Sep 21, 2026 05:31 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
گاگریا و علاقۂ گفن سے سہلاؤ شریف تک نکلا عظیم الشان جلوسِ محمدی ﷺ، جگہ جگہ والہانہ استقبال

گاگریا و علاقۂ گفن سے سہلاؤ شریف تک نکلا عظیم الشان جلوسِ محمدی ﷺ، جگہ جگہ والہانہ استقبال

27 Aug 2026
1 min read

گاگریا و علاقۂ گفن سے سہلاؤ شریف تک نکلا عظیم الشان جلوسِ محمدی ﷺ، جگہ جگہ والہانہ استقبال

سہلاؤ شریف،باڑمیر(پریس ریلیز)

12 ربیع الاول 1448ھ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر مغربی راجستھان کی عظیم وممتاز اور علاقۂ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے وادیِ رحمت وانوار میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ نہایت ادب، عقیدت، احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ربیع النور شریف کے آغاز ہی سے علاقۂ تھار کی مسلم آبادیوں میں جشنِ عید میلادالنبی کی تیاریاں شروع ہوگئی تھیں، مساجد، مدارس، گھروں اور مختلف مقامات پر چراغاں اور سجاوٹ کا اہتمام کیا گیا، جبکہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر مختلف علاقوں میں جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد ہوا۔

جشنِ میلاد کے سلسلے میں بعد نمازِ فجر اجتماعی قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ بعدہ محبانِ جہانیاں کمیٹی دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ و غلامانِ بخاری کمیٹی گاگریا کے بینر تلے گاگریا سے سہلاؤ شریف تک، جبکہ غلامانِ بخاری کمیٹی علاقۂ گفن کے زیرِ اہتمام رمضان کی گفن سے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف تک عظیم الشان جلوسِ محمدی ﷺ نکالا گیا۔ راستے میں مختلف مقامات سے آنے والے عاشقانِ رسول ﷺ کے قافلے وجلوس بھی ان مرکزی جلوسوں میں شامل ہوتے گئے، جس سے جلوس کی شان و شوکت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔

راستے بھر درود و سلام، تکبیر و رسالت اور ’’آقا کی آمد مرحبا‘‘ جیسے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ شرکائے جلوس نے انتہائی ادب و احترام کے ساتھ اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ جلوس کے شرکاء جب دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے صدر دروازے پر پہنچے تو دارالعلوم کی انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور علاقائی عوام کی جانب سے پھولوں کی بارش اور والہانہ انداز میں شاندار استقبال کیا گیا۔

جلوس کے تمام شرکاء دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ کے وادیِ نور میں منعقدہ عظیم الشان جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے جلسے میں شریک ہوئے۔ جلسے کا آغاز دارالعلوم کے ایک ہونہار طالب علم کی پُرسوز اور دلنشیں آواز میں تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں دارالعلوم کے طلبہ نے نہایت خوبصورت اور مؤثر انداز میں نعتیہ کلام پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور کیا۔

اس موقع پر بلبلِ باغِ مدینہ حضرتمولانا قاری محمد جاوید صاحب سکندری وواصف شاہ ہدی حضرت مولانا برکت علی برکاتی احسنی نے اپنی خوبصورت اور پرسوز آواز میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام کا نذرانہ پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور خوب سراہا۔

بعد ازاں حضرت مولانا جمال الدین صاحب انواری، نائب صدر دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ نے نہایت جامع اور مؤثر خطاب فرمایا پھر پیرِ طریقت، نورالعلماء حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری، مہتمم دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ و سجادہ نشین خانقاہِ عالیہ بخاریہ سہلاؤ شریف نے عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے سرشار سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ کے موضوع پر ایمان افروز خطاب فرمایا۔ آپ نے سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی آمدِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت اور اصلاح کا پیغام لے کر آئی نورالعلماء حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری نے جلسے کے موقع پر جلوسِ محمدی ﷺ میں شریک تمام عاشقانِ رسول ﷺ، علماء و ساداتِ کرام، ائمہ و مشائخ، دارالعلوم کے اساتذہ و طلبہ، علاقائی عوام اور بالخصوص جلوس کے منتظمین و متعلقہ کمیٹیوں کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے جلوس کے پُرامن، باوقار اور منظم انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جشنِ میلادالنبی ﷺ کے اس عظیم الشان پروگرام کی نظامت کے فرائض حضرت مولانا محمد حسین صاحب انواری، نگران شاخہائے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ نے نہایت حسن و خوبی کے ساتھ انجام دیے۔

جلسے کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا نورالعلماء حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری کی دعا کے ساتھ یہ بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد شرکائے جلسہ میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

جشنِ میلادالنبی ﷺ کے اس عظیم الشان پروگرام میں ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت نے علاقۂ تھار میں محبت و عقیدتِ رسول ﷺ کے جذبے کو مزید نمایاں کیا۔ پورا پروگرام نہایت ادب، عقیدت، نظم و ضبط اور پُرامن ماحول میں منعقد ہوا۔

مذکورہ اطلاع محبان جہانیاں کمیٹی دارالعلوم انوارِمصطفیٰ سہلاؤشریف، باڑمیر،راجستھان کے میڈیا انچارج حضرت مولانا محمد شمار صاحب قادری انواری نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)