ہفت روزہ "نیپال اردو ٹائمز" کی عظیم اشاعتی پیش کش
الحمد للّٰہ ثم الحمد للّٰہ!علم و ادب، دین و دعوت، اور سیرت و فکر کے حسین امتزاج سے مزین موقر ہفت روزہ "نیپال اردو ٹائمز" نے ایک اور تاریخی و روحانی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے، اس سال عرسِ نظامی 2025ء کے موقع پر، عظیم المرتبت مصلحِ ملت، ناصحِ امت، محی السنۃ، خطیبُ البَرَاہین حضرت علامہ صوفی محمد نظام الدین علیہ الرحمہ کی حیاتِ مبارکہ، خدماتِ جلیلہ، افکار و نظریات اور تعلیماتِ روحانیہ پر مشتمل خصوصی اشاعت “خطیبُ البَرَاہین نمبر” پیش کرنے کا شرف حاصل کیا ہے۔یہ شمارہ محض ایک صحافتی اشاعت نہیں بلکہ ایک فکری، روحانی اور اصلاحی تحریک کی تازہ تجدید ہے۔یہ دراصل اُن مقدس افکار کی بازگشت ہے جنہیں حضرت خطیب البراہین علیہ الرحمہ نے اپنی پوری زندگی علم و عمل، تقویٰ و طہارت، عشقِ رسول ﷺ، خدمتِ دین اور اصلا حِ ملت کے ذریعے اجاگر فرمایا۔میں اس عظیم اشاعتی کارنامے پر ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز کے مدیرِ اعلیٰ، فاضلِ جلیل، عزیزالقدر حضرت مولانا عبدالجبار صاحب نظامی علیمی زید مجدہٗ اور پوری ادارتی و اشاعتی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد وتحسین پیش کرتا ہوں۔یہ شمارہ یقیناً اہلِ علم و ادب، مریدین و متوسلین، محبینِ خطیب البراہین، اور وابستگانِ خانقاہِ نظامیہ کے لیے باعثِ فخر، موجبِ سرور اور موجبِ برکت ہے۔
✦ اشاعتی روایت کا تسلسل:
نیپال اردو ٹائمز نے اپنے مختصر عرصۂ اشاعت میں نہ صرف وقت کی پابندی کے ساتھ اپنے تمام شمارے شائع کیے بلکہ متعدد علمی، تحقیقی اور خصوصی نمبرات بھی پیش کیے، جنہیں اہلِ علم و اہلِ قلم نے نہایت قدر و تحسین کی نظر سے دیکھا۔یہ تازہ اشاعت “خطیبُ البَرَاہین نمبر” اسی سنہری روایت کا حسین تسلسل ہے جو بزرگوں کی حیات و خدمات کو نئی نسلوں تک پہنچانے کا مقدس فریضہ انجام دے رہا ہے۔
✦ حیاتِ خطیب البراہین کا پیغام:حضرت صوفی محمد نظام الدین علیہ الرحمہ کی حیاتِ طیبہ ہمیں اخلاص و للّٰہیت، صدق و وفا، عمل و دعوت، علم و عرفان اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی لازوال تعلیم عطا کرتی ہے۔
ان کی خطابت کے جوہر، بصیرت کی گہرائی اور روحانی قیادت کی روشنی آج بھی قلوب و اذہان کو منور کر رہی ہے۔ایسے وقت میں جب مادیت پرستی نے روحانیت کی خوشبو کو مدھم کر دیا ہے، نیپال اردو ٹائمز کا یہ
خصوصی شمارہ امتِ مسلمہ کے لیے یقیناً فکری بیداری، روحانی تازگی اور ایمانی حرارت کا مظہر ثابت ہوگا، ان شاء اللہ۔اللہ تعالیٰ اس خصوصی شمارے کو “دل بہ دل، شہر بہ شہر، نسل بہ نسل” مقبول و مؤثر بنائے،اس کے ذریعہ حضرت خطیب البراہین علیہ الرحمہ کی تعلیمات کو عالمگیر اثر و دوام عطا فرمائے،اور نیپال اردو ٹائمز کو علم و قلم، دین و ادب، اور دعوت و اصلاح کے اس سفر میں دن دونی رات چوگنی ترقی و قبولیت سے نوازے۔
آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ
محمدشمیم احمد نوری مصباحی
خادم:دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤشریف،باڑمیر(راجستھان)