علماء فاؤنڈیشن (کونسل) ضلع نول پراسی نیپال کی ایک اور اہم مشاورتی نشست !!!
۵ جولائی ۲۰۲۵ء ، ۲۰۸۲ اسار ۲۱ گتے بروز سنیچر کو علماء فاؤنڈیشن ضلع نول پراسی نیپال کی بھوجہواں لائیبریری میں مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا الحمد للہ بڑی تزک و احتشام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ، جس کی سرپرستی فرمارہے ہیں مفکر قوم و ملت ، خلیفۂ حضور سبحانی میاں ، حضرت مولانا الحاج الشاہ سید غلام حسین مظہری صاحب قبلہ دام ظلہ ، ہمارے ضلع نول پراسی کے باوقار صدر حضرت مولانا امان اللہ صاحب قبلہ کی صدارت میں کئی اہم موضوعات پر گفت و شنید ہوئے جو یقیناً قابل قبول ، لائق تحسین تھے۔
جن میں (١) پہلا موضوع تھا میڈیا انچارج کس کو منتخب کیا جائے لہٰذا جملہ حاضرینِ کی آراء و اتفاق سے حضرت مولانا خوشبو الدین عرف ظہیر الدین نظامی صاحب قبلہ (استاذ: مدرسہ عزیزیہ اہلسنت انوار العلوم سستا ۵ رتن گنج، ضلع نول پراسی نیپال) کا انتخاب ہوا الحمد للہ انہوں نے اس عہدے کو نہ صرف قبول کیا بلکہ اپنی مسرت و شادمانی کا اظہار بھی کیا۔
بعدازاں دوسرا موضوع (٢) جان ایمان ، ہم سب کے مرکز عقیدت ارواحنا فداہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تشریف آوری کے پر بہار موقع پر ۲۰۸۲ بکرمی بھادو ۱۷ گتے بروز منگل کو بنام "محمد جینتی شبھ کامنا آردان پردان" پروگرام ہونا طے پایا جن کی تیاریاں الحمد للہ ابھی سے شروع ہوگئی ہیں ، دعا ہے رب قدیر اس پروگرام کو بحسن وخوبی پائے تکمیل بخشے (آمین)
(٣) محرم الحرام کے مقدس مہینے میں لوگوں کے بڑھتے خرافات پر قابو کیسے پائیں مثلاً ضلع کے ایس ، پی (Superintendent of Police) سے رابطہ کر جگہ جگہ لگے میلوں میں کسی طرح کا کوئی فتنہ و فساد برپا نہ ہو۔ ایک عظیم خوشخبری بھی سنا دو سابق کے مشاورتی نشست میں جو اہداف پیش کیے گئے تھے وہ سارے اہداف پائے تکمیل کو پہونچنے والے ہیں ان شاء اللّٰه " ساون " کے شروع یا درمیان ماہ میں آپ حضرات کے سامنے ہونگے۔ بہت سارے حضرات نے اس اہم مشاورتی نشست میں شامل ہوکر اپنی اپنی قیمتی و بےبہا مشوروں سے نوازا جو کہ قابل ستائش تھیں بعدہ مشاورتی نشست کا اختتام حضور سید صاحب قبلہ موصوف کی دعا خوانی کے ساتھ کیا گیا۔ رب قدیر کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ ہم جملہ علماء فاؤنڈیشن نیپال کی عمر و فضل میں بے پناہ برکتیں عطا فرمائے اور جن ایجنڈوں پر ہمارا یہ کونسل کام کرنا چاہتا ہے اللہ تعالیٰ سب کارہائے خیر کو اپنی بارگاہ میں قبول فرماکر اجر عظیم عطا فرمائے اور اس کے بانی و سرپرست کے ساتھ ساتھ جملہ محبین و معتقدین پر اپنا خاص فضل فرمائے (آمین ثم آمین یا رب العالمین و بجاہ سید المرسلین ﷺ)
راقم الحروف: محمد ارشد رضا امجدی فیضی
ممبر آف علماء فاؤنڈیشن (کونسل) نیپال ضلع نول پراسی نیپال