Nov 11, 2026 07:05 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
مسلسل جد و جہد کا سفر فوزِ مبین تک۔۔ محمد ارمان قادری مصباحی۔

مسلسل جد و جہد کا سفر فوزِ مبین تک۔۔ محمد ارمان قادری مصباحی۔

11 Nov 2026
1 min read

۔مسلسل جد و جہد کا سفر فوزِ مبین تک۔۔ محمد ارمان قادری مصباحی۔

مسلسل جد و جہد کا ثمرہ بڑی کامیابی کی شکل میں۔

اسلام کا بنیادی فلسفہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کسی کی محنت کو رائیگاں نہیں کرتا۔ زندگی کے ہر میدان میں مستقل مزاجی اور پیہم کوشش ہی وہ چابی ہے جو بند دروازوں کو کھولتی ہے۔ چنانچہ، جو لوگ صبر و استقامت کے ساتھ مسلسل جدوجہد کو اپنا شعار بناتے ہیں، وہ بالآخر ایک بڑی اور شاندار کامیابی کی صورت میں اس کا میٹھا ثمر حاصل کر لیتے ہیں۔

سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور ارشاداتِ گرامی میں محنت، کوشش (جدوجہد) اور بلند ہمتی کو ایمان کا لازمی حصہ اور کامیابی کی ضمانت قرار دیا گیا ہے۔ عربی کا مشہور مقولہ "مَنْ جَدَّ وَجَدَ" (جس نے کوشش کی، اس نے پا لیا) روحِ اسلام اور سنتِ نبوی کے عین مطابق ہے۔

۔ محنت اور جدوجہد کے متعلق حضور ﷺ چند ارشادات کچھ اس طرح ہیں:

· محنت کش اللہ کا دوست ہے: آپ کا مشہور فرمان ہے: "اَلْکَاسِبُ حَبِیْبُ اللہِ" (محنت سے کمانا والا اللہ کا دوست ہے)۔

بہترین رزق: آپ نے فرمایا: "کسی انسان نے اس سے بہتر کھانا نہیں کھایا کہ وہ اپنے ہاتھوں سے کام کر کے کھائے، اور اللہ کے نبی حضرت داؤد علیہ السلام اپنے ہاتھ کی کمائی سے کھاتے تھے۔صحیح بخاری۔

مانگنے کی مذمت اور محنت کی ترغیب: آپ ﷺ نے فرمایا: "اگر تم میں سے کوئی شخص اپنی رسی لے اور لکڑیوں کا گٹھراپنی پیٹھ پر لا کر بیچے، تو یہ اس کے لیے اس سے بہتر ہے کہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلائے، اب وہ اسے دیں یا نہ دیں۔" صحیح بخاری۔

اعلیٰ مقاصد کے لیے دعا: آپ اکثر یہ دعا مانگا کرتے تھے: "اے اللہ! میں عاجزی (بے بسی)، سستی، بزدلی اور بخل سے تیری پناہ مانگتا ہوں"۔ یہ دعا ثابت کرتی ہے کہ اسلام سستی اور کاہلی کے سخت خلاف ہے۔

حضور ﷺ کا عملِ مبارک (اسوۂ حسنہ)

حضورِ اکرم ﷺ نے صرف زبانی تعلیم نہیں دی، بلکہ عملی طور پر محنت اور جدوجہد کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں:

بچپن اور جوانی کی محنت: آپ ﷺ نے لڑکپن میں بکریاں چرائیں اور جوانی میں تجارت اختیار کی۔ آپ نے مکہ سے شام تک کے تجارتی سفر کیے اور اپنی دیانت داری و انتھک محنت سے "امین" کا لقب پایا۔

تعمیرِ مسجد میں جسمانی حصہ لینا: مدینہ ہجرت کے بعد جب مسجدِ نبوی کی تعمیر ہو رہی تھی، تو آپ عام صحابہ کی طرح پتھر اور مٹی اٹھا کر لاتے تھے۔ صحابہ نے جب عرض کیا کہ آپ آرام فرمائیں، تو آپ نے قبول نہیں کیا اور کام جاری رکھا۔

غزوۂ خندق میں کھدائی کرنا: غزوۂ خندق کے موقع پر مدینہ کے گرد خندق کھودنے کے کٹھن کام میں آپ نے خود حصہ لیا۔ سخت سردی اور بھوک کی حالت میں آپ ﷺ پتھر توڑتے اور مٹی اٹھاتے تھے، یہاں تک کہ آپ کا جسم مبارک مٹی سے اٹ گیا تھا۔

· گھر کے کام کاج: حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا گیا کہ حضور ﷺ گھر میں کیا کرتے تھے؟ انہوں نے فرمایا: "آپ اپنے کپڑوں کو خود پیوند لگاتے، اپنے جوتے خود گانٹھتے اور وہ تمام کام کرتے تھے جو ایک عام انسان گھر میں کرتا ہے۔" مسند احمد۔

حضورِ اکرم ﷺ کی زندگی کا آغاز ہی ہمیں صبر، محنت، خود اعتمادی اور جدوجہد کا درس دیتا ہے۔

حضور ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے پہلے ہی آپ کے والدِ ماجد حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کا انتقال ہو چکا تھا۔ پھر جب آپ کی عمر مبارک صرف چھ سال تھی تو آپ کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا بھی اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ اور ابھی آپ کی عمر صرف آٹھ سال ہوئی تھی کہ آپ کے دادا حضرت عبدالمطلب کا سایۂ شفقت بھی آپ کے سر سے اٹھ گیا۔

غور کیجیے! جس عمر میں ایک بچہ اپنے والدین کی شفقت کا حاجت مند ہوتا ہے، اس عمر میں محبوبِ خدا ﷺ نے والدین سے جدائی کے مراحل دیکھے ۔ لیکن اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو تنہا نہیں چھوڑا۔ آٹھ سال کی عمر کے بعد آپ اپنے چچا جنابِ ابو طالب کی کفالت میں آئے۔

اور یہاں سے ہمیں حضور ﷺ کی زندگی کا ایک اور عظیم سبق ملتا ہے۔وہ یہ کہ حضور ﷺ نے مشکلات کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیا، بلکہ محنت و مشقت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔ آپ نے کبھی اپنے آپ کو کمزور اور ناتواں سمجھ کر جدوجہد سے منہ نہیں موڑا۔ بلکہ بچپن ہی سے محنت، سفر اور عملی زندگی کا تجربہ حاصل فرمایا۔

چنانچہ جب آپ اپنے چچا جنابِ ابو طالب کے ساتھ رہتے تھے تو آپ نے تجارتی قافلے کے ساتھ سفر کرنے کی خواہش ظاہر فرمائی۔ جنابِ ابو طالب آپ کو کم عمری ہی میں ملکِ شام کے تجارتی سفر پر لے گئے۔یہ صرف ایک تجارتی سفر نہیں تھا؛ یہ مستقبل کی ایک عظیم شخصیت کی عملی تربیت کا سفر تھا۔اور پھر وقت گزرتا گیا۔یہاں تک کہ جب حضور ﷺ کی عمر مبارک پچیس سال ہوئی تو آپ کی سچائی، امانت داری، دیانت داری، حسنِ اخلاق اور معاملات کی پاکیزگی پورے عرب میں مشہور ہو چکی تھی۔    

اسی معاشرے میں ایک عظیم اور پاکیزہ خاتون موجود تھیں، جنہیں ان کی پاکدامنی اور شرافت کی وجہ سے طاہرہ کہا جاتا تھا۔ وہ تھیں حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہا۔حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو اللہ تعالی نے شرافت کے ساتھ ساتھ مال و دولت سے بھی نوازا تھا آپ ایک مال دار اور صاحبِ تجارت خاتون تھیں۔ ان کا مالِ تجارت مختلف علاقوں تک جاتا تھا اور انہیں ایک ایسے شخص کی تلاش تھی جو ان کے مال کو لے کر تجارت کے لیے ملکِ شام جائے؛ ایسا شخص جو سچا بھی ہو، امانت دار بھی ہو، دیانت دار بھی ہو اور معاملات کو سمجھنے والا بھی ہو۔

آپ نے اپنے اس کام کے لیے حضور ﷺ کا انتخاب کیا۔حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے حضور ﷺ کو اپنا مالِ تجارت دے کر شام جانے کی پیشکش کی اور آپ کی امانت و دیانت کی وجہ سے آپ کو بہتر معاوضہ دینے کی پیشکش کی۔ حضور ﷺ نے یہ ذمہ داری قبول فرمائی اور حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا مالِ تجارت لے کر ملکِ شام تشریف لے گئے۔

وہاں بھی حضور ﷺ نے اپنی سچائی، امانت، دیانت، حسنِ اخلاق اور بہترین طریقۂ تجارت کا وہی نمونہ پیش فرمایا جس کی شہرت پہلے ہی مکہ میں پھیل چکی تھی۔جب لوگ آپ کے اخلاقِ کریمانہ، طرزِ پیغمبرانہ کو دیکھتے اور آپ کی گفتگو کو سنتے تو آپ سے متاثر ہو جاتے۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس بار حضرت خدیجہ کے مال میں ہر بار سے بڑھ کر دو گنا فائدہ حاصل ہوا۔

میرے عزیز ساتھیو!

یہ ہے محمد مصطفیٰ ﷺ کی تجارت!

ایسی تجارت جس میں صرف نفع نہیں تھا، برکت بھی تھی۔ایسی تجارت جس میں صرف مال نہیں بڑھا، اعتماد بھی بڑھا۔

ایسی تجارت جس میں صرف تجارت کے میدان میں پکڑ حاصل نہ ہوئی بلکہ لوگوں کے دلوں میں بھی بلند مقام حاصل ہوا۔

اگر ہم بھی حضور ﷺ کے امتی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، اگر ہمارے دلوں میں واقعی حضور ﷺ کی سچی محبت ہے، تو پھر ہماری تجارت اور حضور کی سنت کے مطابق ہونی چاہیے۔ اگر محبتِ رسول ﷺ ہمارے دل میں ہے تو اس محبت کا اثر ہمارے معاملات میں بھی نظر آنا چاہیے۔یہی سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کا سبق ہے، یہی محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا ہے، اور یہی ایک سچے امتی کی پہچان ہے۔

۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)