سوشل اردو ہائی اسکول سولاپور کے ممتاز استاد رضوان شیخ 'مثالی مدرس ایوارڈ' سے سرفراز
؛ تعلیمی و ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر
سولاپور (سلطان اختر): کل ہند اردو ادبی کانفرنس سولاپور کے زیرِ اہتمام 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ کے پروقار موقع پر ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں شہر کے معروف ادارے سوشل اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج آف سائنس سولاپور کے متحرک و فعال , انگریزی کے سنئیر و مثالی استادجناب رضوان عبدالجلیل شیخ کو ان کی گراں قدر تدریسی خدمات اور طلبا کی بہترین علمی و اخلاقی رہنمائی کے اعتراف میں 'مثالی مدرس ایوارڈ' سے نوازا گیا۔
انہیں یہ باوقار ایوارڈ تقریب کے مہمانِ خصوصی، سابق رکنِ اسمبلی جناب دلیپ مانے کے دستِ سے پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائس پر ادارے کے صدر و سابق میئر جناب یو این بیریا، جناب ایوب نلامندو، اور ناظمِ اجلاس جناب اشفاق ساتکھڑ کے علاوہ دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس مسرت کن کامیابی پر سوشل اردو ہائی اسکول کے پرنسپل جناب رسول چودھری سمیت تمام اساتذہ و غیر تدریسی عملے نے رضوان شیخ سر کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن تعلیمی مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ جناب رضوان شیخ طویل عرصے سے انگریزی کے ماہر استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل بھی ان کی بہترین خدمات پر مختلف اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔موصوف نہ صرف انگریزی زبان و ادب کے ممتاز ماہر ہیں، بلکہ اول العزم، دور اندیش، اردو نواز اور پیکرِ اخلاص شخصیت کے حامل ہیں۔ طلبا کی تعلیمی و اخلاقی تربّیت کے لیے ان کی فکر اور لگن ہمیشہ قابِلِ تقلید رہی ہے۔"
