نیپال سیلاب کی تباہ کاریاں، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نیپالی سفارت خانے پہنچ گئے، دلی تعزیت کا اظہار
احمد رضا ابن عبدالقادر اویسی
نیپال اردو ٹائمز
کاٹھمانڈو
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں واقع نیپالی سفارت خانے کا خصوصی دورہ کیا اور بھوٹیکوشی میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث نیپال میں ہونے والے بڑے جانی و مالی نقصان پر گہری تعزیت اور نیپالی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت اس مشکل گھڑی میں اپنے ہمسایہ ملک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔سفارت خانے آمد پر وزیر دفاع نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور بھارتی حکومت و عوام کی جانب سے سیلاب میں زندگی گنوانے والوں کو عقیدت پیش کی۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے میں زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں بھارت برابر کا شریک ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔اپنے بیان میں وزیر دفاع نے بتایا کہ ٢٦ اگست کو آنے والے اس سیلاب سے نہ صرف نیپالی شہریوں کو نقصان پہنچا ہے بلکہ وہاں موجود بھارتی اور دیگر غیر ملکی شہری بھی اس کی زد میں آئے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ نیپال کے لیے سکھ دکھ کا ساتھی بن کر کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا
۔راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ نیپال کی حکومت کی جانب سے جاری تلاش، بچاؤ اور متاثرین کی بحالی کی کوششوں میں بھارت ہر ممکن تعاون کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے اور ضرورت کے مطابق امداد فراہم کرتا رہے گا۔
