بگولہوا سدھارتھ نگر میں عرسِ انجم العلماء ۲۷ صفر کو تزک و احتشام کے ساتھ منایا جائے گا۔
نیپال اردو ٹائمز
سدھارتھ نگر (نمائندہ خصوصی)
مشہور و معروف عالمِ دین، مفسرِ قرآن، سند المحققین، خلیفۂ حضور مفتی اعظم ہند حضرت علامہ سید احمد انجم عثمانی علیہ الرحمہ کا 22واں سالانہ عرسِ مبارک نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ 27 صفر المظفر 1447ھ مطابق 22 اگست 2025ء، بروز جمعہ آستانۂ حضور انجم العلماء بگولہوا شریف میں پیرطریقت، گل گلزار عثمانیت، شہزادۂ انجم العلماء حضرت علامہ ومولانامحمداشرف الجیلانی عرف شمیم انجم صاحب قبلہ سجادہ نشین:خانقاہ عالیہ قادریہ چشتیہ عثمانیہ قاضی بگولہوا شریف،سدھارتھ نگر کی سرپرستی میں منایا جائے گا۔ حضرت انجم العلماء کی شخصیت برصغیر میں علمی، روحانی اور اصلاحی اعتبار سے ایک درخشاں ستارے کی حیثیت رکھتی ہے۔
آپ نے مختلف اسلامی علوم و فنون میں مہارت حاصل کر کے قرآن و سنت کی روشنی میں عوام اہلِ سنت کی راہنمائی فرمائی۔ علمِ تفسیر، فقہ، عقائد اور اصلاحِ معاشرہ میں آپ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ آپ کو جہاں حسب و نسب کا شرف حاصل تھا، وہیں ذاتی طور پر علم، عمل، تقویٰ، جود و سخا اور اخلاص و للّٰہیت میں بھی بلند مقام پر فائز تھے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی نہ صرف پورے ملک میں بلکہ بیرونِ ہند بھی آپ کا فیضان جاری و ساری ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں آپ کے فیض یافتگان علمِ دین، محبتِ رسول ﷺ اور مسلکِ اعلیٰ حضرت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔
عرسِ انجم العلماء کی تیاریوں کا سلسلہ عروج پر ہے۔ انتظامیہ کے مطابق عرس پاک میں مختلف ریاستوں سے نامور علماء، مشائخ، نعت خوان، شعرائے اہلِ سنت، مدارس و خانقاہوں کے ذمہ داران اور عاشقانِ اہلِ سنت کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔
عرسِ مبارک میں جن مشاہیرِ اہلِ سنت کی خصوصی شرکت متوقع ہے ان میں سرفہرست یہ شخصیات شامل ہیں:پیرِ طریقت، نور المشائخ، اولادِ غوثِ اعظم حضرت علامہ پیر سید عبد الرب عرف چاند بابو(سجادہ نشین، خانقاہِ عالیہ فردوسیہ سبحانیہ،
بہری شریف)خلیفۂ شیخ الاسلام حضرت علامہ مفتی شمس الدین قادری فیضی(مرکزی دارالافتا،بہار شاہ، فیض آباد،)خلیفۂ تاج الشریعہ، فاضلِ بغداد حضرت علامہ مفتی محمد مختار الحسن صاحب قبلہ(شیخ الحدیث، دارالعلوم نورالحق، چرہ محمد پور، فیض آباد)شہزادۂ مختار الاولیاء، نبیرۂ شعیب الاولیاء
حضرت پیر مسعود احمد رضا علوی الہاشمی
(سجادہ نشین، خانقاہِ شعیب الاولیاء، براؤں شریف)
نباضِ قوم و ملت حضرت علامہ مولانا ذاکر علی چودھری مشہور نعت گو شاعرجناب اشتیاق نیپالی اس موقع پر مختلف علمی، روحانی اور اصلاحی بیانات کے علاوہ نعت و منقبت، درود و سلام اور دعائیہ نشستوں کا بھی اہتمام ہوگا۔ اس موقع پر پڑوسی ملک نیپال سے شائع ہونے والے مقبول عوام وخواص ہفت روزہ اخبار"نیپال اردو ٹائمز"کے خصوصی شمارہ"انجم العلماء نمبر" کا اجراء بھی عمل میں آئےگا-
مقامی سطح پر بھی علمائے کرام، مشائخِ عظام، ائمۂ مساجد، قرّاء و نعت خوانانِ کرام کی بڑی تعداد کی شرکت یقینی ہے۔
عرسِ انجم العلماء کی یہ روح پرور محفل اہلِ سنت کے لیے نہ صرف تجدیدِ عہدِ وفا کا ذریعہ ہوگی بلکہ عقائدِ حقہ، محبتِ رسول ﷺ، اور صراطِ مستقیم پر استقامت کے پیغام کو عام کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔