Nov 11, 2026 07:05 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
زیرِ نظر کتاب "مصباح الهدى في احكام الصلاه" بنام:"نماز کا تعارف و احکام"

زیرِ نظر کتاب "مصباح الهدى في احكام الصلاه" بنام:"نماز کا تعارف و احکام"

11 Nov 2026
1 min read

۔ ﷽ 

زیرِ نظر کتاب "مصباح الهدى في احكام الصلاه" بنام:"نماز کا تعارف و احکام"

WhatsApp:8958386928 

محمد ارمان قادری مصباحی مرادآبادی البرکات اسلامک ریسرچ سنٹر علی گڑھ۔

 اس کتاب میں ہماری روز مرہ کی سب سے اہم عبادت نماز کے احکام، ارکان اور اس سے متعلق تمام مسائل کو بقدرِ تفصیل دلائل کی روشنی میں ذکر کیا گیا ہے۔اس کتاب کی اہمیت مزید اس سے بھی بڑھ جاتی ہے کہ اس کتاب کو ملک کے نامور اور باصلاحیت اربابِ علم و دانش کی زیر نگرانی میں ترتیب دیا گیا ہے۔اور انہوں نے اپنے مفید مشوروں سے نوازا، رہنمائی کی اور اس کتاب پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا،مزید یہ کہ کتاب اور صاحب کتاب کو اپنے دعائیہ کلمات سے نوازا اور اپنی گراں قدر تقریظات اس کتاب میں شامل کرنے کی اجازت عطا فرمائی ہے۔

 جن میں خاص کر صدر العلما خیر الاذکیا علامہ محمد احمد مصباحی صاحب قبلہ ناظمِ تعلیمات جامعہ اشرفیہ مبارک پور اعظم گڑھ، مفتی ناظم علی مصباحی استاد جامعہ اشرفیہ، مفتی عاقل رضوی،مصباحی پرنسپل جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف اور مفتی محمد حسن رضا مصباحی استاد جامعہ رضویہ نوریہ بریلی شریف شامل ہیں۔ خاص کر مصباحی صاحب قبلہ مدظلہ العلی کی زیرِ نگرانی اس کتاب کو ترتیب دیا گیا ہے اور آپ ہی نے اپنا گراں قدر وقت دے کر اس کتاب کی تصحیح اور نظرِ ثانی فرمائی ہے۔جس نے اس کتاب کی اہمیت کو دوبالا کر دیا ہے۔آئیے! اب مضمونِ کتاب اور اس کتاب کے خاکے پر اختصار کے ساتھ نظر ڈالتے ہیں۔تاکہ اس کتاب کی جامعیت اور معنویت کا اندازہ لگایا جا سکے۔ ہر مسلمان کے لیے یہ بات روز روشن کی طرح ظاہر ہے کہ نماز دینِ اسلام کے بنیادی فرائض میں سے ایک عظیم فریضہ اور اسلام کے اہم ترین شعائر میں سے ہے۔ یہ وہ عبادت ہے جو بندۂ مؤمن کو اس کے ربِّ کریم کے حضور حاضری، عاجزی، بندگی اور اطاعت کا احساس دلاتی ہے۔ قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ میں نماز کی فرضیت، اہمیت، فضیلت اور پابندی پر بارہا تاکید فرمائی گئی ہے۔ نماز جہاں اللہ تعالیٰ سے بندے کے تعلق کو مضبوط کرتی ہے، وہیں اس کے اخلاق و کردار کی اصلاح، تزکیۂ نفس اور عملی زندگی کی پاکیزگی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی عظیم فریضے کی اہمیت اور اس سے متعلق ضروری علمی و عملی مسائل کو عام مسلمانوں تک آسان اور منظم انداز میں پہنچانے کے لیے مولانا محمد سلیمان رضا مصباحی نے زیرِ نظر کتاب کی تصنیف و ترتیب کا اہتمام فرمایا ہے۔ مصنف نے نماز کے مختلف پہلوؤں کو ایک جامع ترتیب کے ساتھ جمع کرنے کی کوشش کی ہے، تاکہ نماز کی حقیقت، فرضیت، اہمیت، شرائط، احکام، طریقۂ ادائیگی اور متعلقہ مسائل سے عام مسلمان اور طالبِ علم یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔ مصنف نے کتاب کی ترتیب میں نماز کے لغوی و اصطلاحی مفہوم سے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے اس کے تاریخی پس منظر، واقعۂ معراج اور فرضیتِ نماز کو بیان کیا ہے۔ اس کے بعد قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں نماز کی اہمیت، فضائل اور ترکِ نماز کی وعید کو ذکر کیا ہے، تاکہ قاری کے سامنے نماز کی عظمت اور اس کی دینی حیثیت پوری طرح واضح ہو جائے۔ اسی طرح نماز کے شرائط و مقدمات کے ضمن میں طہارت، وضو، سترِ عورت، استقبالِ قبلہ، نیت اور اوقاتِ نماز جیسے اہم مسائل کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ اوقاتِ نماز کے سلسلے میں ہر نماز کے وقت کے آغاز و اختتام، مستحب اوقات، مکروہ اوقات اور دیگر متعلقہ احکام کو دلائل کے ساتھ واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نیز بعض مخصوص حالات میں نماز کے مستحب وقت سے متعلق مسائل، مثلاً گرمی کے موسم میں نمازِ ظہر کو ٹھنڈا کرکے ادا کرنے کا حکم، احادیثِ مبارکہ اور معتبر فقہی مصادر کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔اذان و اقامت کے مسائل کو بھی کتاب میں مناسب اہمیت دی گئی ہے۔ اذان کی ابتدا، اس کی فضیلت، مؤذن کے آداب و فضائل، اذان کا جواب اور دیگر متعلقہ مسائل کے ساتھ اقامت کے احکام، اس کی فضیلت، اقامت کا جواب اور مقتدی کے کھڑے ہونے کے متعلق مسائل کو بھی ترتیب کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔کتاب کا ایک اہم اور بنیادی حصہ نماز کے طریقۂ ادائیگی سے متعلق ہے۔ تکبیرِ تحریمہ سے لے کر سلام پھیرنے تک نماز کے تمام مراحل کو ترتیب وار بیان کیا گیا ہے۔ قیام، قراءت، رکوع، قومہ، سجدہ، جلسہ، قعدہ، تشہد، درود، دعا اور سلام وغیرہ کے احکام کو قرآنِ کریم، احادیثِ مبارکہ اور فقہی دلائل کی روشنی میں واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اسی طرح فرائض، واجبات، سنن، مستحبات اور نوافل سے متعلق ضروری مسائل کو بھی مناسب تفصیل کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے۔ نمازِ وتر، قضا نماز اور دیگر اہم مسائل کو بھی کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے، تاکہ نماز سے متعلق پیش آنے والے ضروری مسائل ایک ہی جگہ قاری کو میسر آسکیں۔ جہاں احادیثِ مبارکہ سے استدلال کیا گیا ہے، وہاں حتی المقدور تخریج کا اہتمام کیا گیا ہے اور اصل مصادر کی طرف رہنمائی کی گئی ہے، تاکہ کتاب کا مطالعہ کرنے والوں کے لیے دلائل کے بنیادی مراجع تک رسائی آسان ہو۔مصنف نے کتاب میں قرآنِ کریم، احادیثِ مبارکہ، صحاحِ ستہ اور دیگر معتبر کتبِ حدیث، فقہ اور شروح سے استفادہ کیا ہے۔ فقہی مسائل کے بیان میں معتبر کتبِ فقہ کو پیشِ نظر رکھا گیا ہے اور بالخصوص فقہِ حنفی اور اہلِ سنت و جماعت کے معتبر موقف کو سامنے رکھتے ہوئے مسائل کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس کتاب کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ مصنف نے محض نماز کے ظاہری طریقۂ ادائیگی پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ نماز کے روحانی و اخلاقی اثرات، تزکیۂ نفس، بچوں اور نوجوانوں میں نماز کی اہمیت اور عصرِ حاضر میں نماز سے غفلت کے اسباب و تدارک جیسے اہم موضوعات کو بھی شامل کیا ہے۔ اس سے کتاب کا دائرۂ صرف فقہی مسائل تک محدود نہیں رہتا، بلکہ نماز کو فرد کی اصلاح اور معاشرے کی تعمیر کامؤثر ذریعہ بھی بناتا ہے۔میرے نزدیک موصوف کی یہ کاوش ایک اہم دینی ضرورت کی تکمیل کی سمت میں قابلِ قدر کوشش ہے۔ بالخصوص موجودہ دور میں، جب بہت سے مسلمان نماز کی اہمیت سے تو واقف ہیں لیکن اس کے ضروری مسائل اور صحیح طریقۂ ادائیگی سے پوری طرح آگاہ نہیں تو ایسی کتب کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے جو مستند دلائل کے ساتھ آسان اور عام فہم انداز میں رہنمائی فراہم کریں۔تو اس کتاب کو پڑھیں اور زیادہ سے زیادہ اپنے متعلقین تک اس کتاب کو پہنچائیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ موصوف کی اس علمی و دینی کاوش کو شرفِ قبول عطا فرمائے، اسے دین کی خدمت اور مسلمانوں کی اصلاح کا ذریعہ اور مصنف کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے، اور قارئین کو اس کتاب سے بھرپور استفادہ کرنے کی توفیق بخشے۔وَمَا تَوْفِيقِيْ إِلَّا بِاللّٰهِ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَإِلَيْهِ أنِيْبُ۔ کتاب حاصل کرنے کے لیے رابطہ کریں: armanrazaqadri4444@gmail.com WhatsApp:8958386928 محمد ارمان قادری مصباحی مرادآبادی البرکات اسلامک ریسرچ سنٹر علی گڑھ۔

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)