ہمیں جنریشن زی کی سوچ کے مطابق کام کرنا ہو گا:وزیراعظم کارکی
نمائندہ نیپال اردوٹائمز
احمدرضاابن عبدالقادراویسی
کاٹھمانڈو
نو منتخب وزیراعظم سشیلا کارکی نے کرپشن کے خاتمے کیلئے مظاہرین کے مطالبات پر عمل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہا ہمیں جنریشن زی کی سوچ کے مطابق کام کرنا ہوگا۔73 سالہ سابق چیف جسٹس نے کہا کہ یہ گروپ جس چیز کا مطالبہ کر رہا ہے وہ کرپشن کا خاتمہ، اچھی حکمرانی اور معاشی مساوات ہے۔ آپ کو اور مجھے اسے پورا کرنے کا عزم کرنا ہو گا۔انکا مزید کہنا تھا وہ اور انکی عبوری حکومت چھ ماہ سے زیادہ ایک دن بھی یہاں نہیں رہے گی۔جمعے کو سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی نے عبوری حکومت کی سربراہی سنبھالتے ہوئے ملک کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا، اس تقرر کو خاص بنانے والی بات یہ ہے کہ سشیلا کارکی کو منتخب کرنے کا فیصلہ جنریشن زی مظاہرین نے چیٹ ایپ ڈسکارڈ پر کیا جو جیسن سیٹرون اور سٹینسلاف وِشنوسکی نے سنہ 2015 میں گیمرز کیلئے تیار کی تھی اور اب مقبول سوشل پلیٹ فارم بن چکا ہے۔نیپال میں جاری بدعنوانی اور روایتی سیاست سے نالاں نوجوانوں نے ڈسکارڈ پر ایک سرور بنایا جسے یوتھ اگینسٹ کرپشن کا نام دیا گیا۔سرور میں مختلف چینلز پر اعلانات، زمینی حقائق، ہیلپ لائنز، فیکٹ چیکنگ اور خبروں کی اپڈیٹس دی جا رہی تھیں یوں یہ پلیٹ فارم جنریشن زی تحریک کا کمانڈ سینٹر بن گیا۔جب وزیرِاعظم کے پی شرما اولی نے استعفیٰ دیا تو نوجوانوں کے اس گروپ نے خود ایک نیا رہنما منتخب کرنےکا فیصلہ کیا۔ 10 ستمبر کو کرائے گئے آن لائن ووٹنگ میں سات ہزار 713 ووٹ کاسٹ کیے گئے جن میں سے سشیلا کارکی نے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کئے۔اسکے بعد انہوں نے صدر رام چندر پوڈیل اور آرمی چیف جنرل اشوک راج سگدی سے ملاقات کر کے اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالا