Oct 23, 2025 04:25 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
سعادت گنج میں "بزمِ ایوانِ غزل" کے زیرِ اہتمام عظیم الشان سالانہ نعتیہ طرحی مشاعرہ

سعادت گنج میں "بزمِ ایوانِ غزل" کے زیرِ اہتمام عظیم الشان سالانہ نعتیہ طرحی مشاعرہ

09 Oct 2025
1 min read

سعادت گنج میں "بزمِ ایوانِ غزل" کے زیرِ اہتمام عظیم الشان سالانہ نعتیہ طرحی مشاعرہ

بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) سعادت گنج کی نہایت ہی فعال ادبی تنظیم "بزمِ ایوانِ غزل" کے زیرِ اہتمام ایک شاندار اور بے حد کامیاب سالانہ نعتیہ طرحی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس یادگاری، کامیاب اور تاریخی نعتیہ مشاعرے کی صدارت بھارت کے عزت مآب صدرِ جمہوریہ صاحب کے ہاتھوں سند یافتہ سینئر مدرس اور بہترین شاعر عدیل منصوری نے فرمائی، وہیں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ہزیل احمد ہزیل، مہمانِ ذی وقار کے طور پر عاصی چوکھنڈیوی اور مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے قیوم بہٹوی نے شرکت کی۔

اس حسین اور پُر وقار مشاعرے کی نظامت کی ذمہ داری طنز و مزاح کے مشہور شاعر بیڈھب بارہ بنکوی نے اپنے منفرد، دلکش اور جداگانہ انداز میں انجام فرمائی۔ نعتیہ مشاعرے کا آغاز صغیر قاسمی نے حمدِ باری تعالیٰ سے کیا جس نے مشاعرے کو روحانی فضا سے بھر دیا۔ اس کے بعد نعتِ پاک کے دلنشین اور بے انتہا خوبصورت مصرعہ طرح:

"زندگی کٹ جائے ذکرِ مصطفیٰ کرتے ہوئے"

پر باقاعدہ سالانہ نعتیہ طرحی مشاعرے کا آغاز ہوا۔ مشاعرہ نہایت کامیاب رہا۔

پیشِ خدمت ہیں چند منتخب اشعار جو کہ شعرائے کرام اور سامعین کے ذریعہ بے حد پسند کیے گئے اور داد و تحسین سے نوازے گئے۔

لے چلیں دائی حلیمہ آمنہ کے لعل کو

ظلمتوں میں ماہِ تاباں سے ضیا کرتے ہوئے

 عدیل منصوری

اس قدر ہم سے محبت تھی کہ دنیا سے گئے

ہم گنہگاروں کا آقا تذکرہ کرتے ہوئے

 ذکی طارق بارہ بنکوی

جب پڑھی سورتِ شفا تو دی خدا نے تب شفا

یوں تو اک عرصہ ہوا ہم کو دوا کرتے ہوئے

بیڈھب بارہ بنکوی

عہد نامہ جب سے میں پڑھنے لگا ہوں دوستو

شرم سی محسوس ہوتی ہے خطا کرتے ہوئے

 

عاصی چوکھنڈیوی

ذکر سے ان کے دل اپنا آئینہ کرتے ہوئے

عمر کٹ جائے محمدؐ سے وفا کرتے ہوئے

 ہزیل احمد ہزیل

ان شعراء کے علاوہ قیوم بہٹوی، اسلم سیدن پوری، قمر سکندرپوری، صغیر قاسمی، ابوذر انصاری، دانش رامپوری، پروفیسر ظہیر رامپوری، کلیم طارق، اثر سیدن پوری، راشد ظہور، بلال رونق بھونڈی، مشتاق بزمی، ظہیر انصاری سیدن پوری، اقبال بانسوی، آفتاب جامی، نعیم سکندرپوری، شفیق رامپوری، مصباح رحمانی، قاری ابو ہریرہ احمد، سحر ایوبی، ماہر بارہ بنکوی، اسرار حیات رامپوری اور ارشد بارہ بنکوی نے بھی اپنا طرحی کلام پیش کیا اور سامعین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔

سامعین میں آئیڈیل انٹر کالج کے مینیجر محمد مستقیِم انصاری، ماسٹر محمد وسیم انصاری، ماسٹر محمد قسیم انصاری، ماسٹر محمد حلیم انصاری اور ماسٹر محمد راشد انصاری کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔

"بزمِ ایوانِ غزل" کا آئندہ ماہانہ طرحی مشاعرہ 26 اکتوبر کو درج ذیل مصرع پر منعقد ہوگا:

"تو بھی ہو جائے گا بدنام مرے ساتھ نہ چل"

قافیہ: بدنام

ردیف: مرے ساتھ نہ چل

یہ مشاعرہ بھی آئیڈیل انٹر کالج میں ہی منعقد ہوگا۔ اس اعلان کے ساتھ مشاعرے میں شریک ہونے والے تمام شعراء اور سامعین کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بزم کے صدر ذکی طارق بارہ بنکوی نے محفل کا اختتام فرمایا۔

       Abushahma

غزل

چاہئے تکمیل کی منزل کو پانے کے لئے

مجھ کو اک کردارِ نسوانی فسانے کے لئے

اب فقط اس زندگانی کے سوا اے میرے یار

اور باقی کیا بچا تجھ پر لٹانے کے لئے

تیرے بن جی ہی نہیں پاؤں گا اب یہ زندگی

کیا کروں آخر تجھے اپنا بنانے کے لئے

آپ کو حساس نظریں رکھنی ہوں گی آنکھ میں

میرے دل کی کیفیت کو جان پانے کے لئے

جسم کی قربت سے رہنا ہوگا جاناں دور دور

زندگی بھر پیار کی لذت اٹھانے کے لئے

میں نے جس کے واسطے ٹھکرا دیا سنسار کو

اف اسی نے مجھ کو چھوڑا ہے زمانے کے لئے

لے لو اپنے خوبرو  لب سے ہمارا نام بھی

تم ہمارے نام کی قیمت بڑھانے کے لئے

         ذکی طارق بارہ بنکوی

Zaki Tariq Barabankavi

Saadatganj

Barabanki.up.india

   

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383