Oct 23, 2025 07:41 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
الحاج سید انجم عثمانی رحمہ اللہ  ایک مثالی شخصیت*

الحاج سید انجم عثمانی رحمہ اللہ ایک مثالی شخصیت*

الحاج سید انجم عثمانی رحمہ اللہ  ایک مثالی شخصیت*

محبوب بارگاہ انجم العلماء *محمد حنیف شارق القادری*

مقام ۔سیلدہ عرف کولدہ ضلع مہراج گنج سابق استاذ دارالعلوم اہل سنت انوار ملت چھتر پارہ اترولہ بلرام پور

حضرت علامہ سید احمد انجم عثمانی 1945ء میں پیدا ہوئے۔ آپ کے نانا، والد اور خانوادے کے دیگر اکابرین علم و معرفت کے مینار تھے۔ اسی علمی و روحانی ماحول میں آپ نے آنکھ کھولی اور بچپن ہی سے قرآن و حدیث، فقہ و تفسیر اور عربی و فارسی علوم کے نور سے منور ہو گئے۔ آپ کا سلسلہ نسب سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے جا ملتا ہے۔

ابتدائی تعلیم اپنے ہی گھرانے کے علمی چشموں سے حاصل کی، پھر درسِ نظامی کی باقاعدہ تکمیل فرمائی۔ اس کے بعد آپ نے اعلیٰ تعلیم اور دیگر علوم میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔ عربی و اردو میں آپ کی زبان و بیان کی قدرت اور تحریر و تقریر کی شگفتگی نے آپ کو ممتاز کر دیا۔

آپ کا طرزِ تدریس نہایت دلنشین تھا۔ مشکل سے مشکل علمی مسئلہ بھی اس انداز سے بیان کرتے کہ سامعین و طلبہ کے دل میں اتر جاتا۔ فقہ، تفسیر، حدیث، تاریخ اور عقائد پر آپ کی گہری نظر تھی۔

حضرت علامہ سید احمد انجم عثمانی کی زندگی کا مقصد دین کی خدمت، مسلکِ اعلیٰ حضرت کی اشاعت، اور عشقِ رسول ﷺ کو عام کرنا تھا۔ آپ نے مدارس و مساجد میں تدریس و خطابت کے ذریعے ہزاروں طلبہ اور عوام کو فیض پہنچایا۔ ساتھ ہی مختلف علمی و تنظیمی اداروں میں خدمات انجام دیں اور "انجم العلماء" کے لقب سے مشہور ہوئے۔

عادات و خصائل میں آپ نہایت متواضع، بردبار، شفیق اور بامروّت تھے۔ بزرگوں کا ادب، چھوٹوں پر شفقت، مہمان نوازی، اور لوگوں کی مدد آپ کی نمایاں صفات تھیں۔ آپ نے ہمیشہ قرآن و سنت کی روشنی میں امت کی رہنمائی کی۔ 

زندگی کے ہر شعبے میں آپ کا کردار مثالی رہا۔ علمی گہرائی، دینی غیرت، اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا وہ امتزاج آپ میں پایا جاتا تھا جو بہت کم شخصیات کو نصیب ہوتا ہے۔

آپ نہ صرف ایک استاد اور خطیب تھے بلکہ ایک مربی، مصلح اور سچے عاشقِ رسول ﷺ بھی تھے۔

میرےاستاذ گرامی حضرت علامہ الحاج سید احمد انجم عثمانی صاحب علیہ الرحمہ کی ذات اس دور میں بلاشبہ اسلاف کا نمونہ تھی،تحمل اور بردباری آپ کا وصف خاص تھا،تواضع اور انکساری سے وافر حصہ پایا تھا،میں نے دارالعلوم فیض الرسول براؤں شریف کی تقریباً سات آٹھ سالہ طالب علمی کا زمانہ پایا جس میں میں نے کبھی کسی سے بداخلاقی اور تیز کلامی سے پیش آتے نہیں دیکھا-

الله تبارک تعالیٰ نے آپ کو بہت ساری خوبیوں اور صلاحتیوں سے نوازا تھا،درس و تدریس کے علاوہ دعوت دین ہو یا تبلیغ اسلام،خدمت خلق ہو یا گم گشتہ راہوں کی رہنمائی،وعظ و نصیحت‌ہو یا اصلاح معاشره،ہر ایک کام کو بڑے اخلاص اور دلچسپی کے ساتھ انجام دیتے تھے۔

آپ نے زندگی کا بیش تر حصہ دارالعلوم فيض الرسول کی خدمت میں گزارا،تدریس کے علاوہ براؤں شریف اور اطراف وجوانب میں آپ نے وعظ ونصیحت اور خدمت خلق کے ذریعہ اسلام و سنیت کی تبلیغ واشاعت اور مکاتب و مدارس اور مساجد کے قیام

کے لیے اپنی مساعی جمیلہ کے جوگہرے نقوش چھوڑے ہیں وہ آج بھی ماتھے کی آنکھوں سے دیکھے جا سکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائے اور آپ کے علمی و روحانی فیوض کو قیامت تک جاری رکھے۔ آمین۔

ابر رحمت ان کے مرقد پر گہر باری کرے 

حشر تک شان کریمی ناز برداری کرے

محبوب بارگاہ انجم العلماء 

*محمد حنیف شارق القادری*

مقام ۔سیلدہ عرف کولدہ ضلع مہراج گنج

سابق استاذ دارالعلوم اہل سنت انوار ملت

 چھتر پارہ اترولہ بلرام پور

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383