عرسِ شعیب الأولیاء، جلسۂ دستار بندی اور "تجلیاتِ شعیب الاولیاء" کا فقید المثال اجرا
سدھارتھنگر
پریس ریلیز
18 جولائی بروز جمعہ براؤں شریف میں براؤں شریف، سدھارتھ نگر (نامہ نگار خصوصی): شیخ المشائخ، قطب الاقطاب، محبوب العارفین، حضور شعیب الاولیاء سیدنا شاہ محمد یارعلی لقد رضی اللہ عنہ کا 59 واں سالانہ عرسِ مبارک، نہایت تزک و احتشام کے ساتھ 22 محرم الحرام 1447ھ، مطابق 18 جولائی 2025ء بروز جمعہ بابرکت کو خانقاہِ فیض الرسول براؤں شریف میں منعقد ہونے جارہا ہے۔ یہ روحانی و علمی اجتماع مفکرِ اسلام، شہزادۂ حضور شعیب الاولیاء حضرت علامہ غلام عبدالقادر علوی دامت برکاتہم العالیہ (سجادہ نشین خانقاہ فیض الرسول و ناظمِ اعلیٰ دارالعلوم فیض الرسول) کی صدارت و سرپرستی اور آپ کے عظیم المرتبت فرزند، نبیرۂ شعیب الاولیاء، پیر طریقت حضرت علامہ محمد آصف علوی ازہری مد ظلہ العالی (نائب سجادہ نشین و ناظم تعلیمات دارالعلوم فیض الرسول) کی زیرقیادت منعقد ہوگا۔ عرس مقدس کے ساتھ دستارِ فضیلت کی روح پرور تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں ملک بھر سے جید علما، مشاہیر مشائخ، اربابِ دانش، مریدین، متوسلینِ خانقاہ اور دارالعلوم کے فارغین و فاضلین بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ اس روحانی اجتماع کی خاص بات یہ ہے کہ اسی موقع پر حیات و تعلیماتِ شعیب الاولیاء پر مبنی ایک عظیم الشان اور نایاب علمی و تاریخی مجلہ بعنوان "تجلیاتِ شعیب الاولیاء" کا باقاعدہ رسمِ اجرا بھی عمل میں آئے گا، جو ایک قیمتی علمی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دستاویزی مجلے کی ترتیب و تدوین مشہور و معروف ادیب و خطیب حضرت علامہ صاحب علی یار علوی چترویدی صاحب قبلہ (پرنسپل دارالعلوم امام احمد رضا بندیشرپور و چیف ایڈیٹر امام احمد رضا میگزین سدھارتھ نگر) کی زیرنگرانی ہوئی، جبکہ اس کی اشاعت حضرت علامہ غلام عبدالقادر علوی دامت برکاتہم کی سرپرستی میں عمل میں آئی ہے۔ تجلیاتِ شعیب الاولیاء کے مولف، ممتاز محقق و فاضل نوجوان مفتی محمد شعیب رضا نظامی فیضی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تاریخی مجلہ 224 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں 51 وقیع مضامین اور 11 عقیدت مندانہ منقبتیں شامل ہیں۔ مجلے کا سرورق نہایت دیدہ زیب، جاذبِ نظر اور روحانی وقار کا حامل ہے۔ عرسِ شعیب الاولیاء نہ صرف روحانی تربیت اور علمی استفادہ کا بہترین موقع فراہم کرے گا بلکہ خانقاہی نظام کی عظمت، صوفیانہ نسبتوں اور خلوصِ عقیدت کا بھرپور مظہر بنے گا۔