Nov 15, 2026 05:16 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
نوجوانوں! تعلیم ہی تقدیر بدل سکتی ہے  محمد ارمان قادری مصباحی

نوجوانوں! تعلیم ہی تقدیر بدل سکتی ہے محمد ارمان قادری مصباحی

15 Nov 2026
1 min read

نوجوانوں! تعلیم ہی تقدیر بدل سکتی ہے

محمد ارمان قادری مصباحی

،الامان ایجوکیشنل سوسائٹی۔

NIOS BOARD:Introduction and Full Process:

mohd arman misbahi

طلبائے مدارس کے لیے مواقع اور مکمل طریقۂ کار۔:NIOS BOARD 

تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، تہذیب اور خوش حالی کی بنیادی ضرورت ہے۔ کسی قوم کی تعمیر و ترقی کا خواب اس وقت تک شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک اس کے ہر فرد کو تعلیم حاصل کرنے کے مناسب مواقع میسر نہ ہوں۔ ہندوستان جیسے وسیع و عریض ملک میں جہاں قومی اور ریاستی سطح پر متعدد تعلیمی بورڈز اور ادارے کام کر رہے ہیں، وہاں آج بھی ایسے لاکھوں افراد موجود ہیں جو غربت، معاشی تنگ دستی، گھریلو ذمہ داریوں، ملازمت، سماجی حالات یا دیگر مجبوریوں کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل نہیں کر پاتے۔

کچھ بچے ایسے ہوتے ہیں جنہیں ابتدائی عمر ہی سے اسکول جانے کا موقع نہیں ملتا، بعض بچے آٹھویں یا نویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد گھریلو حالات کے سبب تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جب کہ بہت سے نوجوان ایسے بھی ہیں جو دینی تعلیم، ملازمت یا کاروبار میں مصروف ہونے کی وجہ سے اسکولوں کے روزانہ کے نظام میں شامل نہیں ہو سکتے۔ وقت گزرنے کے ساتھ جب انہیں اپنی تعلیمی کمی کا احساس ہوتا ہے تو وہ دوبارہ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، لیکن عمر، وقت، معاشی حالات اور تعلیمی نظام کی پابندیاں ان کے راستے میں رکاوٹ بن جاتی ہیں۔آخر کار وہ تعلیمی میدان میں اعلیٰ منزلوں تک پہنچانے کی کوئی سبیل نہیں پاتے ہیں 

ایسے حالات میں(نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولینگ) ان افراد کے لیے امید کی ایک روشن کرن ہے۔ یہ ادارہ ان لوگوں کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو کسی وجہ سے باقاعدہ اسکول میں داخلہ لے کر روزانہ کلاسوں میں شرکت نہیں کر سکتے۔ اس نظام کی خصوصیت یہ ہے کہ طالب علم اپنی سہولت کے مطابق مطالعہ کر سکتا ہے، اپنی پسند کے مضامین منتخب کر سکتا ہے اور مقررہ امتحانات میں شرکت کرکے ثانوی(سیکینڈری)اور اعلیٰ ثانوی(سینیر سیکنڈری) سطح کی سند حاصل کر سکتا ہے۔

یہ نظام خصوصاً غریب و پسماندہ طبقات، ملازمت پیشہ افراد، تعلیم سے محروم نوجوانوں، گھریلو ذمہ داریوں میں مصروف خواتین اور مدارس کے طلبہ کے لیے(این ائی او ایس)اہم تعلیمی امکانات رکھتا ہے۔ تاہم اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ نظام تعلیم، داخلے کے ضوابط، مضامین کے انتخاب، امتحانات اور اسناد کی حیثیت کو صحیح طور پر سمجھا جائے۔

                               کیا ہے؟ تعارف، قیام اور سرکاری حیثیت:NIOS

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ ہندوستان کا ایک قومی سطح کا تعلیمی ادارہ ہے، جو وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند کے محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی

  کے تحت ایک خود (Department of School Education and Literacy) 

مختار ادارے (Autonomous Institution) کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔ اس کا قیام 1989ء میں نیشنل اوپن اسکول (National Open School) کے نام سے عمل میں آیا، بعد ازاں اسے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ کا نام دیا گیا۔

اس ادارے کا بنیادی مقصد ان افراد تک تعلیم پہنچانا ہے جو روایتی تعلیمی نظام سے کسی وجہ سے استفادہ نہیں کر پاتے۔ان کے لئے این آئی آو ایس بورڈ 

فاصلاتی و آزادانہ تعلیم (Open and Distance Learning — ODL)  

 کے ذریعے سکینڈری، سینیر سیکنڈری، خاص اسکل ڈیولپمنٹ کورسز اور پیشہ ورانہ تعلیم کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

اس انسٹی ٹیوٹ کا ہیڈ افس سیکٹر 62، نوئیڈا، اتر پردیش میں واقع ہے۔ 2026–27 کے تعلیمی پراسپیکٹس کے مطابق اس کے تعلیمی نیٹ ورک میں ملک بھر میں 20, ریجنل سینٹرز 3,سیلز اور 11000,سے زائد اسٹڈی سینٹرز شامل ہیں۔ یہ مراکز ہندوستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ نیپال اور مشرقِ وسطیٰ کے بعض ممالک میں بھی موجود ہیں۔ پراسپیکٹس میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مجموعی داخلوں کی تعداد 23.52 لاکھ سے زائد اور 2024–25 کے دوران 5.04 لاکھ سے زیادہ داخلوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ 

یہ اعداد و شمار اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ اس ادارے نے فاصلاتی تعلیم کے ذریعے بڑی تعداد میں طلبہ تک رسائی حاصل کی ہے۔ 

          این ائی او ایس کی اسناد کی حیثیت اور اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں

اس ادارے کی ایک اہم خصوصیت اس کی تعلیمی اسناد کی سرکاری حیثیت ہے۔

اس کے ذریعے حاصل ہونے والی سیکنڈری اور سینئر سیکنڈری کی اسناد کو( سی ائی ایس سی ای)،(سی بی ایس ای )اور دیگر ریاستی تعلیمی بورڈز کی اسناد کے مساوی تسلیم کیا جاتا ہے۔

 این آئی او ایس کے سرکاری تعلیمی مواد کے مطابق، اس کی اسناد ۱۴ ستمبر ۱۹۹۰ء کے حکومتی فیصلے اور متعلقہ تعلیمی منظوریوں کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیم کے لیے قابلِ قبول ہیں۔

مزید یہ کہ ۲۰۲۵ء میں آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) نے بھی اپنے منظور شدہ اداروں کو ہدایت دی کہ این آئی او ایس سے کامیاب ہونے والے طلبہ کو دیگر تسلیم شدہ تعلیمی بورڈز کے طلبہ کے مساوی حیثیت دی جائے، بشرطیکہ وہ متعلقہ کورس کے مقررہ اہلیتی معیار پر پورا اترتے ہوں۔ 

مثلاً میڈیکل، انجینئرنگ اور دیگر تخصصی کورسز میں داخلے کے لیے مخصوص مضامین کی تعلیم اور دیگر مقررہ اہلیتی شرائط پوری کرنا ضروری ہوتا ہے۔ لہٰذا داخلے کے لیے درخواست دینے سے قبل متعلقہ یونیورسٹی یا کورس کی شرائط اور ضوابط کی مکمل معلومات حاصل کرلینی چاہئیں۔  جاری۔۔۔۔

                        طلبائے مدارس کے لیے این آئی او ایس کی اہمیت

ہندوستان میں مدارس کا ایک وسیع تعلیمی نظام موجود ہے، جہاں طلبہ قرآن، حدیث، فقہ، تفسیر، عربی اور دیگر دینی علوم حاصل کرتے ہیں۔ بہت سے مدارس میں درس نظامی کے ساتھ مولوی، عالم اور فاضل جیسے درجات کی تعلیم دی جاتی ہے۔(مگر ان کی قانونی حیثیت سے ہر کوئی واقف ہے۔ویسے تو ان درجوں کی اسناد کو ان کے مساوی کورسز سیکنڈری، سینیر سیکنڈری اور گریجویشن دیگر اسناد کی مساوات حاصل ہے مگر جب اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ان کے ذریعے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے یا کسی اور طرح کی سرکاری ضرورت پڑنے پر ان کو سرکاری محکموں میں سند کے طور پر پیش کیا جاتا ہے تو کس طرح کی دشواریاں سامنے آتی ہیں اس سے ہر کوئی واقف ہے) مدارس کے ان طلبہ میں بڑی تعداد ایسے نوجوانوں کی بھی ہوتی ہے جو دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد عصری تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، مگر ان کے سامنے یہ سوال ہوتا ہے کہ وہ اپنی دینی مصروفیات کو جاری رکھتے ہوئے اسکولی سطح کی تعلیم کس طرح مکمل کریں۔

این آئی او ایس بورڈ اس سلسلے میں ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ مدارس کے طلبہ اپنی دینی تعلیم کے ساتھ ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح کے مضامین کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ اس طرح وہ دینی علوم کے ساتھ اردو، انگریزی، ریاضی، سائنس، سماجی علوم، کمپیوٹر اور دیگر مضامین سے بھی واقفیت حاصل کر سکتے ہیں۔

اس سے ان طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے راستے کھل سکتے ہیں جو مستقبل میں یونیورسٹی، تدریس، تحقیق، مقابلہ جاتی امتحانات یا دیگر شعبوں میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ البتہ یہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ این آئی او ایس کی سند حاصل کرنا اور کسی مخصوص اعلیٰ تعلیمی کورس میں داخلے کے لیے اہل ہونا دو الگ باتیں ہیں؛ داخلے کے لیے مطلوبہ مضامین اور دیگر شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔

                                    این آئی او ایس کے تعلیمی پروگرام اور کورسز۔         

این آئی او ایس بنیادی طور پر درج ذیل تعلیمی شعبوں میں مواقع فراہم کرتا ہے

                                                   (OPEN BASIC EDUCATION) (او بی ای) 

یہ پروگرام ان افراد کے لیے ہے جو بنیادی سطح کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں یا اپنی ابتدائی تعلیمی کمی کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے تین درجے ہیں

 او بی ای لیول اے — جماعت سوم(تھرڈ کلاس) کے مساوی۔ OBE

 او بی ای لیول بی        — جماعت پنجم(فِفتھ کلاس) کے مساوی۔

او بی ای لیول سی        — جماعت ہشتم(ایٹتھ کلاس) کے مساوی۔

سیکنڈری کورس         — دسویں جماعت(ٹینتھ کلاس) کے مساوی ۔

یہ ہائی اسکول کے مساوی تعلیمی پروگرام ہے۔ وہ طلبہ جو آٹھویں جماعت پاس کر چکے ہوں یا مقررہ ضوابط کے مطابق خود تصدیقی سرٹیفکیٹ پیش کر سکیں، اس میں داخلے کے اہل ہیں۔

 سینئر سیکنڈری کورس— بارہویں جماعت (ٹویلتھ کلاس) کے مساوی ۔

یہ ٹُویلتھ کلاس کے مساوی پروگرام ہے۔ اس میں داخلے کے لیے کسی تسلیم شدہ بورڈ سے ثانوی(سیکنڈری) امتحان پاس ہونا ضروری ہے۔اس کے علاوہ این آئی او ایس دیگر

ووکیشنل ایجوکیشنل کورسز اور (Vocational Educational courses)

مختلف پیشہ ورانہ اور ہنر پر مبنی کورسز بھی پیش کرتا ہے، جن کا مقصد طلبہ کوا روزگار، فنی مہارت اور خود روزگاری کے لیے تیار کرنا ہے۔ ان کورسز کی نوعیت اور اہلیت الگ الگ ہو سکتی ہے۔

: لائف اِنرچمنٹ پروگرامز

یہ پروگرام عمومی معلومات، ذاتی ترقی اور زندگی کے مختلف پہلوؤں سے متعلق مہارتوں میں اضافے کے لیے ہوتے ہیں۔ ان کی موجودہ دستیابی اور شرائط این آئی او ایس کی ویب سائٹ سے معلوم کی جا سکتی ہیں۔

 مضامین کا انتخاب اور زبانوں کی سہولت۔

این آئی او ایس کے نظام میں طالب علم کو مضامین کے انتخاب کی خاص آزادی حاصل ہے۔ ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح پر سند حاصل کرنے کے لیے کم از کم پانچ مضامین میں کامیابی ضروری ہے۔ ان میں کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو زبانوں کے مضامین شامل ہونے چاہئیں۔ طالب علم اپنی ضرورت کے مطابق دو اضافی مضامین بھی لے سکتا ہے، اس طرح زیادہ سے زیادہ سات مضامین منتخب کیے جا سکتے ہیں۔

ثانوی سطح پر اردو، ہندی، انگریزی، سنسکرت، ریاضی(میٹھس)، سائنس، سماجی سائنس اور متعدد دیگر مضامین دستیاب ہیں۔ اعلیٰ ثانوی سطح پر بھی اردو، ہندی، انگریزی،سائنس،سوشل سائنس، پولیٹیکل سائنس، کیمسٹری، بائیولوجی، فزکس،

طبیعیات، کیمیا، حیاتیات، ریاضی، تاریخ، سیاسیات، معاشیات اور دیگر مضامین کے انتخاب کی سہولت موجود ہے۔ البتہ ہر سطح پر تمام مضامین اور تمام زبانیں یکساں طور پر دستیاب نہیں ہوتیں؛ حتمی فہرست پراسپیکٹس میں دیکھی جا سکتی ہیں۔

تعلیم کا ذریعہ بھی مختلف زبانوں میں دستیاب ہے۔ ۲۰۲۶–۲۷ء کے پراسپیکٹس کے مطابق ثانوی سطح پر اردو، ہندی، انگریزی سمیت متعدد زبانوں اور اعلیٰ ثانوی سطح پر اردو، ہندی، انگریزی، بنگالی، گجراتی، سنسکرت اور اوڑیا وغیرہ سبجیکٹس دستیاب ہیں۔

مدارس کے طلبہ کے لیے اردو میڈیم اور اپنی پسند کے مضامین کا انتخاب ایک اہم سہولت ہے۔ مگر یہ کہ بارہویں کے بعد جس شعبے میں داخلہ لینا مقصود ہو، اس کے تقاضوں کو سامنے رکھ کر ہی مضامین منتخب کیے جائیں۔

داخلے کی اہلیت اور عمر کی حد۔      

این آئی او ایس میں داخلے کے لیے عمر کی کوئی بالائی حد مقرر نہیں ہے۔ یعنی کوئی شخص اپنی عمر کے کسی بھی مرحلے میں، مقررہ اہلیت پوری کرکے تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔

 ثانوی کورس میں داخلے کے لیے کم از کم عمر ۱۴ سال ہے۔ اعلیٰ ثانوی کورس میں داخلے کے لیے کم از کم عمر ۱۵ سال ہے۔ ثانوی کورس کے لیے آٹھویں جماعت پاس ہونے کا سرٹیفکیٹ یا مقررہ طریقے کے مطابق سیلف سرٹیفکیٹ درکار ہوتا ہے۔اعلیٰ ثانوی کورس کے لیے کسی تسلیم شدہ بورڈ سے دسویں جماعت پاس ہونا ضروری ہے۔ یہاں تک کہ کسی دوسرے بورڈ سے فیل ہونے والے طلبہ بھی اپنی فعل مارکشیٹ  لگا کر تعلیم این ائی او ایس بورڈ سے جاری رکھ سکتے ہیں اور مزید کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

عمر کا اعتبار داخلے کے بلاک کے مطابق مختلف ہوتا ہے۔ اس لیے داخلے کے وقت متعلقہ پراسپیکٹس کے جدول میں دی گئی عمر کے شرائط اور دیگر تاریخوں کو دیکھنا ضروری ہے۔

کی معلومات ۔(Admission streams )داخلے کے چار اسٹریمز 

این آئی او ایس سال بھر میں مختلف زمروں کے طلبہ کی ضروریات کے مطابق چار اسٹریمز میں آن لائن داخلے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

پہلا اسٹریم (اسٹریم وَن): یہ عام طلبہ کے لیے بنیادی داخلہ نظام ہے۔ اس میں سال کے دو بلاکس کے تحت داخلے ہوتے ہیں۔ پہلے بلاک میں داخلہ لینے والے طلبہ عموماً اگلے مارچ-اپریل کے امتحان میں اور دوسرے بلاک میں داخلہ لینے والے طلبہ اگلے ستمبر-اکتوبر کے امتحان میں شرکت کے اہل ہوتے ہیں، بشرطیکہ وہ تمام شرائط پوری کریں۔

دوسرا اسٹریم (اسٹریم ٹو ): یہ ان طلبہ کے لیے مخصوص ہے جو کسی تسلیم شدہ بورڈ کے امتحان میں شریک ہوئے لیکن کامیاب نہ ہو سکے، یا کسی وجہ سے امتحان میں شرکت نہیں کر سکے۔ ان کے لیے این آئی او ایس کے تحت متعلقہ مضامین میں امتحان دینے کا راستہ موجود ہے۔

تیسرا اسٹریم (اسٹریم تِھری): یہ ثانوی سطح کے ان طلبہ کے لیے ہے جو پہلے سے کسی تسلیم شدہ بورڈ سے دسویں پاس ہیں یا متعلقہ شرائط کے مطابق امتحان میں کامیاب نہیں ہو سکے، اور اپنی تعلیمی قابلیت بہتر بنانے یا مضامین کی تکمیل کے لیے آن ڈیمانڈ ایگزامینیشن کے ذریعے داخلہ چاہتے ہیں۔

چوتھی اسٹریم (اسٹریم فورتھ): یہ اعلیٰ ثانوی سطح پر ایسے طلبہ کے لیے ہے جو پہلے ہی بارہویں یا اس سے اعلیٰ تعلیم کسی تسلیم شدہ بورڈ یا یونیورسٹی سے حاصل کر چکے ہوں اور ایک سے چار مضامین تک اضافی تعلیم یا اپنی قابلیت بہتر بنانا چاہتے ہوں، یا متعلقہ شرائط کے مطابق امتحان دینا چاہتے ہوں۔

اسٹریمز کے قواعد، امتحان میں شرکت کی اہلیت اور مضامین کی حدود مختلف ہیں؛ اس لیے داخلہ لینے سے پہلے موجودہ سال کے پراسپیکٹس کا مطالعہ کر لینا ضروری ہے۔

       آن لائن داخلے کا مکمل طریقۂ کار

این آئی او ایس میں داخلے کا عمل بنیادی طور پر آن لائن ہے۔ طالب علم خود بھی درخواست دے سکتا ہے یا کسی قریبی تسلیم شدہ اسٹڈی سینٹر، کامن سروس سینٹر یا متعلقہ ریجنل سینٹر سے رہنمائی لے سکتا ہے۔

داخلے کے عمومی مراحل یہ ہیں

 این آئی او ایس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسٹوڈنٹ پورٹل پر جائیں۔

 مطلوبہ کورس اور داخلے کا اسٹریم منتخب کریں۔

 ذاتی معلومات، تاریخِ پیدائش، پتہ اور تعلیمی تفصیلات درج کریں۔

 مطلوبہ مضامین اور زبان کا انتخاب کریں۔

تصویر، دستخط اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کریں۔

               درخواست کی تفصیلات اچھی طرح جانچ کر فیس آن لائن جمع کریں۔

 درخواست جمع ہونے کے بعد رسید اور داخلے سے متعلق معلومات محفوظ رکھیں۔

اپنے داخلے کی منظوری اور اسٹڈی سینٹر کی تفصیلات پورٹل پر چیک کرتے رہیں۔

عام طور پر شناخت، تاریخِ پیدائش، پتہ اور سابقہ تعلیمی قابلیت سے متعلق دستاویزات درکار ہوتی ہیں۔

 اعلیٰ ثانوی داخلے کے لیے دسویں جماعت کا سرٹیفکیٹ بنیادی دستاویز ہے۔ دستاویزات کی مکمل اور حتمی فہرست داخلے کے زمرے کے مطابق پراسپیکٹس میں دیکھی جائے۔

 داخلہ اخراجات اور امتحانی فیس

این آئی او ایس کے ۲۰۲۶–۲۷ء کے تعلیمی پراسپیکٹس میں اسٹریم وَن کے تحت پانچ مضامین کے داخلہ اخراجات درج کیے گئے ہیں۔ ثانوی کورس کے لیے عمومی زمرے میں مرد امیدوار کی فیس ۲,۳۴۰ روپے، خواتین اور تھرڈ جینڈر کے لیے ۱,۸۹۰ روپے اور مقررہ رعایتی زمرے (ایس سی/ایس ٹی، سابق فوجی اور معذور افراد) کے لیے ۱,۵۶۰ روپے درج ہے۔

اعلیٰ ثانوی کورس کے لیے عمومی زمرے میں مرد امیدوار کی فیس ۲,۶۰۰ روپے، خواتین اور تھرڈ جینڈر کے لیے ۲,۱۵۰ روپے اور مقررہ رعایتی زمرے کے لیے ۱,۶۹۰ روپے ہے۔ ہر اضافی مضمون کی فیس ۹۴۰ روپے درج ہے۔ آن لائن لین دین پر ۷۰ روپے اضافی چارج بھی درج لگتا ہے۔

یہ داخلہ فیس ہے، امتحانی فیس اس میں شامل نہیں۔ پراسپیکٹس کے مطابق پبلک امتحان کے لیے عمومی امتحانی فیس ۳۰۰ روپے فی مضمون اور ایسے مضامین میں عملی امتحان (پریکٹیکل) کی اضافی فیس ۱۵۰ روپے فی مضمون ہے۔ فیس اور رعایتوں میں تبدیلی ممکن ہے، اس لیے رقم جمع کرنے سے پہلے موجودہ پورٹل پر تصدیق ضرور کرنی چاہیے۔

 مطالعے کا نظام اور تعلیمی معاونت

این آئی او ایس کا نظام روایتی اسکولوں سے مختلف ہے۔ یہاں طالب علم روزانہ اسکول جا کر کلاسوں میں شرکت کرنے کے بجائے خود مطالعہ (سیلف لرننگ) کرتا ہے اور ضرورت کے وقت تعلیمی معاونت حاصل کرتا ہے۔

این آئی او ایس طلبہ کو مطالعے کے لیے خود تدریسی کتابیں (سیلف انسٹرکشنل میٹریل) فراہم کرتا ہے۔ داخلے کے بعد مقررہ طریقے کے مطابق مطبوعہ کتابیں ڈاک کے ذریعے بھیجی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل کتابیں، آڈیو، ویڈیو اور آن لائن تعلیمی مواد بھی دستیاب ہے۔

اسٹڈی سینٹرز میں ذاتی رابطہ پروگرام (پرسنل کانٹیکٹ پروگرام — پی سی پی) کے ذریعے اساتذہ سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ان نشستوں کا مقصد طلبہ کی مشکلات دور کرنا، مضامین کی وضاحت کرنا اور امتحان کی تیاری میں مدد دینا ہے۔ این آئی او ایس کے سرکاری یوٹیوب چینلز پر ٹیچرز تمام تعلیمی پروسیس کی رہنمائی کرتے ہیں اور وقت پر بچوں کی پریشانیوں معقول حل پیش کرتے ہیں۔اس طرح طالب علم گھر بیٹھے بھی مطالعہ کر سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر اسٹڈی سینٹر سے رہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔ 

 ٹیوٹر مارکڈ اسائنمنٹ (ٹی ایم اے) اور داخلی جائزہ

این آئی او ایس کے تعلیمی نظام میں بعض کورسز اور اسٹریمز کے لیے ٹیوٹر مارکڈ اسائنمنٹ (ٹی ایم اے) کی سہولت موجود ہے۔ اس کے ذریعے طالب علم کو نصابی موضوعات پر تحریری کام دیا جاتا ہے، جسے مقررہ طریقے سے مکمل کرکے جمع کرنا ہوتا ہے۔ اسائنمنٹ کا مقصد طالب علم کی مسلسل تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ ٹی ایم اے کے قواعد ہر اسٹریم کے لیے یکساں نہیں۔ مثلاً این آئی او ایس کے عمومی سوالات و جوابات (ایف اے کیو) میں اسے اسٹریم وَن کے لیے بیان کیا گیا ہے۔ اس لیے طلبہ کو اپنے داخلے کے اسٹریم کے مطابق ٹی ایم اے کی ضرورت، جمع کرانے کی آخری تاریخ اور نمبرات کی تفصیل معلوم کرنی چاہیے۔

امتحانی نظام: سال میں دو مرتبہ امتحان

این آئی او ایس کا امتحانی نظام بھی طلبہ کی سہولت کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کے تحت سال میں دو مرتبہ پبلک امتحانات منعقد کیے جاتے ہیں۔ عام طور پر یہ امتحانات مارچ-اپریل اور ستمبر-اکتوبر کے دورانیے میں ہوتے ہیں، تاہم حتمی تاریخیں این آئی او ایس کی جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہوتی ہیں۔

طالب علم کو داخلے کی مدت کے دوران امتحانات میں شرکت کے متعدد مواقع ملتے ہیں۔ ۲۰۲۶–۲۷ء کے پراسپیکٹس میں داخلے کی پانچ سالہ مدت کے اندر زیادہ سے زیادہ نو مواقع کا ذکر کیا گیا ہے۔

آن ڈیمانڈ ایگزامینیشن سسٹم (او ڈی ای ایس) این آئی او ایس کی ایک اہم سہولت ہے۔ اس نظام میں اہل طلبہ مقررہ شرائط کے مطابق اپنی سہولت کے وقت امتحان دے سکتے ہیں۔ تاہم یہ سہولت ہر طالب علم اور ہر مضمون کے لیے بلاشرط دستیاب نہیں؛ طالب علم صرف انہی مضامین میں امتحان دے سکتا ہے جن میں اس نے این آئی او ایس میں داخلہ لیا ہو اور متعلقہ اہلیت پوری کرتا ہو۔

امتحانات میں بعض مضامین کے لیے صرف تحریری امتحان ہوتا ہے، جب کہ سائنس اور دیگر عملی مضامین میں نظری (تھیوری) اور عملی (پریکٹیکل) امتحان بھی شامل ہوتا ہے۔ اس لیے ہر مضمون کی امتحانی اسکیم اور نمبرات کی تقسیم الگ سے دیکھنی بہت اہم ہے ۔

کامیابی کے نمبر اور سند حاصل کرنے کا معیار

ثانوی اور اعلیٰ ثانوی دونوں سطحوں پر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے کم از کم پانچ مضامین میں کامیابی ضروری ہے، جن میں کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو زبانوں کے مضامین شامل ہوں۔

  پراسپیکٹس کے مطابق ہر مضمون میں مجموعی طور پر کم از کم ۳۳ فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہے۔ اعلیٰ ثانوی سطح پر جن مضامین میں نظری اور عملی امتحان دونوں ہوتے ہیں، ان میں دونوں حصوں میں الگ الگ کم از کم ۳۳ فیصد نمبر حاصل کرنے کی شرط بھی درج ہے۔ ثانوی سطح پر ٹی ایم اے اور دیگر متعلقہ نمبرات کے حساب کا طریقہ بھی پراسپیکٹس میں بیان کیا گیا ہے۔

کریڈٹ ٹرانسفر، جزوی داخلہ اور پانچ سالہ مدت

این آئی او ایس ان طلبہ کے لیے بھی سہولت فراہم کرتا ہے جو کسی دوسرے تسلیم شدہ بورڈ سے کچھ مضامین پاس کر چکے ہوں، مگر مکمل سند حاصل نہ کر سکے ہوں یا اپنی تعلیمی قابلیت کو آگے بڑھانا چاہتے ہوں۔

ٹرانسفر آف کریڈٹ (ٹی او سی) کے تحت طالب علم دوسرے تسلیم شدہ بورڈ سے پاس کیے گئے زیادہ سے زیادہ دو مضامین کے کریڈٹ این آئی او ایس میں منتقل کرا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ مضامین این آئی او ایس کے نصاب میں بھی موجود ہوں اور متعلقہ بورڈ سے ان کے نتائج کی تصدیق ہو سکے۔

اسی طرح جزوی داخلہ (پارٹ ایڈمیشن) کے تحت ایک سے چار مضامین تک داخلہ لینے کی سہولت موجود ہے۔ اس کا مقصد ان طلبہ کو موقع دینا ہے جو اپنی سابقہ تعلیمی قابلیت میں اضافے یا بہتری کے لیے چند مضامین پڑھنا چاہتے ہیں۔ اس زمرے میں سند کے بجائے متعلقہ قواعد کے مطابق مارک شیٹ جاری ہو سکتی ہے۔

این آئی او ایس میں داخلہ پانچ سال تک مؤثر رہتا ہے۔ اس مدت میں طالب علم مختلف امتحانات میں ایک یا زیادہ مضامین دے کر اپنے کریڈٹ جمع کر سکتا ہے، یہاں تک کہ مطلوبہ پانچ مضامین میں کامیابی حاصل کر لے۔

این آئی او ایس اور روایتی اسکولوں کے نظام میں فرق

روایتی اسکولوں میں طلبہ کو مقررہ اوقات میں روزانہ کلاسوں میں حاضر ہونا پڑتا ہے، جب کہ این آئی او ایس میں طالب علم کو خود مطالعے اور امتحان کی تیاری کے لیے زیادہ آزادی حاصل ہوتی ہے۔ روایتی اسکولوں میں مضامین اور تعلیمی شیڈول ادارے کے مطابق طے ہوتے ہیں، جب کہ این آئی او ایس میں طالب علم کو مقررہ قواعد کے اندر رہتے ہوئے مضامین کے انتخاب اور امتحانات میں شرکت کے مواقع ملتے ہیں۔

اس کا یہ مطلب نہیں کہ این آئی او ایس میں تعلیم آسان یا غیر سنجیدہ ہے۔ طالب علم کو نصاب مکمل کرنا، مطالعہ کرنا، اسائنمنٹ یا عملی کام کی متعلقہ شرائط پوری کرنا اور امتحان میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے۔ جو طالب علم باقاعدگی سے مطالعہ کرے، وقت کی منصوبہ بندی کرے اور اسٹڈی سینٹر کی رہنمائی سے فائدہ اٹھائے، وہ اس نظام سے بہتر نتائج حاصل کر سکتا ہے۔ 

مدارس اور تعلیمی ادارے این آئی او ایس کے اسٹڈی سینٹر کیسے بن سکتے ہیں؟

این آئی او ایس صرف طلبہ کو داخلہ دینے والا ادارہ نہیں بلکہ مختلف تعلیمی اداروں کو اپنے ساتھ شریک کرکے اسٹڈی سینٹرز کا نیٹ ورک بھی قائم کرتا ہے۔ اس کے تحت اداروں کو ان کی نوعیت کے مطابق مختلف حیثیتیں دی جاتی ہیں

ایکریڈیٹڈ انسٹی ٹیوشن (اے آئی): ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی کورسز کے لیے۔

ایکریڈیٹڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوشن (اے وی آئی): پیشہ ورانہ تعلیم کے کورسز کے لیے۔

 ایکریڈیٹڈ ایجنسی (اے اے): اوپن بیسک ایجوکیشن کے لیے۔

اسٹڈی سینٹر بننے والے ادارے طلبہ کے داخلے، تعلیمی رہنمائی، رابطہ پروگرام، عملی امتحانات اور این آئی او ایس کے مقررہ ضوابط کے مطابق دیگر خدمات میں تعاون کرتے ہیں۔

مدارس کے سلسلے میں این آئی او ایس کے سرکاری عمومی سوالات و جوابات (ایف اے کیو) میں ایس پی کیو ای ایم (اسکیم فار پرووائیڈنگ کوالٹی ایجوکیشن اِن مدارس) کے تحت مدارس، مکاتب اور دارالعلوم کے لیے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح کے اسٹڈی سینٹر بننے کا ذکر موجود ہے۔ اس میں تین سال سے قائم مدارس، مدرسہ بورڈ یا وقف بورڈ سے وابستگی، بعض صورتوں میں این سی ایم ای آئی سے اقلیتی حیثیت، اور آزادانہ حیثیت رکھنے والے بعض مدارس کے لیے مخصوص شرائط بیان کی گئی ہیں۔ ان میں مولوی، عالم اور فاضل کورسز، رہائشی سہولت، تین سال پرانی رجسٹرڈ سوسائٹی یا ٹرسٹ، مطلوبہ بنیادی انفراسٹرکچر اور تعلیمی اسناد کی دوسری اعلیٰ تعلیمی اداروں سے منظوری جیسے نکات شامل ہیں۔

تاہم اس ایف اے کیو میں موجود بعض شرائط اور فیس کی تفصیلات پرانی ہو سکتی ہیں۔ اس لیے کسی مدرسے یا ادارے کو درخواست دینے سے پہلے این آئی او ایس کے موجودہ ایکریڈیٹیشن بائی لاز، متعلقہ نوٹیفکیشن اور ای ایکریڈیٹیشن پورٹل پر موجود تازہ شرائط کی تصدیق کرنے کے بعد آپ حضرات پیشقدمی کر سکتے ہیں۔ 

تعلیمی بیداری اور خدمتِ خلق کا ایک اہم میدان

این آئی او ایس کا تعارف صرف داخلہ لینے والے طلبہ تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ معاشرے میں ایسے بے شمار افراد موجود ہیں جو تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، مگر انہیں اس نظام کی معلومات نہیں۔ ایسے افراد تک درست معلومات پہنچانا، انہیں داخلے کے طریقے سے واقف کرانا، مضامین کے انتخاب میں رہنمائی دینا اور ضرورت مند طلبہ کی مالی مدد کرنا ایک اہم تعلیمی خدمت ہے۔

مدارس، تعلیمی سوسائٹیاں، سماجی تنظیمیں، اساتذہ اور اہلِ خیر حضرات اس سلسلے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ اپنے علاقوں میں تعلیمی بیداری مہم چلا سکتے ہیں، این آئی او ایس کے مستند پراسپیکٹس اور ویب سائٹس سے لوگوں کو واقف کرا سکتے ہیں اور ایسے نوجوانوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں جو تعلیم چھوڑ چکے ہیں یا دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اگر کوئی ادارہ این آئی او ایس کے مقررہ معیار پر پورا اترتا ہو تو وہ اسٹڈی سینٹر کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ اس سے مقامی طلبہ کو تعلیمی معاونت اپنے ہی علاقے میں میسر آ سکتی ہے۔ البتہ منظوری ملنے سے پہلے کسی ادارے کو خود کو این آئی او ایس کا منظور شدہ اسٹڈی سینٹر ظاہر نہیں کرنا چاہیے، نہ ہی این آئی او ایس کے نام پر غیر مجاز داخلے یا امتحانات کا انتظام کرنا چاہیے۔

این آئی او ایس کے اہم سرکاری پورٹلز اور رابطے

این آئی او ایس سے متعلق انفرمیشن، داخلے، امتحانات، نتائج اور اداروں کی منظوری کے لیے مختلف سرکاری پورٹلز استعمال کیے جاتے ہیں۔ طلبہ اور اداروں کو غیر مستند ویب سائٹس کے بجائے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔

 www.nios.ac.in  —  این آئی او ایس کی مرکزی ویب سائٹ، نوٹیفکیشن، پراسپیکٹس اور عمومی معلومات۔آن لائن داخلہ اور متعلقہ خدمات| results.nios.ac.in — امتحانی نتائج          

     eaccr.nios.ac.in۔        

اداروں کی ایکریڈیٹیشن کے لیے درخواست اور اس کی پیش رفت       projects.nios.ac.in 

این آئی او ایس کے مختلف منصوبوں اور سرکاری پورٹلز سے متعلق معلومات       

طلبہ کی رہنمائی کے لیے این آئی او ایس کا لرنر سپورٹ سینٹر، ٹول فری نمبر ۱۸۰۰۱۸۰۹۳۹۳ اور ای میل ایل ایس سی ایٹ این آئی او ایس ڈاٹ اے سی ڈاٹ اِن بھی موجود ہے۔ 

داخلے، امتحانات، فیس یا اسٹڈی سینٹر سے متعلق کسی بھی مسئلے میں سرکاری پورٹل اور متعلقہ ریجنل سینٹر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

تعلیم کا دروازہ ہر فرد کے لیے کھلا رہنا چاہیے

تعلیم صرف ایک سند یا ملازمت حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسان کی شخصیت، شعور، صلاحیت اور سماجی کردار کی تعمیر کا بنیادی وسیلہ ہے۔ کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب اس کے ہر فرد کو اپنی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع ملے۔

این آئی او ایس کا نظام ان لوگوں کے لیے ایک قابلِ قدر موقع فراہم کرتا ہے جن کے لیے روایتی تعلیمی نظام میں تعلیم جاری رکھنا ممکن نہیں۔ خاص طور پر مدارس کے طلبہ کے لیے یہ ایک ایسا راستہ ہے جس کے ذریعے وہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ اسی طرح وہ نوجوان جو غربت، ملازمت یا گھریلو مجبوریوں کے باعث تعلیم سے دور ہو گئے ہیں، وہ بھی دوبارہ اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کر سکتے ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ این آئی او ایس کے بارے میں صحیح اور مستند معلومات عام کی جائیں، اس کے قواعد و ضوابط کو سمجھا جائے، طلبہ کی مناسب رہنمائی کی جائے اور غریب و مستحق افراد کو تعلیم کے حصول میں تعاون فراہم کیا جائے۔ مدارس اور تعلیمی ادارے بھی اپنی استعداد اور این آئی او ایس کے مقررہ ضوابط کے مطابق اس تعلیمی نظام سے وابستہ ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

تعلیم کا کوئی راستہ عمر، حالات یا مجبوریوں کی وجہ سے ہمیشہ کے لیے بند نہیں ہونا چاہیے۔ این آئی او ایس اسی تصور کو عملی شکل دینے کی ایک اہم کوشش ہے کہ تعلیم ہر اس شخص تک پہنچے جو سیکھنے کا  جذبہ رکھتا ہےکسی بھی طرح کی مدد کے لیے رابطہ کریں۔

armanrazaqadri4444@gmail.com

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)