Oct 23, 2025 07:39 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
اعلیٰ حضرت اور کنزالایمان

اعلیٰ حضرت اور کنزالایمان

14 Aug 2025
1 min read

اعلیٰ حضرت اور کنزالایمان 

اعلیٰ حضرت امام اہلسنت امام احمد رضا خان بریلوی علیہ الرحمہ (1856–1921) برصغیر کے عظیم محقق، محدث، فقیہ اور عاشقِ رسول ﷺ تھے۔ آپ نے دین کے مختلف شعبوں میں ہزار سے زائد کتب تحریر فرمائیں۔ ان کی سب سے درخشاں علمی یادگار "ترجمۂ کنز الایمان" ہے، جو فصاحت و بلاغت، عقیدۂ اہلِ سنت کی پاسبانی اور ادبِ نبوی ﷺ میں بے مثال ہے۔

 تصنیف کا پس منظر1330ھ میں صدرالشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ کی درخواست پر اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ نے یہ ترجمہ شروع فرمایا۔ روزانہ آرام کے قلیل وقت میں آپ آیات کا ترجمہ زبانی بیان کرتے اور حضرت صدرالشریعہ علیہ الرحمہ تحریر کرتے۔ حیرت انگیز طور پر یہ برجستہ ترجمہ صدیوں پرانی معتبر تفاسیر کے عین مطابق نکلتا، گویا آپ کے حافظے میں قرآن و حدیث اور تفسیری ذخیرہ محفوظ تھا۔

 نمایاں خصوصیات 

1. ادب کا کمال: ہر لفظ انتہائی احترام کے ساتھ منتخب کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ، نبی کریم ﷺ اور دیگر انبیاء کے ذکر میں شان کے عین مطابق الفاظ استعمال ہوئے۔

2. علمی گہرائی:  یہ ترجمہ دراصل عظیم تفاسیر کا نچوڑ ہے، جہاں صدیوں کی تحقیقات کو مختصر مگر جامع الفاظ میں سمویا گیا ہے۔

3. سائنس سے ہم آہنگی:

آئندہ پیش آنے والے سائنسی اعتراضات کے جوابات پہلے ہی ترجمے میں موجود ہیں۔ سائنسی مثالیں ۱. سورہ رحمن (آیت 33): ترجمہ یوں کیا کہ انسان کے خلا میں جانے کو قرآن کے منافی نہ سمجھا جائے بلکہ واضح ہو کہ جہاں بھی جائے، وہ اللہ کی سلطنت سے باہر نہیں۔۲. سورہ نازعات (آیت 30): ترجمہ "زمین پھیلائی" کیا، جو جدید ارضیاتی تحقیق سے ہم آہنگ ہے، جبکہ عام تراجم میں "زمین جمائی" کہا گیا تھا۔

3. شانِ رسالت کا پاس:بعض تراجم میں سورہ والضحیٰ (آیت 7) میں نبی کریم ﷺ کے لیے "بے خبر" یا "بھٹکا ہوا" جیسے الفاظ استعمال کیے گئے، جو شانِ نبوی کے منافی ہیں۔ اعلیٰ حضرت امام عشق و محبت نے عشق و ادب سے فرمایا:"اور تمہیں اپنی محبت میں خود رفتہ پایا تو اپنی طرف راہ دی"یہ ترجمہ ایمان و عقیدت کا آئینہ دار ہے اور عام قاری کے ذہن میں کسی غلط فہمی کا سبب نہیں بنتا۔ خلاصہ کلام: کنز الایمان صرف ایک ترجمہ نہیں بلکہ ادب، تحقیق، عقیدہ اور سائنسی بصیرت کا حسین امتزاج ہے۔ یہ ترجمہ آج بھی قرآن فہمی کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ قرآن کو ایسے باادب اور مستند ترجمے کے ساتھ سمجھیں اور اپنی زندگی میں اس پر عمل پیرا ہوں۔

محمد سلمان العطاری

جامعۃ المدینہ فیضان عطار نیپال گنج

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383