*نیپال میں معیاری دینی ادارے قائم نہ ہونے کی اصل وجوہات*
اس وقت ملک نیپال کا دینی تعلیمی منظرنامہ ایک ایسے مرحلے سے گزر رہا ہے جہاں تقریباً ہر صاحبِ درد اور دینی شعور رکھنے والا شخص ایک معیاری دینی ادارے کی ضرورت محسوس کر رہا ہے۔ ہمارے اکابر اس ضرورت کا اظہار کر رہے ہیں، نوجوان فضلاء اس کے لیے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں اور اہلِ فکر و دانش اس بات پر متفق نظر آتے ہیں کہ ملک میں ایک ایسا دینی تعلیمی مرکز ضرور قائم ہونا چاہیے جو علمی پختگی، تدریسی معیار، انتظامی استحکام اور تربیتی نظام کے اعتبار سے ایک مثالی نمونہ بن سکے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ آخر یہ کام کون کرے گا؟ اس ضرورت کا احساس رکھنے والے بہت ہیں، اس کے لیے مشورے دینے والے بھی کم نہیں، مگر عملی میدان میں قدم بڑھانے والے کہاں ہیں؟ اور اگر کہیں کوئی قدم بڑھانا بھی چاہے تو اسے وہ سازگار ماحول اور انتظامی اختیار کیوں میسر نہیں آتا جس کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے؟
حقیقت یہ ہے کہ کسی ادارے کی تعلیمی ترقی محض عمارتوں کی تعمیر، طلبہ کی تعداد میں اضافے یا ظاہری سرگرمیوں سے ممکن نہیں ہوتی، بلکہ اس کے لیے باصلاحیت، مخلص اور تعلیمی بصیرت رکھنے والی قیادت درکار ہوتی ہے۔ ناظم، صدر مدرس اور ناظمِ تعلیمات وہ بنیادی ذمہ داران ہیں جن کے ہاتھوں میں ادارے کے تعلیمی مستقبل کی تشکیل ہوتی ہے۔ اگر یہ حضرات خود تعلیمی ترقی کا جذبہ رکھتے ہوں تو نہ صرف اپنی صلاحیتوں سے کام لے سکتے ہیں، بلکہ اپنے ماتحت اساتذہ کی صلاحیتوں کو بھی نکھار سکتے ہیں۔
افسوس کہ ہمارے یہاں بعض اداروں کی صورتِ حال اس کے برعکس ہے۔ کہیں انتظامی ذمہ داران دینی تعلیم کے تقاضوں اور علمی معیار سے پوری طرح واقف نہیں، اور کہیں وہ حضرات جن کے ہاتھوں میں تعلیمی نظام کی باگ ڈور ہے، اس میں بنیادی تبدیلی لانے کے خواہش مند دکھائی نہیں دیتے۔ یہ صورتِ حال محض وسائل کی کمی کا نتیجہ نہیں، بلکہ بعض مقامات پر فکری جمود، انتظامی خود غرضی اور علمی خود پسندی بھی اس کی بڑی وجوہات ہیں۔
تعلیمی معیار بلند کرنے کے لیے باصلاحیت اساتذہ کی ضرورت ہوتی ہے، اور ان کی خدمات حاصل کرنے کے لیے مناسب تنخواہ، عزتِ نفس کا تحفظ اور کام کرنے کی آزادی بھی ضروری ہے۔ لیکن بعض اداروں میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ باصلاحیت اساتذہ کی آمد کو تعلیمی ترقی کے بجائے موجودہ ذمہ داران کے لیے ایک چیلنج سمجھا جاتا ہے،انہیں اندیشہ رہتا ہے کہ اگر کوئی زیادہ صاحبِ صلاحیت عالم ادارے میں آگیا تو عوام اور انتظامیہ کے درمیان ان کی علمی حیثیت اور انفرادی اثر و رسوخ متاثر ہو سکتا ہے۔
یہ طرزِ فکر کسی بھی علمی ادارے کے لیے نہایت نقصان دہ ہے، آخر ایک تعلیمی ادارہ کسی فرد کی شخصی عظمت کا مظہر ہے یا علم و فن کی ترویج کا مرکز؟ اگر کسی شخص کی علمی برتری کا دعویٰ واقعی مضبوط ہے تو اسے اپنے سے زیادہ باصلاحیت افراد کی آمد سے خوف زدہ ہونے کے بجائے ان کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔
علم کی دنیا میں کسی دوسرے کی صلاحیت سے اپنی حیثیت کم نہیں ہوتی، بلکہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے ادارے کا علمی وقار بلند ہوتا ہے۔
اس سے بھی زیادہ افسوس ناک صورت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب ادارے کے انتظامی ذمہ داران تعلیمی ترقی کے بارے میں سوال کرتے ہیں اور انہیں یہ جواب دیا جاتا ہے کہ موجودہ دورِ فتن میں جو کچھ ہو رہا ہے، اسے غنیمت سمجھنا چاہیے، اس سے زیادہ کی توقع رکھنا ممکن نہیں۔ گویا علمی پسماندگی کو حالات کے نام پر قبول کر لیا جائے اور اصلاح کی ہر کوشش کو ناممکن قرار دے دیا جائے۔
سوال یہ ہے کہ اگر یہی رویہ اختیار کر لیا جائے تو پھر ترقی کی امید کس سے وابستہ کی جائے؟ کیا ہمارے اسلاف نے نامساعد حالات میں علمی کارنامے انجام نہیں دیے؟ کیا وسائل کی قلت اور مشکلات کی کثرت نے کبھی اہلِ علم کے عزائم کو شکست دی ہے؟ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ انہی دینی اداروں نے ایسے رجالِ علم پیدا کیے ہیں جن کی علمی خدمات سے آج بھی نسلیں مستفید ہو رہی ہیں۔ امت نہ کبھی صلاحیتوں سے خالی ہوئی ہے اور نہ آئندہ ہوگی۔
یہ بھی درست ہے کہ ہمارے یہاں افراد اور وسائل کی کمی ایک حقیقی مسئلہ ہے، لیکن یہ سمجھنا کہ ملک نیپال میں معیاری تدریسی صلاحیت رکھنے والے علماء کی قلت ہے، حقیقت سے چشم پوشی کے مترادف ہوگا۔ آج بھی ہمارے درمیان ایسے درجنوں علماء موجود ہیں جو اعلیٰ تدریسی صلاحیت، علمی رسوخ اور تعلیمی بصیرت رکھتے ہیں۔ ان میں فضلاء بھی ہیں، مفتیانِ کرام بھی، اور ایسے اہلِ علم بھی ہیں جن کی سرپرستی اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ایک نہیں، کئی معیاری تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
اصل المیہ یہ ہے کہ یہ علمی سرمایہ منتشر ہے۔ کسی کے پاس انتظامی اختیار نہیں، کوئی معاشی مسائل سے دوچار ہے، کوئی ایسے اداروں میں خدمات انجام دے رہا ہے جہاں اسے اپنی علمی و تدریسی صلاحیتوں کے مکمل اظہار کا موقع میسر نہیں، اور کہیں ایسے افراد فیصلہ کن مناصب پر فائز ہیں جو نئی صلاحیتوں کے لیے جگہ پیدا کرنے کے بجائے اپنی موجودہ حیثیت کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہیں۔
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: کیا ہمارے ادارے اہلِ علم کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے قائم کیے گئے ہیں یا چند افراد کی انفرادی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے؟ کیا کسی ادارے کی کامیابی کا معیار یہ ہے کہ اس کا ناظم کتنا بااثر ہے، یا یہ کہ وہاں سے کتنے باصلاحیت علماء تیار ہو رہے ہیں؟ کیا علمی ترقی کا راستہ اس وقت تک بند رہے گا جب تک موجودہ ذمہ داران اپنی جگہ کسی دوسرے کو دیکھنے کے لیے آمادہ نہ ہوں؟
یہ سوالات کسی کی تضحیک کے لیے نہیں، بلکہ اجتماعی اصلاح کے لیے ہیں۔ ہر ذمہ دار کو یہ سمجھنا ہوگا کہ منصب اعزاز نہیں، امانت ہے؛ اختیار ذاتی ملکیت نہیں، ذمہ داری ہے؛ اور ادارہ کسی کی شخصی جاگیر نہیں، بلکہ پوری امت کا علمی سرمایہ ہے۔
وقت آگیا ہے کہ یہ منتشر علمی قوتیں ایک دوسرے کے قریب آئیں۔ کم از کم تین مخلص، صاحبِ صلاحیت اور بلند عزائم رکھنے والے علماء باہم متحد ہو کر ایک عملی منصوبے کے ساتھ میدان میں اتریں۔
ابتدا میں وسائل کم ہوں گے، مخالفتیں ہوں گی، بدگمانیاں پیدا کی جائیں گی، حتیٰ کہ بعض لوگ حوصلہ شکنی کی ہر ممکن کوشش کریں گے؛ لیکن کیا کوئی بڑا علمی کارنامہ محض سازگار حالات کے انتظار میں انجام پایا ہے؟
وسائل ہمیشہ آغاز میں موجود نہیں ہوتے، بلکہ بسا اوقات اخلاص، عزم، حسنِ تدبیر اور مسلسل جدوجہد ہی وسائل کی فراہمی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ مقصد واضح ہو، نیت درست ہو، باہمی اعتماد قائم ہو اور کام شخصیات کے بجائے اصولوں کی بنیاد پر آگے بڑھے۔
کسی تعلیمی ادارے کو معیاری بنانے کے لیے صرف بلند بانگ دعوے کافی نہیں، بلکہ شفاف انتظام، اہل افراد کا انتخاب، اساتذہ کی مناسب قدر افزائی، تعلیمی نگرانی، طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت اور مسلسل محاسبے کا نظام بھی ضروری ہے۔ اگر یہ بنیادیں مضبوط ہوں تو محدود وسائل کے باوجود ایک قابلِ ذکر تعلیمی سفر شروع کیا جا سکتا ہے۔
میرا خیال ہے کہ اگر چند باصلاحیت علماء اخلاص و اتحاد کے ساتھ اس مقصد کو لے کر اٹھ کھڑے ہوں تو یہ روایتی جمود ٹوٹ سکتا ہے۔ مخالفت کرنے والے بھی وقت کے ساتھ نتائج دیکھنے پر مجبور ہوں گے، اور جو لوگ آج اس کام کو ناممکن سمجھ رہے ہیں، کل وہی اس کی کامیابی کو تسلیم کریں گے۔
اس وقت یہ عرض کرناہے کہ ہمیں اب صرف معیاری ادارے کی ضرورت کا تذکرہ نہیں کرنا، بلکہ اس کے قیام کے لیے عملی قربانی دینی ہوگی۔ ہمیں ایسے افراد کی ضرورت ہے جو علم کو اپنی انفرادی شہرت کا ذریعہ نہیں، بلکہ امت کی امانت سمجھیں؛ جو اپنے سے زیادہ باصلاحیت لوگوں کو آگے بڑھانے کا حوصلہ رکھتے ہوں؛ اور جو ادارے کو اپنی ذات سے بلند تر سمجھتے ہوں۔
معیاری ادارے محض عمارتوں سے نہیں، بلند حوصلہ انسانوں، پاکیزہ نیتوں اور مضبوط علمی و انتظامی اصولوں سے وجود میں آتے ہیں۔
اب فیصلہ ہمیں کرنا ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کو بھی یہی شکایتیں منتقل کریں گے یا اپنے حصے کا چراغ روشن کر کے ان کے لیے ایک نئی راہ ہموار کریں گے۔
تراش کر سنگ و آہن نکالنی ہوگی منزل
بغیر شعلوں کے کھیل کھیلے نہ راہ دے گا کبھی زمانہ
ذوالقرنین وفا قاسمی نیپالی
متعلم: شعبہ افتاء
المعھد العالی الاسلامی حیدرآباد
3 اکتوبر 2026
