نبی کریم نے اپنی تعلیمات میں ،بھائی چارہ ،یکجہتی اور ایک دوسرے کو برداشت کا درس دیا۔ مولانا مفتی کمال احمد علیمی
عاشقان رسول کمیٹی فردہاں کے زیر اہتمام عید میلادالنبی کانفرس کا انعقاد
سنت کبیر نگر (اخلاق احمد نظامی)
عاشقان رسول کمیٹی موضع فردہاں ہوسٹ گلریہا مہنداول کے زیرِاہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد گاؤں کی عیدگاہ کے متصل پنچایت گھر کے سامنے منعقد کیا گیا، جس میں علماء ،مشائخ، قائدین و کارکنان اور عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔
پروگرام کی سرپرستی مولانا الحاج محمد شمس الدین نوری سابق رئیس الاساتذہ دارالعلوم اہلسنت انوار الاسلام مہدیوا نانکار وصدارت مولانا جمیل احمد قادری پرنسپل دارالعلوم اہلسنت الجامعتہ السبحانیہ تنہواں نے کی جبکہ نظامت کی ذمہ داری مولانا محمد ہارون چشتی نے انجام دی کانفرنس کا آغاز مولانا قاری محمد مسعود رضا علیمی تنہواں نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اس کے بعد ریاست کے مختلف علاقوں سے تشریف لائے نامور شعراء ونعت خواں بالترتیب سہراب قادری کچھوچھوی ،ندیم رضا اسماعیلی ،نور احمد نور اورغلام غوث ممبئی نے ہدیۂ عقیدت بحضور سرورِ کائنات ﷺ پیش کیا۔
تاہم مولانا اظہر الدین قادری پرنسپل دارالعلوم اہلسنت مدینتہ العلوم پچپوکھری بازار خلیل آباد نے موضوع کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی یا جشنِ میلاد النبی ﷺ ایک اسلامی تہوار یا خوشی کا دن ہے جو اکثر مسلمان مناتے ہیں۔ یہ دن مسلمان ہر سال اپنے نبی محمد ﷺ کی ولادت کی مناسبت سے مناتے ہیں۔ یہ ربیع الاوّل کے مہینہ میں آتا ہے جو اسلامی تقویم کے لحاظ سے تیسرا مہینہ ہے۔ ویسے تو میلاد النبی ﷺ اور محافلِ نعت کا انعقاد پورا سال ہی جاری رہتا ہے، لیکن خاص ماہِ ربیع الاوّل میں عید میلاد النبی ﷺ کا تہوار پوری مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا جاتا ہے۔
مولانا قادری نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان خود شناسی سے خدا شناسی کا سفر طے کریں، اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں اور اپنے سماج سے ہر قسم کی برائی کو ختم کرکے ایک مثالی معاشرہ قائم کرنے کی کوشش کریں جس میں امن سلامتی برداشت رواداری اور اخوت، سخاوت اور محبت جیسی خوبیاں موجود ہوں۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی و خطیب فضیلتہ الشیخ مولانا مفتی کمال احمد علیمی استاذ و مفتی دارالعلوم علیمیہ جمداشاہی بستی نے کہا کہ جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعات کی تاریخی خوشی میں مسرت و شادمانی کا اظہار ہے اور یہ ایسا مبارک عمل ہے جس سے ابولہب جیسے کافر کو بھی فائدہ پہنچا۔ حضور سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود بھی اپنے یومِ ولادت کی تعظیم فرماتے پیر کے دن روزہ رکھتے
مولانا علیمی نے کہاکہ جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عمل مسلمانوں کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کی رغبت دلاتا ہے اور قلب و نظر میں ذوق و شوق کی فضاء ہموار کرتا ہے، صلوۃ و سلام بذات خود شریعت میں بے پناہ نوازشات و برکات کا باعث ہے۔ اس لیے جمہور اُمت نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اِنعقاد مستحسن سمجھا۔
مولانا علیمی نے مزید کہا کہ خیر البشر کی ذات اقدس اس کائنات کے لئے باعث رحمت تو ہے ہی لیکن انہیں ہر شعبے میں وہ معراج حاصل ہے، جس کی مثال ہی نہیں ملتی، آپ ہر شعبہ ہائے زندگی میں عام انسان کے لئے بہترین عملی نمونہ نظر آئے۔ آپﷺ نے علم و نور کی ایسی شمعیں روشن کیں جس نے عرب جیسے علم و تہذیب سے عاری معاشرے میں جہالت کے اندھیروں کو ختم کر کے اسے دنیا کا تہذیب یافتہ معاشرہ بنا دیا، آپﷺ نے اپنی تعلیمات میں امن ،اخوت ،بھائی چارہ ،یکجہتی اور ایک دوسرے کو برداشت کا درس دیا۔ جہاں ایک طرف اس ماہ ہم آپﷺ کی ولادت کا جشن مناتے ہیں وہیں ہم پر لازم ہے کہ ہم آپ ﷺکی تعلیمات پر عمل کریں تبھی ہم آپﷺ سے محبت کا دعویٰ کرسکتے ہیں،
مولانا علیمی نے اخیر میں کہا کہ آج کے اس پر فتن دور میں اگر ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو بھول کر ملت اسلامیہ کے عظیم مفاد میں اکھٹے ہوجائیں اور آپﷺ کی تعلیمات کو اپنے لیے مشعل راہ بنالیں تو گھر کی دہلیز سے ریاست اور عالم اسلام کی مضبوطی تک تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔
کانفرنس میں مولانا رمضان علی قادری ، مولانا قاری غلام جیلانی رضوی حافظ صاحب عالم سبحانی ،قاری اخلاق احمد نظامی ،حافظ اختر رضا سبحانی ،مولانا عبد الاحد سبحانی ،حافظ نور عالم سبحانی اور حافظ غلام علی سبحانی کے علاوہ کثیر تعداد میں فرزندان توحید و رسالت موجود تھے پروگرام کے آخر میں کانفرس کے کنوینر حافظ ارشاد احمد نوری و دیگر کمیٹی کے عہدیداران نے تمام حاضرین کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور جملہ منتظمین کو شاندار انتظامات پر مُبارکباد پیش کی۔ پروگرام کا اختتام آقا کریم حضورﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام کی گونج اور تمام امت مسلمہ کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کے ساتھ ہوا