May 6, 2026 05:16 PM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
حسان الہند علامہ سید غلام علی آزاد بلگرامی: ایک تعارف

حسان الہند علامہ سید غلام علی آزاد بلگرامی: ایک تعارف

06 May 2026
1 min read

حسان الہند علامہ سید غلام علی آزاد بلگرامی: ایک تعارف

> "11 مئی پیر کو خلدآباد میں آپ کا عرس منایا جائے گا، جس میں مشائخ بلگرام شریف میں حضرت ڈاکٹر سید بادشاہ میاں واسطی و حضرت سید انس میاں واسطی جلوہ بار ہوں گے"

__غلام مصطفیٰ رضوی 

ہندوستان کی تاریخ میں اپنے تحقیقی، فکری، روحانی، تاریخی، ادبی کارہاے علمیہ کے اعتبار سے حسان الہند علامہ میر سید غلام علی آزاد چشتی بلگرامی علیہ الرحمۃ کا اسم ممتاز حیثیت کا حامل ھے-

(1) حسان الہند علامہ میر سید غلام علی آزاد بلگرامی علیہ الرحمہ بارہویں صدی ہجری کے عظیم مؤرخ ہیں-

(2) بچپن ہی میں آپ کو خواب میں جلوۂ حبیبِ اعظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی زیارت کا شرف حاصل ہوا اور پھر تسکینِ قلب کے لیے زیارتِ حرمین طیبین کے لیے تنِ تنہا پروانہ وار نکل پڑے۔ قلب وارفتہ سے وہ اشعار حیطۂ تحریر میں آئے کہ قبولیت کی منزل مقدر بنی-

(3) شہرِ محبت مدینہ پاک میں محدث حجاز حضرت شیخ محمد حیات سندھی مدنی سے علمِ حدیث کادرس لیا۔

(4) فریضۂ حج ادا فرمایا اور کئی ماہ مکۂ مکرمہ میں قیام کیا، مقاماتِ مقدسہ اور اسلامی آثار کی زیارت سے شرف یاب ہوئے۔

(5) علامہ آزادؔ بلگرامی ایک عظیم شاعر بھی تھے۔ آپ کی شاعری کو ہندوستانی عربی ادب کا شاہکار کہا گیا ہے۔ یوں ہی آپ کے عربی و فارسی نعتیہ اشعار کی فضا ہندی عناصر و ماحول سے تشکیل پائی-

(6) آپ کے عربی اشعار کی تعداد محققین نے سترہ ہزار {17000} کے قریب شمار کی، جو عربی ادب کی فنی لطافتوں اور صوفیانہ نغمگی سے پُر ہے۔

(7) علامہ آزادؔ بلگرامی کی شاعری کا موضوع مدحتِ آقا صلی اللہ علیہ وسلم ہے،اسی لیے انہیں’’حسان الہند‘‘جیسے باوقار اور عظیم لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

(8) علامہ آزادؔ بلگرامی نے اپنی شاعری میں جابجا حب الوطنی کا اظہار کیا ہے۔ شعری محاکات میں ہندی رنگ آپ کے یہاں گہرا ہے؛ جس کے اثرات بعد کے دور میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری و محسن کاکوروی کے یہاں ملتے ہیں-

(9) آپ نے سب سے پہلے اپنی نظم و نثر میں عظمتِ ہند کے نغمے گنگنائے اور عظمت ہند کے تئیں اسلامی نسبتوں کا ذکر کیا ہے-جس پر تصانیف شاہد-

(10) آپ کی تصانیف کے نام اس طرح ہیں:

1- سبحۃالمرجان فی آثارِ ہندوستان

2- شمامۃالعنبر ماورد فی الہند من سیدالبشرصلی اللہ علیہ وسلم(شمامۃالعنبر کی اشاعت مع اردو ترجمہ دارالعلوم جائس نے کی۔)

3- بریلی شریف سے مآثرالکرام کی اشاعت عمل میں آئی- یوں ہی بلگرام شریف سے بھی مطبوع ہے-

4- مالیگاؤں سے روضۃالالیاء کی اشاعت سُنّی جمعیۃالعلماء نے کی؛ کئی کتابیں بیروت، قاہرہ وغیرہ سے شائع ہوئیں- متعدد مخطوطات علی گڑھ و لکھنؤ کی لائبریریوں میں محفوظ ہیں-

(11) آپ کے عربی شعری دواوین میں 4 مطبوع ہیں-

(12) علامہ ارشدالقادری کے فرزند مولانا ڈاکٹرغلام زرقانی (مقیم امریکہ)نے آپ کی عربی نگارشات پر مقالۂ تحقیق قلم بند کرکے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل 

کی؛ جو دارالکتاب دہلی سے طبع ہوا اور اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کی لائبریری میں موجود ہے-

(13) علامہ آزادؔ بلگرامی نے بحیثیت شاعر و ادیب اور سیاح و مؤرخ اپنی علمی یادگاریں چھوڑی ہیں-

(14) بحیثیت محدث آپ نے بخاری شریف کی کتاب الزکوٰۃ تک کی شرح تحریر کی-

(15) آپ نے عربی و فارسی میں سیرت اور ہندوستان کی اسلامی تاریخ سے متعلق متعدد کتابیں تحریر فرمائیں جن سے آپ کی مؤرخانہ عظمت و محققانہ بصیرت اجاگر ہوتی ہے۔ سلاطین ہند کے تذکرے بھی قلم بند فرمائے- شوکت اسلام کے کئی ادوار حیطۂ تحریر میں لائے- سلاطین نے آپ کی قدر کی اور عظمتوں کے معترف ہوئے-

(16) آج بھی علمی و ادبی تحریروں میں آپ کی تحقیق کوقولِ فیصل ماناجاتا ہے۔ بڑے بڑے مؤرخین آپ کی کتابوں کے حوالے نقل کرتے ہیں۔

(17) علامہ آزادؔ بلگرامی ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے مگر بنیادی طور پر وہ ایک صوفیِ باصفا، عاشق رسول اور عالم دین تھے۔

(18) علامہ آزادؔ بلگرامی! نے زندگی کے آخری ایام گوشہ نشینی میں گزارے۔ مدینۃالاولیاء خلدآباد میں خلیفۂ محبوب الہی حضرت امیر علاء سجزی رحمۃاللہ علیہ کے مزار مبارک کے پہلو میں ایک قطعہ اراضی خریدا، اس کا نام ’’عاقبت خانہ‘‘ رکھا۔ وصال سے کچھ دنوں قبل دکن کے صوفیا اور فقرا کی دعوت کی اور ذکر الٰہی میں مشغول ہوگئے۔ 

(19) 24 ذی القعده 1200ھ میں علم و فن کا یہ ماہ تاب اپنے کمالات کی تمام تر رعنائیاں بکھیر کروصال کی لذت سے سرشار ہوگیا۔ خلد آباد میں آپ کا مزار اقدس مرجع خلائق ہے؛ آستانے کی تزئین جدید حضرت سید بادشاہ میاں واسطی بلگرامی نے کروائی- آپ کا عرس امسال 11 مئی پیر کو ہوگا جس کی تیاریاں جاری ہیں، واضح رہے کہ یہ عرس مسلکِ اعلیٰ حضرت کے دائرے میں رہ کر منایا جاتا ہے:

آسماں عینک لگا کر مہر و ماە کی دیکھ لے

جلوۀ انوارِ حق ہے صبح و شام بلگرام

(اعلیٰ حضرت محدث بریلوی)

Noori Mission Malegaon

 

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی۔

عبدالجبار علیمی نظامی نیپالی چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383) weeklynepalurdutimes@gmail.com