Feb 7, 2026 06:13 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
انعامی مسابقہ شاخہائے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف بحسن و خوبی اختتام پذیر

انعامی مسابقہ شاخہائے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف بحسن و خوبی اختتام پذیر

29 Dec 2025
1 min read

انعامی مسابقہ شاخہائے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف بحسن و خوبی اختتام پذیر

پریس ریلیز

نیپال اردو ٹائمز بیورو

سہلاؤ شریف/باڑمیر (پریس ریلیز)

مغربی راجستھان کی عظیم و ممتاز اور علاقۂ تھار کی دینی، عصری، تعلیمی و تربیتی مرکزی درسگاہ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف کی تعلیمی شاخوں (مکاتب) کے طلبہ کے درمیان محبانِ جہانیاں کمیٹی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا عظیم الشان، بامقصد اور ہمہ جہت انعامی مسابقہ گزشتہ کل 7 رجب المرجب 1447ھ بمطابق 28 دسمبر 2025ء، بروز اتوار نہایت خوش اسلوبی، نظم و ضبط اور حسنِ انتظام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ مسابقہ دارالعلوم کے مہتمم و شیخ الحدیث، خانقاہِ عالیہ بخاریہ سہلاؤ شریف کے صاحبِ سجادہ نورالعلماء پیرِ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی سرپرستی اور اساتذۂ دارالعلوم کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔یہ انعامی مسابقہ دو نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلی نشست صبح 9 بجے سے دوپہر تقریباً 12 بجے تک جاری رہی، جس میں تین الگ الگ سیشنوں کے تحت تلاوتِ قرآنِ مجید، دینیات اور املاء نویسی و صفحہ آرائی کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ تلاوتِ قرآنِ مجید کے مقابلے کی نگرانی حضرت مولانا قاری غلام رسول صاحب قادری (خطیب و امام، جامع مسجد ایٹادہ) اور حضرت مولانا الحاج علم الدین صاحب قادری اشفاقی (صدرالمدرسین، دارالعلوم اہلسنت فیضانِ ولایت شاہ، کونرا) نے فرمائی، جبکہ دینیات کے مقابلے کے فیصل حضرت مولانا دلاور حسین صاحب قادری (صدرالمدرسین، دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ) اور حضرت مولانا عبدالرؤف صاحب قادری انواری جامعی (مدرس، دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ) مقرر تھے۔ اسی طرح املاء نویسی و صفحہ آرائی کے مقابلے کی نگرانی حضرت مولانا عبدالسُّبحان صاحب انواری مصباحی (مدرس، دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ) اور حضرت مولانا عبدالحلیم صاحب انواری نے انجام دی۔ اذانِ ظہر سے قبل تینوں مقابلوں کے نتائج نہایت شفاف انداز میں مرتب کر لیے گئے۔

بعد ازاں نمازِ ظہر کے بعد تا قبل اذانِ عصر دوسری نشست منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام کے تاثرات، اصلاحی بیانات اور تقسیمِ انعامات کا پُروقار پروگرام حضرت مولانا محمد حسین صاحب قادری انواری (نگراں:شاخہائے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ) کی نظامت میں انجام پایا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد دارالعلوم اور اس کی شاخوں کے چند ہونہار و خوش گلو طلبہ نے نعت و منقبت پیش کی۔ اس موقع پر واصفِ شاہِ ہدیٰ حضرت مولانا قاری محمد جاوید صاحب سکندری انواری اور مداحِ رسول ﷺ حضرت مولانا حافظ برکت علی صاحب برکاتی انواری احسنی نے نہایت خوش الحانی سے نعت و منقبت کے اشعار پیش کر کے محفل کو روحانی کیفیت سے سرشار کر دیا۔

دارالعلوم کے سینئر مدرس حضرت مولانا خیر محمد صاحب قادری انواری نے مختصر مگر نہایت فکر انگیز اصلاحی بیان فرمایا، جس کے بعد حضرت مولانا الحاج علم الدین صاحب قادری اشفاقی اور حضرت مولانا قاری غلام رسول صاحب قادری اشفاقی نے اس انعامی مسابقہ، دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ اور اس کی تعلیمی شاخوں کی دینی و تعلیمی خدمات کے حوالے سے اپنےگراں قدر تاثرات پیش کیے۔ اس کے بعد دارالعلوم کے ناظمِ تعلیمات، ادیبِ شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے مسابقہ کی ضرورت و اہمیت پر جامع، مدلل اور ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے شاخہائے دارالعلوم کے اساتذہ، طلبہ، ذمہ داران اور بالخصوص محبانِ جہانیاں کمیٹی کو اس کامیاب اور مثالی مسابقہ کے انعقاد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے اساتذہ کی بھرپور ستائش کی، نیز ان طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی فرمائی جو پوری تیاری کے باوجود پوزیشن حاصل نہ کر سکے، اور انہیں مزید محنت و استقامت کی تلقین کی۔

آخر میں دارالعلوم کے مہتمم و شیخ الحدیث نورالعلماء پیرِ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے ناسازیِ طبع کے باوجود نہایت اختصار، سنجیدگی اور اثر انگیزی کے ساتھ محبانِ جہانیاں کمیٹی کے ذمہ داران، منتظمین، اساتذہ اور تمام شرکاء کو مسابقہ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی، اپنی قیمتی دعاؤں سے نوازا اور نہایت جامع و مانع نصیحتیں ارشاد فرمائیں۔

مسابقہ میں تلاوتِ قرآنِ مجید کے مقابلے میں پہلی پوزیشن محمد منیر بن نور محمد، متعلم مدرسہ فیضانِ غریب نواز، شہدادکاپار، تحصیلگڈراروڈ، ضلع باڑمیر نے حاصل کی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ دوسری پوزیشن برکت علی بن محمد عباس، متعلم مدرسہ فیضان سید کبیر احمد شاہ بخاری، رباسر، تحصیل دھناؤ، ضلع باڑمیر کے حصے میں آئی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور پچیس سو روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ تیسری پوزیشن محمد مشتاق بن دوست محمد، متعلم مدرسہ گلشنِ غوثیہ، ہینڈیا، تحصیل رامسر، ضلع باڑمیر نے حاصل کی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور گیارہ سو روپے نقد سے نوازا گیا۔

دینیات کے مقابلے میں پہلی پوزیشن جمیل خان بن امید علی، متعلم مدرسہ فیضِ غوثیہ، تالسر، تحصیل دھناؤ، ضلع باڑمیر نے حاصل کی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ دوسری پوزیشن محمد سلمان بن محمد اسماعیل، متعلم جامعہ مجددیہ فضلِ معصومیہ، درسوں کا پاڑہ، جانپالیہ، تحصیل سیڑوا، ضلع باڑمیر نے حاصل کی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور پچیس سو روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ تیسری پوزیشن محمد صدیق بن امیر علی، متعلم مدرسہ فیضانِ محمودی، عمر محلہ، ہرپالیہ، تحصیل سیڑوا، ضلع باڑمیر کے حصے میں آئی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور گیارہ سو روپے نقد دیے گئے۔اسی طرح املاء نویسی و صفحہ آرائی کے مقابلے میںپہلی پوزیشن محمد شوکت بن محمد یامین، متعلم مدرسہ فیضِ قادریہ، ہرپالیہ، تحصیل سیڑوا، ضلع باڑمیر نے حاصل کی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ دوسری پوزیشن محمد فاروق بن محمد عباس، متعلم مدرسہ فیضِ غوثیہ، ہینڈیا، تحصیل رامسر، ضلع باڑمیر نے حاصل کی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور پچیس سو روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ تیسری پوزیشن محمد عیدل بن سخی محمد، متعلم مدرسہ فیضانِ محمودی، عمر محلہ، ہرپالیہ، تحصیل رامسر، ضلع باڑمیر نے حاصل کی، جنہیں شیلڈ، توصیفی سند اور گیارہ سو روپے نقد سے نوازا گیا۔

اس انعامی مسابقہ میں مجموعی طور پر 38 تعلیمی شاخوں کے 98 طلبہ نے اندراج کرایا، جن میں سے 87 ہونہار طلبہ نے عملی طور پر شرکت کی- ہر عنوان میں اول تا سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے ساتھ ساتھ تمام شرکاء کو بطورِ تشجیع شیلڈ اور کتاب “انوارِ شریعت” پیش کی گئی۔ نیز شاخہائے دارالعلوم کے مدرسینِ کرام، ان کے ہمراہ تشریف لانے والے ذمہ داران اور دارالعلوم کے جملہ اساتذۂ کرام کا یہاں کی مروجہ ثقافت کے مطابق سندھی اجرک اوڑھا کر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

مسابقہ کا اجمالی نتیجہ ناظمِ مسابقہ حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے مجمع کے سامنے پیش کیا اور اعلان فرمایا کہ تفصیلی نتائج شاخہائے دارالعلوم کے واٹس ایپ گروپ پر نشر کر دیے جائیں گے۔ صلوٰۃ و سلام اور نورالعلماء پیرِ طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی دعا پر یہ عظیم الشان دینی و تعلیمی پروگرام نہایت حسن و خوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

مذکورہ اطلاع محبان جہانیاں کمیٹی کے میڈیا انچارج حضرت مولانا محمد شمار علی قادری انواری نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا-

Nepal Urdu Times

www.nepalurdutimes.com

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383