Sep 7, 2026 04:01 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
دوسرا تعلیمی انعامی مسابقہ — ایک کامیاب اور یادگار سفر

دوسرا تعلیمی انعامی مسابقہ — ایک کامیاب اور یادگار سفر

06 Sep 2026
1 min read

دوسرا تعلیمی انعامی مسابقہ — ایک کامیاب اور یادگار سفر

از:- محمد ارشاد احمد مصباحی

 برگ حنا پہ لکھتا ہوں میں درد دل کی بات

 شاید کہ رفتہ رفتہ لگے دل ربا کے ہاتھ۔ 

گزشتہ سال کی طرح امسال بھی 30 اگست 2026ء، بروز اتوار کو پوٹھیا کربلا میدان، ضلع کشن گنج (بہار) میں تنظیم پیغامِ شریعت کشن گنج، بہار، طلبہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی جانب سے دوسرا تعلیمی انعامی مسابقہ نہایت ہی کامیاب، منظم اور شاندار انداز میں منعقد ہوا۔ الحمدللہ! یہ مسابقہ گزشتہ سال کی طرح وسیع، منظم اور کامیاب ثابت ہوا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد مدارس اسلامیہ اور عصری تعلیمی اداروں کے طلبہ میں علم کا شوق بیدار کرنا، ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ایک مناسب اور حوصلہ افزا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ یہ عظیم الشان مسابقہ چار اہم فنون پر مشتمل تھا: فن حفظ، فن نحو، فن صرف اور اسلامی کوئز۔ فن حفظ، نحو اور صرف کے مسابقات خاص طور پر مدارسِ اسلامیہ کے طلبہ کے لیے منعقد کیے گئے تھے، جبکہ اسلامی کوئز میں صرف اسکول اور کالج کے طلبہ کو شرکت کا موقع دیا گیا تھا۔ اس طرح اس پروگرام کے ذریعے دینی اور عصری تعلیم سے وابستہ طلبہ کو اپنی علمی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین موقع فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔ 

ماشاءاللہ! اس مسابقہ میں تقریبا پندرہ مدارس اسلامیہ کے طلبہ نے شرکت کی، جو تنظیم پیغام شریعت کی مسلسل محنت، جدو جہد، اخلاص اور تعلیمی میدان میں اس کی سنجیدہ کوششوں کا بہترین ثمرہ ہے۔ مختلف مدارس سے آنے والے طلبہ نے بڑی دلچسپی اور شوق کے ساتھ مسابقہ میں حصہ لیا۔ مجموعی طور پر شریک طلبہ کی تعداد ساٹھ سے زائد تھی، جو اس پروگرام کی مقبولیت اور کامیابی کی ایک روشن دلیل ہے۔ چونکہ بعض طلبہ دور دراز علاقوں سے تشریف لائے تھے اور خاص طور پر فن حفظ کے مسابقہ میں شرکت کرنے والے کئی طلبہ 29 اگست کی شام ہی پوٹھیا پہنچ گئے تھے، اس لیے تنظیم کی جانب سے ان کے کھانے پینے اور رہنے سہنے کا معقول انتظام کیا گیا تھا۔ الحمدللہ! تنظیم کے ذمہداران اور رضاکاران نے مہمان طلبہ کی خدمت اور انتظامات کو بخوبی انجام دیا اور اپنی ذمہداریوں کو احسن طریقے سے پورا کیا۔ مسابقہ کے لیے مقرر کیے گئے ممتحنین و مصححین حضرات بھی اپنے مقررہ وقت پر تشریف لائے اور نہایت ذمہداری، دیانت داری اور حسنِ انتظام کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔ تمام مسابقات منظم انداز میں شروع ہوئے اور ہر فن کے طلبہ نے اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی۔ ابتدائی طور پر پروگرام نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ کامیابی کی جانب رواں دواں تھا، تاہم بارش کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے پروگرام کے انتظامات اور عوامی شرکت پر اثر پڑنے کا اندیشہ پیدا ہوا۔

 قبل ظہر کے وقت بارش کی وجہ سے عوام کی تعداد نسبتا کم تھی، لیکن الحمدللہ! جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، لوگوں کی آمد میں اضافہ ہوتا گیا۔ بعدِ ظہر محفل میں آہستہ آہستہ لوگوں کی آمد شروع ہوئی، عصر تک میدان میں اچھی خاصی رونق نظر آنے لگی، اور بعد مغرب تو علمائے کرام، مہمانان عظام اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے محفل کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ یوں بارش کی وجہ سے جو کمی محسوس ہو رہی تھی، وہ بعد کے اوقات میں لوگوں کی بھرپور شرکت سے پوری ہو گئی۔ محفل میں تشریف لانے والے علمائے کرام نے اپنے علمی، دینی اور اصلاحی بیانات سے سامعین کو مستفید فرمایا اور پروگرام کی علمی و روحانی فضا کو مزید مؤثر اور بامقصد بنا دیا۔ اس موقع پر پروگرام روح رواں حضرت علامہ و مولانا محمد شمشیر صاحب قبلہ کا خصوصی تعاون اور مسلسل رہنمائی قابل ذکر ہے۔ حضرت نے اس پروگرام کے مختلف مراحل اور ہر موڑ پر تنظیم کے ذمہداران اور طلبہ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر تعاون فرمایا۔ ان کی سرپرستی، حوصلہ افزائی، رہنمائی اور مخلصانہ تعاون نے اس پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

اسی طرح حضرت علامہ و مولانا مفتی فیروز احمد مصباحی صاحب قبلہ نے نہایت بہترین، شائستہ اور مؤثر انداز میں اپنے قیمتی خیالات کا اظہار فرمایا۔ حضرت نے وقت کے حالات، موجودہ دور کے تقاضوں، تعلیم و تربیت کی اہمیت، قوم و ملت کے درد اور بالخصوص حضور حافظ ملت علیہ الرحمۃ کے پیغام کے حوالے سے نہایت فکر انگیز اور بصیرت افروز گفتگو فرمائی۔ حضرت کا بیان سامعین کے لیے نہ صرف علمی و فکری رہنمائی کا ذریعہ تھا بلکہ نوجوانوں اور طلبہ کے لیے ایک اہم پیغام بھی تھا۔ اس محفل کو کامیاب بنانے میں حضرت مولانا محمد مجسم فانی صاحب قبلہ نے بھی اپنے منفرد، دل نشیں اور اچھوتے انداز میں بہترین اور قیمتی مشوروں سے نوازا۔ حضرت کی گفتگو میں اخلاص، تجربہ اور خیر خواہی نمایاں تھی، جسے حاضرین نے بڑی دلچسپی اور توجہ کے ساتھ سماعت کیا۔ اور آخر میں مسند افتاء کے مایہ ناز عالم دین، حضرت علامہ و مولانا مفتی محمد صابر عالم مصباحی صاحب قبلہ نے دعا فرمائی۔ حضرت کی رقت انگیز اور جامع دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا اور تمام حاضرین نے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس تعلیمی و دینی کوشش کی قبولیت کے لیے دست دعا بلند کیے۔ اس موقع پر تنظیم کی جانب سے اسٹیج پر تشریف فرما علمائے کرام کی گل پوشی بھی کی گئی، تاکہ ان کی علمی، دینی اور اصلاحی خدمات کا اظہار تشکر اور اعتراف محبت پیش کیا جا سکے۔ علمائے کرام کی تشریف آوری اور ان کی سرپرستی یقینا اس پروگرام کے لیے باعثِ سعادت اور باعث برکت رہی

۔ اسی طرح مسابقہ میں شرکت کرنے والے تمام مدارسِ اسلامیہ کو تنظیم کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔ یہ صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ ان مدارس، ان کے ذمہداران، اساتذہ کرام اور ان تمام طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ایک خوب صورت اظہار تھا، جنہوں نے علم کے اس میدان میں شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔ اس کے بعد وہ گھڑی آئی جس کا تمام شریک طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو بے صبری سے انتظار تھا، یعنی تقسیم انعامات کی تقریب۔ نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی کامیاب طلبہ کے چہروں پر خوشی اور مسرت نمایاں تھی۔ پھر یکے بعد دیگرے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اور کامیاب طلبہ کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا۔ علمائے کرام اور معزز مہمانوں کے مقدس ہاتھوں انعامات، ایوارڈز اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ یہ منظر نہ صرف کامیاب طلبہ کے لیے خوشی کا باعث تھا بلکہ دوسرے طلبہ کے لیے بھی آئندہ مزید محنت کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کا ایک بہترین جذبہ پیدا کرنے والا تھا۔ یقینا کسی بھی پروگرام کی کامیابی صرف ایک یا دو افراد کی کوششوں کا نتیجہ نہیں ہوتی، بلکہ اس کے پیچھے بہت سے لوگوں کی دعائیں، قربانیاں، تعاون اور محنت شامل ہوتی ہے۔ ہم دل کی گہرائیوں سے تمام علمائے کرام، مفتیان عظام، معزز مہمانان، ممتحنین، مصححین حضرات، مدارس کے ذمہداران، اساتذ کرام، طلبہ، معاونین اور تمام خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی قیمتی دعاؤں، مشوروں، تعاون اور شرکت کے ذریعے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بالخصوص ہم نوجوانان پوٹھیا کے بے حد شکر گزار ہیں، جنہوں نے پروگرام کی تیاریوں اور انتظامات میں بھرپور تعاون کیا اور ہر ممکن طریقے سے اس کار خیر کو کامیاب بنانے میں اپنا حصہ ادا کیا۔ 

ان کا جذبۂ خدمت، تعاون اور خلوص یقینا قابل تعریف ہے۔ ہم تنظیم پیغام شریعت کے تمام طلبہ و اراکین کی محنت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس پروگرام کے پیچھے ان نوجوانوں کی بے شمار قربانیاں، مسلسل محنتیں، فکرمندیاں اور اپنے قیمتی وقت کی قربانی شامل ہے۔ دن رات کی محنت، انتظامات کی فکر، مہمانوں کی خدمت اور ہر چھوٹے بڑے کام کو انجام دینا کوئی آسان ذمہداری نہیں۔ تنظیم کے طلبہ کی محنت واقعی قابل تعریف، لائق داد اور خراج تحسین ہے۔ کیونکہ یہ راستہ آسان نہیں ہے۔ قوم و ملت کی خدمت کا دعویٰ کرنا آسان ہے، لیکن اپنے آرام، وقت اور ذاتی مصروفیات کو قربان کرکے عملی میدان میں کام کرنا بہت بڑی بات ہے۔ ان نوجوانوں کا اپنا قیمتی وقت قوم و ملت کی خدمت، تعلیم کے فروغ اور طلبہ کے مستقبل کی بہتری کے لیے وقف کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کے سینوں میں قوم و ملت کا درد موجود ہے۔ یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا، بلکہ یہ تو ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ کامیابیاں انسان کو رکنے کا نہیں بلکہ مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہیں۔ راستے میں مشکلات بھی آئیں گی، تھکن بھی محسوس ہوگی اور کبھی حالات بھی حوصلے کو آزمانے کی کوشش کریں گے، لیکن اگر مقصد نیک ہو اور نیت میں اخلاص ہو تو اللہ تعالیٰ کی مدد ضرور شامل حال ہوتی ہے۔ اسی جذبے کے ساتھ ہمیں آگے بھی تعلیم و تعلم کے فروغ، طلبہ کی صلاحیتوں کی نشوونما اور قوم و ملت کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشش کرتے رہنا ہے۔

 آخر میں یہی پیغام دل کو حوصلہ دیتا ہے: اب تھکن پاؤں کی زنجیر بنی جاتی ہے راہ کا شوق یہ کہتا ہے، بڑھتے رہیے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تنظیم پیغام شریعت کشن گنج، بہار، طلبہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی تمام کوششوں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس تنظیم سے وابستہ تمام افراد کے اخلاص، محنت اور جذب خدمت میں برکت عطا فرمائے اور آئندہ بھی اس تنظیم کو قوم و ملت، دین و علم اور بالخصوص طلبہ کی خدمت کے مزید مواقع عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم۔ منجانب:- تنظیم پیغام شریعت کشن گنج بہار طلبہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور اعظم گڑھ یوپی۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)