زیارتِ حرمین طیبین کے لیے مولانا محمد شمیم احمد نوری مصباحی کی 26 ستمبر کو روانگی
سہلاؤ شریف/باڑمیر (پریس ریلیز)
نیپال اردو ٹائمز
مغربی راجستھان کی عظیم و ممتاز اور علاقۂ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف، باڑمیر،راجستھان کے ناظمِ تعلیمات، معروف عالمِ دین،استاذگرامی وقار ادیبِ شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی کو زیارتِ حرمین طیبین کی عظیم سعادت نصیب ہو رہی ہے۔ وہ اپنے اساتذہ، والدین اور مشفقین کی دعاؤں کے سائے میں 26 ستمبر بروز جمعہ مبارکہ سرزمینِ حجاز مقدس کے لیے روانہ ہوں گے، جب کہ ان کی جدہ کی فلائٹ 28 ستمبر کی صبح ممبئی سے طے ہے۔
مولانا نوری مصباحی اپنے اس مبارک سفر کو اور بھی بابرکت و باسعادت اور اپنے لیے خوش نصیبی قرار دیتے ہیں، کیونکہ انہیں ایک عظیم شیخِ شریعت و طریقت، رہبرِ ملت، نورالعلماء حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی (مہتمم و شیخ الحدیث: دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف) کی رفاقت و معیت میں یہ روحانی سفر نصیب ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ محب گرامی حضرت مولانا باقر حسین صاحب قادری برکاتی
انواری سمیت دیگر خوش نصیب احباب بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
اس پرمسرت موقع پر مولانا نوری مصباحی کے جملہ اساتذہ، رشتہ داروں، احباب اور تلامذہ نے دل کی گہرائیوں سے انہیں مبارکباد پیش کی اور دعاؤں سے نوازا۔ سب نے اس سعادت کو ان کی علمی و دینی خدمات کے حق میں نیک شگون قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سفر ملتِ اسلامیہ کے لیے بھی خیر و برکت کا سبب بنے گا۔
روانگی سے قبل مولانا نوری مصباحی نے اپنے تمام محبین اور متعلقین سے عجز و انکساری کے ساتھ معافی طلب کرتے ہوئے کہا:
"فقیر دست بستہ آپ سب کی خدمت میں عرض گزار ہے کہ اگر اس عاجز و ناتواں سے کبھی کوئی ایسا قول یا فعل صادر ہوا ہو جس سے آپ کے دل کو رنج پہنچا ہو، یا زبان و قلم کی بے احتیاطی نے کسی کو آزردہ کیا ہو، یا کسی بھی عمل نے دل میں گراں باری پیدا کی ہو تو براہ کرم اپنے عالی ظرفی اور وسعتِ قلب کے صدقے اس گنہگار کو معاف فرما دیں۔ یقین جانیں! فقیر دل کی گہرائیوں سے اپنے ہر محسن، ہر عزیز اور ہر بھائی و دوست کے حضور معافی کا خواستگار
ہے۔ میری تمنا ہے کہ اس بابرکت و مسعود سفر پر روانگی کے وقت کسی کے دل پر میرا کوئی بوجھ باقی نہ رہے۔ لہٰذا ایک بار پھر عاجزی کے ساتھ معافی کا طلبگار ہوں اور ساتھ ہی دعاؤں کا امیدوار بھی-"
انہوں نے مزید فرمایا کہ میں ان شاء اللہ العزیز! حرمینِ طیبین کی مقدس فضاؤں میں، بیت اللہ کے سائے میں اور روضۂ اقدس کی جالیوں کے سامنے نیز دیگر مقدس مقامات پر دارالعلوم وشاخہائے دارالعلوم انوار مصطفیٰ وجملہ سنی اداروں کی تعمیر وترقی نیز آپ سب کے لیے دعاگو رہوں گا کہ پروردگار آپ سب کو دین و دنیا کی بھلائیاں عطا فرمائے، عمر و صحت میں برکت دے، ایمان پر استقامت بخشے-مولانا نوری مصباحی نے سب سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا:
"اللہ تعالیٰ اس مبارک سفر کو میرے اور میری نسلوں کے لیے خیر و برکت، مغفرت و نجات کا وسیلہ بنائے۔
وہاں کے آنسو اور دعائیں میرے لیے ابدی سرمایہ ثابت ہوں۔
اللہ تعالیٰ مجھے اپنی بارگاہ میں مقبولیت عطا فرمائے اور حضور ﷺ کا سچا غلام بنائے۔
یہ مسرت افزا اطلاع پورے علاقے میں خوشی و انبساط کے ساتھ سنی گئی اور دینی و علمی حلقوں میں اسے ایک عظیم سعادت و اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
مذکورہ اطلاع محبان جہانیاں کمیٹی دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے میڈیا انچارج حضرت مولانا محمد شمار علی صاحب قادری انواری نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا