ہفت روزہ نیپال اردو ٹائمز : ایک سالہ کامیاب صحافتی و ادبی سفر
الحمدللہ! آج کا دن ہمارے لیے نہایت ہی مسرت و شادمانی کا دن ہے کیوں کہ کہ ہفت روزہ اخبار نیپال اردو ٹائمز نے اپنی صحافتی و ادبی خدمت کے ایک سال مکمل کر لیے ہیں۔ یہ سفر محض سفر ہی نہیں ، بلکہ محنت، جدوجہد، لگن اور قربانیوں کی ایک حسین داستان ہے۔
اس عظیم اخبار کے بانی اور سرپرست "مورخ نیپال حضرت علامہ مفتی محمد رضا صاحب مصباحی نقشبندی (استاد، جامعہ اشرفیہ مبارک پور ، یو پی، انڈیا) ہیں۔" آپ کی بصیرت، علمی مقام اور تاریخی شعور نے اس اخبار کو بنیاد دی اور سمت عطا کی۔ نیپال اردو ٹائمز دراصل آپ کی فکر و رہنمائی کا روشن نتیجہ ہے۔ اور یہ بتاتے ہوئے ہوئے ہمیں فخر ہو رہا ہے کہ مورخ نیپال حضرت مفتی محمد رضا مصباحی نقشبندی صاحب عصرِ حاضر کی اُن علمی و فکری شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی بصیرت، قیادت اور انتھک محنت سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ آپ نے صرف درس و تدریس تک اپنے آپ کو محدود نہیں رکھا بلکہ ایسی نسلِ نو تیار کی جو آج علمی، فکری اور عملی میدان میں ملتِ اسلامیہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
حضرت کی شخصیت سازی کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپ نے محض علم پڑھایا نہیں بلکہ دلوں اور اذہان کو تراش کر ایسے ہیرے عطا کیے جو دنیا کے سامنے اسلام کی چمکتی روشنی بن کر ابھرے۔ آپ نے ناکارہ ذہنوں کو کارہ بنایا، سوئے ہوئے دماغوں کو بیدار کیا، اور اپنے شاگردوں اور ہمنواؤں کو وہ شعور بخشا جس کی روشنی سے پورا ماحول منور ہو گیا۔ نیپالاردو ٹائمز جیسے ہفتہ وار اخبار اور عربی رسالہ الفجر جیسے علمی جریدے انہی کی تربیت یافتہ فکر و نظر کا نتیجہ ہیں۔ یہ آپ ہی کی بصیرت تھی کہ آپ نے علماء کی ایک ٹیم کو تیار کیا جو آج دین کے بڑے بڑے کاموں میں مصروفِ عمل ہے اور ملت کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہو رہی ہے۔
آپ صرف ایک مربی و معلم نہیں بلکہ ایک عظیم مصنف و محقق بھی ہیں۔ درجنوں کتب آپ کی علمی و فکری میراث ہیں۔
یقیناً حضرت مفتی محمد رضا مصباحی نقشبندی کی ذات گرامی ایک ایسی جامع اور ہمہ جہت شخصیت ہے جنہوں نے تعلیم و تربیت، تحریر و تحقیق اور شخصیت سازی کے میدان میں وہ کارنامے انجام دیے ہیں جن کی مثال ملنا مشکل ہے۔ آپ کی زندگی علم، عمل، اخلاص اور قیادت کا حسین امتزاج ہے، اور آپ کی خدمات ملتِ اسلامیہ کے لیے ایک انمول سرمایہ ہیں۔
اخبار کی ترقی و اشاعت میں ایڈیٹر جناب عبدالجبار علیمی صاحب کا کردار بنیادی رہا ہے۔ آپ نے اپنی صحافتی بصیرت اور محنت سے اسے پروان چڑھایا۔ اسی طرح حضرت مفتی کلام الدین صاحب اور دیگر معاونین اور جملہ ادارتی ٹیم نے شب و روز کی سخت محنت سے اس اخبار کو سجانے، سنوارنے اور قارئین تک پہنچانے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ اخبار ان سب کی مشترکہ کاوشوں کا ثمرہ ہے۔ گزشتہ ایک سال میں یہ اخبار نہ صرف ہفتہ وار اشاعت کے ساتھ کامیابی کے ساتھ جاری رہا بلکہ کئی خصوصی نمبرات بھی شائع ہوئے، جنہیں قارئین اور اہلِ علم نے بے حد پسند کیا۔ ان میں:
١:_خطیب البراہین نمبر
٢:___ حافظ ملت نمبر
٣:___ امام احمد رضا نمبر
٤:__ شعیب الاولیا نمبر
٥:_حنیف ملت نمبر
٦:__ انجم العلما نمبر
٧:__ شیخ المشائخ نمبر
خاص طور پر شامل ہیں، جو اس اخبار کے معیار اور علمی وقعت کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔
الحمدللہ، صرف ایک سال کے اندر اندر نیپال اردو ٹائمز کے 52 شمارے کامیابی کے ساتھ شائع ہو چکے ہیں اور اب 53واں شمارہ قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ عوام و خواص نے اسے اپنایا، اہلِ قلم نے اسے اپنے افکار و تحریروں سے سجایا اور قارئین نے اعتماد و محبت کے ساتھ اس کا ساتھ دیا۔
ہمارا مقصد صرف خبر رسانی نہیں بلکہ اردو زبان کی ترویج و اشاعت ، مسلک اعلیٰ حضرت کی ترجمانی ،دینی و سماجی شعور کی بیداری اور معیاری صحافت کو فروغ دینا ہے۔ ان شاء اللہ یہ کارواں آئندہ بھی اسی جذبے اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔
آخر میں ہم اپنے بانی و سرپرست مورخ نیپال حضرت علامہ مفتی محمد رضا مصباحی نقشبندی صاحب ، چیف ایڈیٹر جناب عبدالجبار علیمی صاحب، حضرت مفتی کلام الدین صاحب اور جملہ ادارتی ٹیم کے ساتھ ساتھ اپنے قارئین کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اخبار کو مزید ترقی و استحکام عطا فرمائے اور اسے علم و ادب، دین و ملت اور سچائی و انصاف کا ترجمان بنائے۔ آمین۔
محمد رضوان احمد مصباحی
صدر مدرس : مدرسہ مظاہر العلوم صفتہ بستی، راج گڑھ، بارہ دشی ایک، جھاپا، نیپال