Oct 23, 2025 07:42 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
مدرسہ فیضانِ رضا سینہار میں جشنِ غوثُ الوریٰ تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا

مدرسہ فیضانِ رضا سینہار میں جشنِ غوثُ الوریٰ تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا

09 Oct 2025
1 min read

مدرسہ فیضانِ رضا سینہار میں جشنِ غوثُ الوریٰ تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا

سینہار/باڑمیر (پریس ریلیز):

مدرسہ فیضانِ رضا سینہار میں گیارہویں شریف کے موقع پر عظیم الشان جشنِ غوثُ الوریٰ مورخہ 7 اکتوبر 2025ء بروز منگل (بدھ کی رات)نہایت عقیدت و احترام اور تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ روح پرور محفل علم و عرفان، نعت و منقبت اور محبتِ اولیاء کے حسین امتزاج سے معمور رہی۔ علمائے کرام، مشائخِ عظام، طلبہ و نوجوانانِ اہلِ سنت اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کر کے اس محفل کو یادگار بنا دیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حضرت مولانا عبد الرؤف صاحب انواری نے حاصل کی۔ بعد ازاں مدرسہ فیضانِ رضا سینہار اور دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے طلبہ نے نعت، منقبت اور تقاریر کے روح پرور گلدستے پیش کیے، جنہیں حاضرینِ مجلس نے بے حد پسند کیا۔ ننھے طلبہ کے پُرجوش انداز اور خوبصورت آوازوں نے محفل کا سماں باندھ دیا۔

معروف نعت خواں بلبلِ باغِ مدینہ حضرت مولانا قاری محمد جاوید صاحب سکندری انواری اور واصف شاہ ہدی حضرت حافظ عبدالمجید صاحب انواری میڑتا سٹی نے نعت و منقبت کے نغماتِ عقیدت پیش کیے تو فضا درود و سلام کی صداؤں سے گونج اُٹھی اور محفل وجد و سرور سے معمور ہو گئی۔

اس موقع پر حضرت مولانا اکبر علی سہروردی نے اصلاحی خطاب فرمایا اور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ و اخلاقِ حسنہ کو اہلِ ایمان کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

خطیب اہلسنت حضرت مولانا جمال الدین صاحب انواری،نائب صدر المدرسین دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف نے اپنے خطاب میں فکرِ آخرت، اصلاحِ نفس اور عملی زندگی میں دینی اقدار کے نفاذ پر زور دیا۔

محفل کا صدارتی خطاب شہزادۂ مفتیِ تھار حضرت علامہ مولانا عبدالمصطفیٰ صاحب نعیمی (سربراہِ اعلیٰ دارالعلوم انوارِ غوثیہ سیڑوا) نے فرمایا۔ آپ نے حضور غوثِ اعظم سیدنا عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی حیات و تعلیمات پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غوثِ پاک نے امت کو علم، 

عمل، اخلاص اور خدمتِ دین کی راہ دکھائی۔ والدین کو نصیحت فرمائی کہ وہ اپنی اولاد کو دینی و دنیاوی دونوں تعلیمات سے آراستہ کریں تاکہ ان کی زندگیوں میں نورِ ایمان اور اخلاق کی روشنی قائم رہے۔

مزید فرمایا کہ "اخلاقِ مصطفیٰ ﷺ مومن کا سب سے قیمتی زیور ہے، اور جس کے اندر اخلاق نہیں، وہ ایمان کی روح سے محروم ہے۔"

محفل کی نظامت کے فرائض نقیبِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد حسین صاحب انواری اور مولانا ریاض احمد سکندری انواری نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیے۔

محفل میں شریک معزز مہمانانِ کرام میں حضرت پیر سید ابراہیم شاہ بخاری مدظلہ العالی، حضرت سید جمن علی شاہ بخاری، 

مولانا الحاج سخی محمد قادری (چیف خلیفہ جیلانی جماعت)، حضرت مولانا شمار علی قادری انواری (میڈیا انچارج، محبانِ جہانیاں کمیٹی دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف)، حضرت مولانا عبدالرؤف انواری، حضرت مولانا محمد اسماعیل انواری، حضرت مولانا عبدالمطلب سکندری انواری، مولانا محمد علی سکندری اور جیلانی جماعت باڑمیر کے دیگر علمائے کرام و خلفاء شامل تھے۔

اختتامی لمحات میں صلوٰۃ و سلام کی پرنور صداؤں سے فضا معطر ہو گئی، اور حضرت علامہ عبدالمصطفیٰ صاحب نعیمی نے دعا فرمائی۔ آپ کی دعا میں امتِ مسلمہ کی بھلائی، عالمِ اسلام میں امن و محبت کے فروغ اور حضور غوثِ پاک رضی اللہ عنہ کے فیوض و برکات کے عام ہونے کی خصوصی دعائیں شامل تھیں۔

رات کے پروگرام میں علاقہ کے مشہور نعت خواں حضرات نے سندھی زبان میں مولودِ شریف پیش کر کے محفل کو مزید روحانی رنگ عطا کیا۔

یہ روح پرور پروگرام اہلِ سنت کی محبتِ اولیاء، وابستگیِ غوثِ اعظم رضی اللہ عنہ اور عقیدتِ اولیاء کا حسین مظہر ثابت ہوا۔ 

مذکورہ اطلاع مدرسہ فیضانِ رضا، سینہار،تحصیل:سیڑوا،

ضلع:باڑمیر،راجستھان کے مدرس حضرت مولانا محمد حسن رضا صاحب فیضانی انواری نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا-

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383