Jun 21, 2026 12:59 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
پیغامِ شہدائے کربلا و سالانہ عرسِ علیمی

پیغامِ شہدائے کربلا و سالانہ عرسِ علیمی

18 Jun 2026
1 min read

 

پیغامِ شہدائے کربلا و سالانہ عرسِ علیمی

حضرت مفتی نظام الدین صاحب قبلہ علیمی مصباحی کو مبلغ اسلام ایوارڈ دیئے جانے پر تہ دل سے مبارک باد

اسلامی تاریخ میں بعض ایام ایسے ہیں جو محض واقعات کی یاد نہیں بلکہ پوری امت کے لیے درسِ حیات اور سرچشمۂ ہدایت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یومِ عاشورہ انہی مبارک اور عظیم دنوں میں سے ایک ہے، جس نے حق و باطل کی کشمکش میں صبر، استقامت، ایثار، قربانی اور رضائے الٰہی کی ایسی لازوال داستان رقم کی جس کی مثال تاریخِ انسانیت پیش کرنے سے قاصر ہے۔

کربلا کی تپتی ہوئی زمین پر سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار رفقاء نے جس عظیم قربانی کا مظاہرہ فرمایا، وہ رہتی دنیا تک حق کے متوالوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے عمل سے امت کو یہ پیغام دیا کہ باطل کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے حق کی خاطر ہر قربانی پیش کرنا ہی اہلِ ایمان کا شیوہ ہے۔

اسی پیغامِ حسینی کی تجدید اور مبلغِ اسلام، عاشقِ رسول، عظیم داعیِ اسلام حضرت علامہ الشاہ محمد عبد العلیم صدیقی میرٹھی مہاجر مدنی علیہ الرحمہ کی بے مثال دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سال یومِ عاشورہ کے موقع پر مصطفیٰ بازار، ممبئی میں ’’عرسِ علیمی‘‘ کا روح پرور اور تاریخی اجتماع منعقد کیا جاتا ہے۔ نصف صدی سے زائد عرصے سے جاری یہ مبارک سلسلہ اہلِ سنت کی علمی، فکری اور روحانی زندگی کا ایک اہم عنوان بن چکا ہے۔

مصطفیٰ بازار ممبئی میں منعقد ہونے والا عرسِ علیمی دراصل امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی استقامت اور حضرت علامہ عبد العلیم صدیقی علیہ الرحمہ کی دعوتی جدوجہد کا حسین امتزاج ہے، جہاں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم، محبتِ اہلِ بیت، عقیدتِ اولیاء، احترامِ صحابہ  اور اتحادِ اہلِ سنت کا پیغام عام کیا جاتا ہے۔

اس بابرکت اجتماع کی بنیاد بانیٔ دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی، جناب سیٹھ شمس الحق علیمی رحمہ اللہ نے رکھی تھی۔ ان کے ساتھ سیٹھ غلام مصطفیٰ رضوی، معین العلماء حضرت علامہ معین الحق علیمی رحمہ اللہ اور مصطفیٰ بازار ممبئی کے مخلص اہلِ سنت حضرات کی دینی حمیت، اخلاص اور مسلسل تعاون شامل رہا۔ انہی اکابر کی کاوشوں کا فیضان ہے کہ آج یہ اجتماع ایک مضبوط دینی، علمی اور فکری روایت کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ! امسال منعقد ہونے والا عرسِ علیمی کئی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا اور اہلِ سنت کی علمی و فکری تاریخ میں ایک یادگار باب کا اضافہ کرے گا۔

گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی مختلف  ریاستوں، جامعات، مدارس اور خانقاہوں سے وابستہ جید علماء، مشائخِ عظام، سجادگان اور اہلِ سنت کے قائدین اس اجتماع میں 

شرکت فرمائیں گے۔

حسبِ سابق معین العلماء والمشائخ حضرت علامہ الشاہ سید معین الدین اشرف الاشرفی الجیلانی مدظلہ العالی، عزیزِ ملت حضرت مولانا عبد الحفیظ صاحب قبلہ مدظلہ العالی (سربراہِ اعلیٰ الجامعۃ الاشرفیہ، مبارک پور)، سراجُ الفقہاء محققِ مسائلِ جدیدہ حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی صاحب قبلہ مدظلہ العالی (الجامعۃ الاشرفیہ، مبارک پور)، امیرِ سنی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد شاکر علی نوری صاحب قبلہ مدظلہ العالی، خطیبِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد ہاشم رضا قادری کان پوری صاحب قبلہاور دیگر مشاہیرِ اہلِ سنت کی شرکت متوقع ہے، جو اپنے بصیرت افروز خطابات سے حاضرین کو علمی، فکری اور روحانی رہنمائی فراہم کریں گے۔

اسی موقع پر حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدین علیمی مصباحی صاحب قبلہ مدظلہ العالی (استاذ دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی، بستی) کو ان کی گراں قدر علمی، قلمی، فکری اور تدریسی خدمات کے اعتراف میں ’’مبلغِ اسلام ایوارڈ‘‘ سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز دینِ متین کی خدمت، علمی تحقیق، فکری رہنمائی اور تدریسی میدان میں آپ کی نمایاں خدمات کے اعتراف کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

ہم تمام علماء (خصوصا علیمی برادران)، طلبہ، علم دوست حضرات، اہلِ سنت کے وابستگان اور عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے مؤدبانہ گزارش کرتے ہیں کہ اس بابرکت اجتماع میں بھرپور شرکت فرما کر شہدائے کربلا کے پیغامِ صبر و استقامت، حضرت علامہ عبد العلیم صدیقی علیہ الرحمہ کی عالمگیر دعوتی خدمات اور اکابرِ اہلِ سنت کی فکری میراث سے اپنے قلوب و اذہان کو منور کریں۔

محفل میں بھرپور شرکت فرما کر شہدائے کربلا کے پیغامِ صبر و استقامت اور حضرت علامہ عبد العلیم صدیقی علیہ الرحمہ کی خدماتِ دین کو عام کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ مورخہ: 10 محرم الحرام 1448ھ (یومِ عاشورا)

وقت: بعد نمازِ جمعہ تا نمازِ عصر

مقام: علیمی دربار ہوٹل، مصطفیٰ بازار، ممبئی

📞 رابطہ نمبر: 8879341139

الداعون:• مفتی اعظم ہالینڈ حضرت مولانا مفتی محمد شفیق الرحمن عزیزی مصباحی

• مولانا محمد عرفان علیمی

• ابنائے مولانا معین الحق علیمی

• مولانا ضیاء الحق علیمی

• محترم سید علی مصطفی بازار 

• نوجوانانِ اہلِ سنت، مصطفیٰ بازار، ممبئی

 

حضرت مفتی نظام الدین صاحب قبلہ علیمی مصباحی کو مبلغ اسلام ایوارڈ دیئے جانے پر تہ دل سے مبارک باد

محمد شہاب الدین علیمی 

*"مبلغ اسلام ایوارڈ" کے لیے حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدین صاحب قبلہ –مد ظلہ العالی– کا نام تجویز کیے جانے پر تہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں*

علمائے حق امت مسلمہ کے عظیم سرمایہ ہیں ، انہیں کے دم سے علوم نبوت کی شمع فروزاں رہتی ہے ، انہیں کی محنتوں سے عقائد و اعمال کی حفاظت ہوتی ہے ، اور انہی کی رہنمائی سے امت راہ اعتدال پر گامزن رہتی ہے ؛ اسی لیے اہل علم کی قدر دانی ، حوصلہ افزائی درحقیقت علم کی تکریم ہے ، دین کی خدمت اور اسلامی اقدار کے احترام کا مظہر ہے۔

استاذی گرامی ، زینت الفقہاء شیخ الحدیث حضرت علامہ مفتی محمد نظام الدین قادری  صاحب –دامت برکاتہم العالیہ– کا شمار ان جلیل القدر علماء میں ہوتا ہے ، جنہوں نے اپنی زندگی علم دین کی اشاعت ، تدریس ، تصنیف ، افتاء اور اصلاح معاشرہ کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ آپ 1994ء ( 32 سال ) سے دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ہزاروں طلبہ آپ کے علم و فضل، اخلاص و للہیت اور حسن تربیت سے فیض یاب ہو چکے ہیں۔ آپ کی علمی بصیرت ، تحقیقی ذوق اور فقہی مہارت اہل علم کے درمیان مسلم ہے، جبکہ آپ کی سادگی ، دین کا درد ، علیمیہ جمدا شاہی کے لیے والہانہ وابستگی اور بے مثال خلوص آپ کی شخصیت کو مزید ممتاز بناتی ہے۔ ایسے وقت میں جب حضرت مفتی صاحب قبلہ کو ١٠ محرم الحرام کو "مبلغ اسلام ایوارڈ" سے نوازا جا رہا ہے ، تو یہ خبر اہل سنت کے علمی حلقوں کے لیے باعث مسرت و انبساط ہے۔ یہ اعزاز محض ایک رسمی تقریب یا اعزازی سند کا نام نہیں بلکہ ان طویل علمی، تدریسی اور دینی خدمات کا اعتراف ہے جو حضرت مفتی صاحب قبلہ نے خاموشی، اخلاص اور استقامت کے ساتھ انجام دی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ اہل علم کی خدمات کا اعتراف نئی نسل کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہوتا ہے کہ علم و عمل، اخلاص و خدمت اور محنت و استقامت کبھی رائیگاں نہیں جاتے۔

اس موقع پر حضرت علامہ مفتی محمد شفیق الرحمن عزیزی مصباحی مدظلہ العالی، مفتی اعظم ہالینڈ خصوصی طور پر مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں ، جنہوں نے حضرت مفتی صاحب قبلہ کی علمی و دینی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے انہیں اس اعزاز کے لیے منتخب فرمایا ۔ یہ فیصلہ ان کی علم دوستی، علماء نوازی اور دینی بصیرت کا واضح ثبوت ہے۔ درحقیقت جو لوگ اہل علم کی قدر کرتے ہیں، وہ علم کے فروغ اور دینی روایت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ہمیں امید ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے نہ صرف علماء کرام کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ نوجوان نسل میں بھی علم دین کی خدمت اور علمی میدان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔ معاشرے کو ایسے ہی علمی اور فکری نمونوں کی ضرورت ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بن سکیں۔ میں (مفتی صاحب قبلہ کا ادنی شاگرد) مفتی صاحب قبلہ دامت برکاتہم العالیہ کو اس باوقار اعزاز کے حصول پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور بارگاہ رب العزت میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس اعزاز کو ان کے حق میں مزید خیر و برکت، عزت و قبولیت کا ذریعہ بنائے۔ نیز اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ، عمر دراز، عافیت مستمرہ اور مزید خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔

نزیل حال : قاہرہ ، مصر

١٨/ جون ٢٠٢٦ء

٣/ محرم الحرام ١٤٤٨ھ

:محمد ذیشان علیمی

ماہر درسیات، محقق عصر، شيخ الحديث دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی ،حضرت علامہ مفتی نظام الدین صاحب قبلہ دامت برکاتہم العالیہ کی ذات بابرکت محتاج تعارف نہیں ، آپ اپنی خداداد صلاحیتوں،دین ابد کی بے لوث خدمات، علمی تحقیقی  اور فکری رہنمائی  کی بنیاد پر علماۓ اہل سنت ،اور مفتیان کرام کے مابین نمایاں مقام رکھتے ہیں. بلاشبہ "مبلغ اسلام ایوارڈ" سے نوازے جانے کے لیے آپ کی ذات کا انتخاب آپ کی علمی، قلمی، فکری اور تدریسی خدمات کا اعتراف ہے، نیز یہ آپکی مسلسل محنت ،لگن اور صلاحیتوں کا خوبصورت صلہ بھی ہے. ہم جملہ ابناۓ علیمیہ حضور مفتی صاحب قبلہ کی بارگاہ میں صمیم قلب سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ رب کی بارگاہ میں دعاکرتے۔ہیں کہ مولی تعالیٰ آپ کا سایہ عاطفت ہم پر دراز  فرماے ،آپ کے علم وعمل اور رزق خوب خوب برکتیں عطا فرمائے. 

بڑی ناسپاسی ہوگی اگر ہم اس موقع پر مفتی اعظم ہالینڈ حضرت۔ علامہ مفتی محمد شفیق الرحمن صاحب قبلہ عزیزی مصباحی مد ظلہ العالی والنورانی کا شکریہ ادا نہ کریں جنہوں نے حضور مفتی نظام الدین صاحب قبلہ دامت برکاتہم العالیہ کی علمی صلاحیتوں ، اور دینی خدمات کے اعتراف کا بین ثبوت پیش کیا اور یہ اعلان فرمایا کہ آپ کی ذات بابرکت اس خوبصورت ایوارڈ کی کما حقہ حقدار ہے، آپ کے اس فیصلے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اللہ رب العزت آپ کو دنیا و آخرت میں اس کا بہترین صلہ عطا فرمائے ، اور آپ سے وہ کام لے جس میں اس کی اور اس کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رضا ہو.

نزیل حال جامعہ ازہر قاہرہ مصر 

18جون /2026

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر نیپال اردو ٹائمز (9701714929) (8795979383)