امیر القلم حضرت علامہ غیاث الدین احمد عارف مصباحی حفظہ اللہ
سال کی تکمیل پر بے انتہامبارک باد
محترم ایڈیٹر:
حضرت مولانا عبدالجبار علیمیؔ نظامی صاحب۔۔۔
۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
یکم ربیع النور شریف کی مبارک ساعتوں میں "نیپال اردو ٹائمز" نے اپنی کامیابی کے ایک سال مکمل کرلیے اس موقع پر میں آپ کی خدمت میں دلی مبارک باد اور تہنیت پیش کرتا ہوں۔ ایک سال پہلے جس خواب کو حقیقت کا روپ دیاگیا تھا وہ آج ایک ثمر آوردرخت بن چکا ہے جس کی مٹھاس اردو ادب اور صحافت سے محبت کرنے والوں کو اپنا گرویدہ بنارہی ہے۔
میں ذاتی طور پر اس بات کا عینی مشاہدہ کر رہا ہوں کہ "نیپال اردو ٹائمز" نے اس مختصر عرصے میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور اس کی ترقیوں کا سلسلہ ہنوز جاری وساری ہے۔ان مختصر ایام میں پانچ خصوصی نمبرات نکالنا پھر پابندی کے ساتھ وقت متعینہ پر اخبار کا ریلیز کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا ،یقیناً یہ آپ کی محنت،مشقت اور اخلاص کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
ہم اس بات سے بھی انکار نہیں کرسکتے کہ اس کے پیچھے جو ایک منظم اور فکری ٹیم موجود ہے مثلاً حضرت مفتی محمد رضا مصباحی صاحب قبلہ اور حضرت سید غلام حسین مظہری صاحب قبلہ مرکزی صدر علماء فاؤنڈیشن نیپال،حضرت مولانا نور محمد خالد مصباحی صاحب قبلہ، حضرت مولانا کلام الدین نعمانی مصباحی صاحب قبلہ (نائب ایڈیٹر)، حضرت مولانا محمد حسن سراقہ رضوی صاحب قبلہ (معاون ایڈیٹر) اور تمام نامہ نگار و کالم نگارحضرات ان کابھی اس سفر میں ایک اہم رول ہےجن کی سرپرستی اور رہنمائی نے اس اخبار کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ،ان کے تجربے اور بصیرت نے اسے اردوداں اور دانشوروں کے طبقے میں قابلِ احترام بنایا ۔
بلاشبہ نیپال جیسے ملک میں جہاں اردو زبان کے فروغ کے لیے وسائل محدود ہیں، "نیپال اردو ٹائمز" کا آغاز اور اس کا مسلسل اجراء ایک قابل تعریف کارنامہ ہے۔یہ بات بھی قابل تحسین ہے کہ اس اخبار نے اپنے روز اول سے اب تک ہمیشہ تعمیری سوچ اور مثبت رجحانات کو فروغ دیا ہے ساتھ ہی مسلک اہل سنت وجماعت یعنی مسلک اعلیٰ حضرت کی بھرپور ترجمانی بھی کی ہے اور اپنے مقصد اصلی سے ذرہ بھر بھی پیچھے نہیں ہٹا ہے ۔
میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کی اس عظیم خدمت کو قبول فرمائے اور اردو زبان و ادب اور مسلک اعلیٰ حضرت کے اس مشن کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔ اور یہ جریدہ آنے والے سالوں میں بھی اردو ادب ،صحافت اور مسلک اعلیٰ حضرت کی خدمت اسی طرح کرتا رہے ۔آپ کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمنائیں!خیر اندیش، [غیاث الدین احمد عارفؔ مصباحیؔ نظامیؔ]