Oct 23, 2025 07:36 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
محقق عصر حضرت علامہ مفتی عبدالحکیم صاحب نوری کی تالیف "حدیث پاک کی خوشبو"

محقق عصر حضرت علامہ مفتی عبدالحکیم صاحب نوری کی تالیف "حدیث پاک کی خوشبو"

25 Sep 2025
1 min read

محقق عصر حضرت علامہ مفتی عبدالحکیم صاحب نوری کی تالیف "حدیث پاک کی خوشبو"

قارئین کرام --------

الحمد للّٰہ! دنیائے اسلام میں علمِ حدیث کی خوشبو ہمیشہ سے قلوب و اذہان کو معطر کرتی رہی ہے۔ قرآنِ مجید کے بعد نبی کریم ﷺ کے فرامینِ عالیہ وہ سرچشمہ ہدایت ہیں جن سے ہر دور میں انسانیت کو روشنی نصیب ہوئی ہے۔ انہی آفاقی تعلیمات کو عام کرنے اور طلبۂ علوم و عوام الناس کے لیے آسان و دلنشین اسلوب میں پیش کرنے کے لیے ہمارے عہد کے عظیم محقق و صاحبِ تصانیف کثیرہ، استاذ العلماء، عم مکرم حضرت علامہ مفتی عبدالحکیم صاحب قبلہ نوری مصباحی مدظلہ العالی نے اپنی مایہ ناز کتاب"حدیث پاک کی خوشبو" ابھی حال ہی میں تصنیف فرمائی ہے۔

یہ کتاب نہ صرف احادیثِ مبارکہ کا حسین گل دستہ ہے، بلکہ اخلاقی، اصلاحی اور معاشرتی دروس کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ سادہ اور جاذب نظر اسلوب، دل میں اتر جانے والی عبارتیں اور احادیث کے ساتھ مختصر و جامع تشریحات اس کتاب کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ ہر حدیث قاری کو نبی کریم ﷺ کے ارشادات کی خوشبو سے معطر کرتی ہے اور اس کے قلب و روح میں ایمان کی تازگی و نکھار پیدا کرتی ہے۔کتاب کی فہرست پر ایک نگاہ ڈالنے سے ہی واضح ہوجاتا ہے کہ مؤلف نے کس حکمت اور باریک بینی سے موضوعات کا انتخاب فرمایا ہے۔ اخلاقِ نبوی، قرض کی ادائیگی، فیاضی کی برکت، سچ کی فضیلت، جھوٹ کی مذمت، توکل، صبر، غصہ پر قابو، ونکاح کی ضرورت اہمیت جیسے موضوعات نہ صرف عصری تقاضوں کے مطابق ہیں بلکہ ہر قاری کے لیے عملی زندگی کے رہنما اصول بھی فراہم کرتے ہیں۔ حضرت علامہ مفتی عبدالحکیم صاحب قبلہ نوری مصباحی مدظلہ العالی ہمارے عہد کے ان ممتاز علما میں سے ہیں، جن کی ذات علمی جلالت، فکری گہرائی اور تحقیقی بصیرت کا حسین امتزاج ہے۔ 

آپ نے ناسازی طبع کےباوجود درجنوں اہم موضوعات پر بیش قیمت تصانیف تحریر فرمائی ہیں، جن میں تاج الفحول حیات و خدمات، جلوۂ صابر، نکاح و طلاق کی شرعی حیثیت، وسیلہ و شفاعت قرآن و حدیث کے تناظر میں، داعی اسلام قطب المدار، سیرت امام اعظم، امام احمد رضا کے تجدیدی کارنامے، غیر مقلدین کے سوالوں کے دنداں شکن جواب، بدمذہبوں کے سوالوں کا تحقیقی جواب، تین ہم عصر اولیاء کرام اور سوانح مخدوم ملت سید عظیم الدین وارثی جیسی شاہکار تصانیف شامل ہیں۔ ہر کتاب اپنی جگہ ایک علمی سرمایہ اور امت کے لیے قیمتی رہنما ہے۔ فقیر کی خوش نصیبی ہے کہ زمانۂ طالب علمی میں جب آپ بدایوں شریف سے ماہنامہ تاجالفحول کی ادارت فرماتے تھے، تو کئی بار فقیر کو اپنے پاس بلا کر اداریہ یا کوئی اہم مضمون املا کرواتے، اور فقیر کو آپ کے دیگر مضامین کے املا نویسی کا بھی شرف حاصل ہوتا۔ اسی برکت کی وجہ سے آج فقیر کو جو تھوڑی بہت قلمی شدھ بدھ حاصل ہے، اس میں آپ کے مضامین کے املا کا بھی وافر حصہ شامل ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کے علم و قلم میں مزید برکت عطا فرمائے، آپ کی عمر و صحت اور افکار کو دینِ متین کی خدمت کے لیے دراز فرمائے، اور اس کتاب "حدیث پاک کی خوشبو" کو عامۃ المسلمین کے لیے ذریعہ ہدایت و خیر و برکت بنائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین(ﷺ)

محمد شمیم احمد نوری مصباحی

خادم: دارالعلوم انوار مصطفیٰ 

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383