مکارمُ الاخلاق: حضرت پیر سید شاہ حسین شاہ بخاری پچھمائی
جب اخلاق کی خوشبو بکھرتی ہے تو دلوں کی زمینیں سرسبز ہو جاتی ہیں، اور جب کسی صاحبِ دل کی مسکراہٹ میں اخلاص و شفقت کی جھلک دکھائی دے تو وہ چہرہ خود روشنی کا مینار بن جاتا ہے۔ ایسے ہی جلیل القدر بزرگ، بلند اخلاق و پاکیزہ خصال شخصیت کا نام ہے: حضرت پیر سید شاہ حسین شاہ بخاری پچھمائی۔۔۔۔ جن کی ذات فی الحقیقت مکارمِ اخلاق، تواضع و انکسار اور محبت و شفقت کا حسین امتزاج ہے۔حضرت شاہ صاحب اُن نفوسِ قدسیہ میں سے ہیں جن کی مجلس میں بیٹھنے والا دل کا بوجھ ہلکا محسوس کرتا ہے۔ ان کی گفتار میں نرمی، چہرے پر تبسم، اور اندازِ تکلم میں ایسی شیرینی ہے جو سننے والے کو بے ساختہ اپنی طرف کھینچ لیتی ہے۔ اُن کے نزدیک کسی کو مسکرا کر دیکھ لینا، دل جوئی کے دو بول کہہ دینا اور ہے۔ چھوٹوں پر شفقت کے سائے رکھ دینا، عبادت کا درجہ رکھتے ہیں۔اصاغرنوازی گویا اُن کی فطرت میں رچی بسی ہے۔ جو بھی ان کے قریب آئے، خواہ چھوٹا ہو یا بڑا، آپ ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ بڑوں کے حضور مؤدب اور چھوٹوں پر بے پناہ شفیق۔۔۔۔ یہی آپ کے اخلاق کا نچوڑ حسد، تکبر اور خودنمائی جیسے امراضِ باطنی سے آپ کا دامن پاک و صاف ہے۔ آپ کی طبیعت میں انکسار، سادگی اور اخلاص کا ایسا توازن پایا جاتا ہے جو آج کے دورِ مادیت میں نایاب ہے۔فقیر کی سعادت مندی ہے کہ حضرت پیر سید شاہ حسین شاہ بخاری پچھمائی کی معیت میں حرمینِ طیبین (مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ) کے مقدس سفر میں کئی دن گزارنے کا موقع ملا۔ ان ایام میں اُن کے اخلاق و عادات کا جو حسین نقش دل پر ثبت ہوا، وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی بافیض صحبت، بامحبت گفتگو اور دل آویز ادائیں، دلوں میں سرور پیدا کرتی ہیں۔ وہ محفل کے ہر فرد کے ساتھ ایسے گھل مل جاتے ہیں کہ گویا سب اُن کے دیرینہ دوست ہوں۔حضرت شاہ صاحب کی ذاتِ گرامی جہاں ایک روحانی خانوادے کی امین ہے، وہیں ایک دردمند دل رکھنے والے مصلحِ اخلاق بھی ہیں۔ اُن کا مقصدِ حیات یہی ہے کہ انسانوں کے دلوں میں محبت، اخلاص اور بھائی چارہ پیدا ہو، دلوں سےنفرت و کینہ مٹ جائے، اور ہر شخص اپنے عمل و کردار سے دین کی
سچائی کو ظاہر کرے۔ایسے بزرگوں کی صحبت، گویا دنیا میں جنت کی فضا محسوس کراتی ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت پیر سید شاہ حسین شاہ بخاری پچھمائی کو مزید صحت و عافیت، عزت و رفعت، اور خدمتِ دین میں مزید برکتیں عطا فرمائے، اور ہمیں اُن کے اخلاقِ حسنہ سے فیضیاب ہونے کی توفیق بخشے۔
آمین بجاہ سید المرسلین [صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم]
محمدشمیم احمد نوری مصباحی
{نزیل:مدینہ منورہ}
خادم: دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف،باڑمیر(راجستھان)