ عشق و وفا کے رنگ میں ڈھال کر نسلِ نو کے سامنے پیش کیا۔ یہ کام محض ادبی خدمت نہیں، بلکہ ایک روحانی احیاء ہے، جو اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ آج بھی اہلِ دل کے قلم میں تاثیر ہے اور اہلِ محبت کے دلوں میں سوز و درد زندہ ہے۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ شمارہ صرف صفحات کا مجموعہ نہیں بلکہ خلوص و محبت کا ایک روحانی گلدستہ ہے، جس کی ہر تحریر میں عقیدت کی خوشبو، عرفان کا رس، اور فیضانِ نظامی کی کرنیں رقصاں ہیں۔

 یہ وہ تحریری چراغ ہیں جن سے ایمان کی روشنی پھوٹتی ہے، جن کے مطالعے سے دلوں میں محبتِ اولیاء کی لَو تیز ہوتی ہے، اور جن سے قاری کو اپنی روح کے اندر ایک لطیف ارتعاش محسوس ہوتا ہے۔ اولیاء کرام کا ذکر دراصل ذکرِ الٰہی کی ایک صورت ہے۔ ان کا تذکرہ ہمیں اپنی اصل، اپنے مقصد اور اپنے رب کی یاد دلاتا ہے۔

 یہی تذکرے قوموں کے اخلاقی و روحانی زوال کے اندھیروں میں روشنی کے مینار بنتے ہیں۔
 اس لحاظ سے یہ خصوصی شمارہ نہ صرف عرسِ نظامی کے بابرکت موقع پر ایک حسین نذرانۂ عقیدت ہے بلکہ نئی نسل کی فکری و روحانی تربیت کے لیے ایک تابناک رہنما دستاویز ہے۔

ایسے وقت میں جب دنیا کی نگاہیں مادّیت، خود غرضی اور شہرت کے خمار میں محو ہیں، نیپال اردو  ٹائمز کا یہ قدم یقیناً ایک روحانی بیداری کی صدا ہےایک ایسی صدا جو دلوں کو جھنجھوڑتی ہے، روحوں کو جگاتی ہے، اور یاد دلاتی ہے کہ علم و عشق کے وارث اب بھی موجود ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ رب العزت ادارۂ نیپال اردو ٹائمز کو مزید استقامت، اخلاص اور بلندی عطا فرمائے،
 اس کے ایڈیٹر محترم کو علم و عرفان کے چراغ ہمیشہ روشن رکھنے کی توفیق دے،
 اور ان کے قلم کو اسی طرح اولیاء کرام کی سیرتِ طیبہ اور محبتِ مصطفیٰ ﷺ کے ابلاغ کا وسیلہ بنائے۔یہ نیک کاوش دراصل اس امر کی واضح علامت ہے کہ آج بھی قلم زندہ ہے، احساس زندہ ہے، ایمان کی حرارت باقی ہے، اور عشقِ اولیاء کی شمعیں فروزاں ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس نور کو قائم و دائم رکھے، ہم سب کو اپنے بزرگوں کے فیضانِ نظر سے بہرہ ور فرمائے،

مدرسہ انوار العلوم گولا بازار گورکھپور

و سابق پردھان مقام پوسٹ گلرہا مہنداول

ضلع سنت کبیر نگر

9935410277

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383