Oct 23, 2025 07:42 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
نیپال اردو ٹائمز: ایک سالہ سفر کی درخشاں کہانی

نیپال اردو ٹائمز: ایک سالہ سفر کی درخشاں کہانی

28 Aug 2025
1 min read

نیپال اردو ٹائمز: ایک سالہ سفر کی درخشاں کہانی

از: محمدشمیم احمد نوری مصباحی

خادم: دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف،باڑمیر(راجستھان)

نیپال کی سرزمین پر اردو زبان و ادب کی خوشبو پھیلانے اور صحافت کے روشن چراغ کو جلانے والا ہفت روزہ "نیپال اردو ٹائمز" آج اپنی پہلی سالگرہ کی تکمیل پر یقیناً مبارک باد کا مستحق ہے۔ یہ محض ایک اخبار نہیں، بلکہ ایک عزم، ایک تحریک اور ایک مشن کا نام ہے جس نے ایک سال کے قلیل عرصے میں اردو داں طبقے کے دلوں میں اپنی شناخت قائم کی اور صحافتی دنیا میں وقار و اعتماد حاصل کیا۔نیپال میں اردو صحافت کی اہمیت:

یہ حقیقت کسی سے مخفی نہیں کہ نیپال میں اردو زبان و ادب کے وسائل محدود ہیں۔ یہاں اردو لکھنے پڑھنے والوں کی تعداد گویا "دال میں نمک کے برابر" ہے۔ ایسے ماحول میں کسی ہفت روزہ کا اجرا اور پھر اس کا تسلسل کے ساتھ اشاعت پذیر ہونا کسی عظیم کرامت اور خلوصِ نیت کا ثمر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب جب کبھی بھی اردو بالخصوص نیپال میں اردو صحافت کی تاریخ مرتب کی جائے گی تو "نیپال اردو ٹائمز" کا نام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

ایک سالہ خدمات کا جائزہ:

گزشتہ ایک سال میں اس ہفت روزہ نے جن منازل کو طے کیا ہے وہ یقیناً لائقِ صد تبریک وتحسین ہے۔ ۔۔۔۔۔خصوصی شماروں کی کامیاب اشاعت، ہفتہ وار پابندی کے ساتھ بروقت ریلیز، مثبت اور تعمیری فکر کی اشاعت، نئی نسل کو اردو زبان و ادب سے قریب کرنے کی کوشش اور مسلکِ اعلیٰ حضرت کی نمائندگی۔۔۔یہ سب وہ امتیازی خوبیاں ہیں جنہوں نے اسے محض اخبار نہیں بلکہ اردو صحافت کا روشن ستارہ بنا دیا ہے۔

قیادت اور ٹیم کی خدمات:

بلاشبہ اس کامیابی کے پسِ پشت ایک مخلص اور دردمند ٹیم کی محنت ہے۔ افقِ صحافت کے نیرِ تاباں، صاحبِ قرطاس و قلم عزیزالقدر حضرت علامہ مولانا عبدالجبار صاحب علیمیؔ نظامی صاحب کی بصیرت افروز ادارت نے اس کارواں کو سمت و رفتار بخشی۔ ان کے شانہ بشانہ حضرت مفتی محمد رضا مصباحی صاحب کی قیادت،حضرت سید غلام حسین مظہری صاحب (مرکزی صدر علماء فاؤنڈیشن نیپال) کی سرپرستی اور حضرت مولانا نور محمد صاحب خالد مصباحی ، حضرت مولانا مفتی کلام الدین صاحب نعمانی مصباحی (نائب ایڈیٹر)، حضرت مولانا محمد حسن سراقہ رضوی صاحب (معاون ایڈیٹر) امیر القلم محب گرامی حضرت علامہ غیاث الدین صاحب نظامی عارف مصباحی اور تمام نامہ نگار و کالم نگار حضرات کی محنت و قربانی شامل ہے۔ یہی وہ نفوسِ قدسیہ ہیں جنہوں نے اپنی فکر، قلم اور شبانہ روز محنت سے اس اخبار کو دلہن کی طرح سنوارا اور اہلِ سنت وجماعت کا سر فخر سے بلند کیا۔

نیپال اور اردو زبان کا رشتہ:یہ ہفت روزہ محض ایک اخبار نہیں بلکہ اردو زبان کے فروغ کا ایک روشن چراغ ہے۔ نیپال جیسے ملک میں جہاں اردو کے مواقع کم ہیں، وہاں نیپال اردو ٹائمز نے نہ صرف اہلِ اردو کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا بلکہ نئی نسل کے قلوب میں بھی اردو کی محبت بیدار کی۔ یہ اخبار اس بات کا ثبوت ہے کہ وسائل کی کمی راستہ نہیں روک سکتی، اگر اخلاص اور عزم موجود ہو تو خواب حقیقت میں ڈھلتے ہیں۔

مستقبل کی امیدیں: پہلی سالگرہ جہاں خوشی کا پیغام ہے وہیں یہ ایک نئے سفر کا آغاز بھی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے برسوں میں نیپال اردو ٹائمز مزید ترقی کی منازل طے کرے گا، صحافتی دیانت، فکری بالیدگی اور زبان و ادب کی خدمت کو اپنا شعار بنائے رکھے گا، اور امام اہل سنت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری کے افکار و نظریات کے فروغ کا ایک مضبوط ذریعہ بنے گا۔

ہم بارگاہِ ایزدی میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس ہفت روزہ کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، اس کے بانیان، معاونین اور جملہ کارکنان کی محنتوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور اسے تاقیامت اردو زبان و مسلکِ اعلیٰ حضرت کا ترجمان بنائے۔آمین بجاہ سید المرسلین(ﷺ)

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383