سیلاب متاثرین کے لیے میئر کا مثالی اقدام، چار ماہ کی مراعات ترک کرکے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی امدادی اشیاء فراہم
سرہا، نیپال
رضوان احمد مصباحی
نیپال اردو ٹائمز
: سرہا میونسپلٹی-4 (رمول) کے چیئرمین محمد شمشاد عالم نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی چار ماہ کی سروس سہولیات کے برابر رقم سے امدادی سامان خرید کر سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چیئرمین محمد شمشاد عالم نے تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار نیپالی روپے مالیت کا امدادی سامان خریدا ہے، جس میں اشیائے خورونوش، ادویات، کپڑے اور دیگر ضروری سامان شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ امدادی سامان سیلاب اور شدید بارش سے متاثرہ ضرورت مند خاندانوں تک پہنچایا جائے گا۔ چیئرمین عالم خود بھی امدادی سامان لے کر متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے والے ہیں۔ مقامی سطح پر ان کے اس اقدام کو عوامی خدمت اور مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ یکجہتی کی ایک قابل تحسین مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
