اللہ کے رسول ﷺ پوری کائنات کے لیے رحمت بن کر آئے : محمد رضا علیمی(ایم.اے.بی.ایڈ.)
پریس ریلیز
ببھنان بستی
نیپال اردو ٹائمز
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے 1500 ویں یوم ولادت کے موقع پر شہر ببھنان ضلع بستی مرکزی ادارہ میں جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم نہایت ہی امن و شانتی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی قیادت کر رہے دارالعلوم اہلسنت غوثیہ صدیقیہ ببھنان کے صدر المدرسین حضرت علامہ حافظ قاری محمد رضا علیمی(ایم.اے.بی.ایڈ.) نے اس موقع پر عوام و خواص و برادر وطن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت پوری انسانیت کے لیے خوشی کی گھڑی ہے ، مکہ اور عرب میں آپ کی آمد سے قبل پوری دنیا تاریکیوں میں ڈوبی ہوئی تھی ، ہر چہار جانب طاقت کا زور تھا عورتوں اور بچیوں کو زندہ دفن کردیا جاتا تھا، ایسے دور میں محسن انسانیت کی آمد پوری کائنات کے لیے مژدہ جانفزا بن گئی۔ مزید علیمی صاحب نے کہا کہ آج پوری دنیا فتنہ و فساد کے میدان میں ہے لیکن پیغمبر اسلام نے جو امن و سلام کا درس دیا ہے اگر اس کو اپنا لیا جائے تو پوری دنیا میں امن و سکون قائم ہو جائے گا ۔ مولانا علیمی نے اپنے خطاب میں حکومتی کارندوں و ببھنان واسیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کی سرزمین گنگا جمنی تہذیب ہے اور عید میلاد النبی نہ صرف مسلمانوں کی عید ہے بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے تمام مذاہب فکر کی عید ہے ۔ جلوس محمدی ببھنان میں اپنی پرانی شاہراہوں سے گشت کرتا ہوا دارالعلوم اہل سنت غوثیہ صدیقیہ میں اختتام پذیر ہوا ، جہاں شفاف پانی اور شیرینی بھی تقسیم کی گئی اس موقع پر قرب و جوار کے علما،ائمہ و عوام کے ساتھ سیاسی لیڈران بھی شریک رہے ۔