Feb 7, 2026 09:15 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
غرور کی آگ اور انسان کی بربادی: عاجزی ہی انسانیت کا اصل زیور

غرور کی آگ اور انسان کی بربادی: عاجزی ہی انسانیت کا اصل زیور

04 Dec 2025
1 min read

غرور کی آگ اور انسان کی بربادی: عاجزی ہی انسانیت کا اصل زیور

تحریر: ڈاکٹر مولانا محمد عبد السمیع ندوی

اسسٹنٹ پروفیسر، مولانا آزاد کالج آف آرٹس، سائنس اینڈ کامرس، اورنگ آباد

موبائل: 9325217306

انسان کی زندگی میں سب سے بڑا امتحان وہ لمحہ ہوتا ہے جب اسے اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں پر فخر محسوس ہونے لگتا ہے۔ اس احساس کی ابتدا معمولی ہوتی ہے، لیکن اگر دل میں جگہ بنا لے تو آہستہ آہستہ ایک ایسی آگ کی شکل اختیار کر لیتا ہے جو سوچ کو جلا دیتی ہے، اخلاق کو متاثر کرتی ہے اور کردار کو تباہی کی طرف دھکیل دیتی ہے۔ غرور ایک باطنی بیماری ہے، جس کی شدت اس وقت بڑھ جاتی ہے جب انسان خود کو دوسروں سے بہتر سمجھنے لگتا ہے۔

عاجزی ایک ایسی نعمت ہے جو انسان کی شخصیت کو نکھارتی ہے، رشتوں کو مضبوط بناتی ہے اور دل کو سکون دیتی ہے۔ ایک متواضع انسان کبھی خود کو بلند نہیں سمجھتا اور نہ ہی کسی کو حقیر سمجھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگ دلوں پر راج کرتے ہیں۔ دوسری طرف متکبر انسان اپنی انا کے خول میں قید رہتا ہے۔ اس کی نظر ہمیشہ دوسروں کی خامیوں پر ٹکی ہوتی ہے اور اپنی غلطیاں اسے دکھائی نہیں دیتیں۔

تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بڑے بڑے بادشاہ، حکمران اور علم کے شہسوار صرف اس لیے زوال کا شکار ہوئے کہ ان کے اندر غرور نے گھر کر لیا تھا۔ فرعون کی ہلاکت ہو یا نمرود کا انجام، قارون کی تباہی ہو یا ابلیس کی محرومی، سب کے پس منظر میں ایک ہی خرابی تھی اور وہ تھی تکبر۔ یہ انسان کو اس مقام تک لے جاتا ہے جہاں وہ نہ حقیقت کو قبول کرتا ہے اور نہ نصیحت کو سنتا ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنی کامیابیوں کو اللہ کی نعمت سمجھے، اپنی قابلیت کو امانت جانے اور اپنی علمیت کو خدمتِ خلق کا ذریعہ بنائے۔ جب انسان اپنی حیثیت کو پہچان کر عاجزی اختیار کرتا ہے تو اس کا وقار بڑھتا ہے اور اللہ بھی اسے عزت عطا فرماتا ہے۔ دل کا سکون بھی اسی میں ہے کہ انسان اپنی اصل کو نہ بھولے اور سادگی، نرمی اور حلم کو اپنی شناخت بنائے۔غرور آدمی کو تنہا کر دیتا ہے۔ لوگ اس سے دور بھاگتے ہیں، بات کرنے سے جھجھکتے ہیں اور تعلقات کمزور پڑ جاتے ہیں۔ اس کے برعکس عاجزی دلوں کو جوڑنے والی طاقت ہے۔ ایک نرم گو انسان اپنی اخلاق سے دل جیت لیتا ہے اور کوئی دشمن تک دوست بن جاتا ہے۔ یہی وہ خوبی ہے جو نبی کریم ﷺ کے اخلاق کی بنیاد تھی۔ آپ ﷺ کے سامنے پہاڑوں جتنی ذمہ داریاں تھیں مگر دل میں ذرہ برابر غرور نہ تھا۔

اگر انسان اپنی کمزوریوں پر بھی غور کرے، اپنی خطاؤں کو پہچانے اور اپنی ذات کو عاجزی کے آئینے میں دیکھے تو اس کی شخصیت میں نرمی پیدا ہوتی ہے۔ وہ فیصلہ کرنے سے پہلے سوچتا ہے، بولنے سے پہلے دل تولتا ہے اور چلنے سے پہلے قدم پر غور کرتا ہے۔ یہی سوچ انسان کو نکھارتی ہے اور اسے دوسرے انسانوں کے لیے منفعت بخش بنا دیتی ہے۔

آخر میں بات صرف اتنی سی ہے کہ غرور انسان کو برباد کرتا ہے اور عاجزی انسان کو بناتی ہے۔ تکبر کا انجام ہمیشہ رسوائی ہے اور تواضع کا خاتمہ ہمیشہ کامیابی پر ہوتا ہے۔ انسان جتنا جھکتا ہے، اللہ اسے اتنا اٹھاتا ہے۔ زندگی کا اصل حسن اسی میں ہے کہ انسان نرمی، سادگی، برداشت اور عاجزی کو اپنا شعار بنائے۔

عازمینِ حج و عمرہ اور شائقینِ عربی زبان کے لیے

عربی بول چال کے 40 سبق

عربی ادب سے ذوق و شوق رکھنے والوں کے لیے سنہرا موقع

عربی زبان خدا کی محبوب ترین زبان ہے، حضرت محمد کریم ﷺ کی پیاری زبان ہے، ملکِ عرب کی زبان ہے، 52 ملکوں میں بولی جانے والی اور 22 ملکوں کی سرکاری زبان ہے، اور قرآن، حدیث اور دینِ اسلام کے لٹریچر کی زبان ہے۔

عازمینِ حج و عمرہ کے علاوہ عربی زبان کے شیدائی اور شائقین کے لیے عربی بول چال کے چالیس (40) اسباق پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ عربی زبان سے محبت رکھنے والے ان اسباق کی روشنی میں عربی بول چال سیکھیں اور ان جملوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں استعمال کریں۔

یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ یہ اسباق عربی زبان کے شائقین کے لیے ایک عظیم تحفہ اور ان کے علمی و روحانی مستقبل کی مضبوط بنیاد ہیں۔قارئین سے گزارش ہے کہ وہ ہر جمعرات "ویکلی دی نیپال اردو ٹائمز" میں شائع ہونے والے ان اسباق کو ضرور فالو کریں، عربی بول چال کی مہارت حاصل کرنے کے لیے ان اسباق کو بغور پڑھیں اور نوٹ بک میں لکھ کر یاد کریں۔

اگلا سبق آئندہ جمعرات کے شمارے میں ملاحظہ فرمائیں۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز 8795979383