Sep 21, 2026 05:32 AM Asia/Kathmandu
ہمیں فالو کریں:
عرسِ نبیلی، حیدری، خلیلی و وکیلی کی تیاریاں عروج پر

عرسِ نبیلی، حیدری، خلیلی و وکیلی کی تیاریاں عروج پر

27 Aug 2026
1 min read

عرسِ نبیلی، حیدری، خلیلی و وکیلی کی تیاریاں عروج پر

بہار، ہندوستان:

نیپال اردو ٹائمز 

بہار کی معروف روحانی و علمی بستی حسن پورہ شریف میں ساتویں سالانہ عرسِ نبیلی، حیدری، خلیلی و وکیلی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ یہ عظیم الشان روحانی و اصلاحی اجتماع 10 ستمبر 2026ء، بروز جمعرات منعقد ہوگا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے علماء، مشائخ، فضلاء، صلحاء اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔

اس سالانہ عرس کی سرپرستی پیرِ طریقت حضرت علامہ مولانا الشاہ سید ناھید احمد حیدر القادری، سجادہ نشین خانقاہِ عالیہ حیدریہ، حسن پورہ شریف فرمائیں گے ، جبکہ پروگرام کی قیادت پیرزادہ سیدعاکف احمد حیدر القادری ازہری کریں گے۔ عرس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقین اور منتظمین کی جانب سے مختلف سطحوں پر تیاریاں جاری ہیں۔ عرسِ اولیاء محض ایک رسمی اجتماع کا نام نہیں، بلکہ یہ بزرگوں کی دینی، علمی، روحانی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرنے، ان کے پاکیزہ کردار سے سبق حاصل کرنے اور نئی نسل کو دین و شریعت سے جوڑنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔ ایسے مواقع پر علماء و مشائخ اپنے خطابات کے ذریعے قرآن و سنت کی تعلیمات، تقویٰ، اخلاص، محبتِ رسول ﷺ، اصلاحِ نفس اور حسنِ اخلاق کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے مقبول بندوں کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:

﴿أَلَا إِنَّ أَوْلِيَاءَ اللَّهِ لَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ﴾

حسن پورہ شریف میں منعقد ہونے والا یہ عرس بھی دینی و روحانی پیغام کو عام کرنے اور اولیائے کرام کی تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانے کا ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ایسے اجتماعات کی حقیقی برکت اسی وقت حاصل ہوتی ہے جب ان میں علم و اصلاح، ذکر و فکر اور اسلامی آداب کو مقدم رکھا جائے اور ہر قسم کے غیر شرعی امور سے اجتناب کیا جائے۔ خصوصاً مرد و خواتین کے غیر ضروری اختلاط سے پاک، باوقار اور شرعی ماحول کا اہتمام ضروری ہے۔

علماء و مشائخ کا کہنا ہے کہ اولیائے کرام کی محبت کا حقیقی تقاضا صرف ان کے تذکرے اور عقیدت تک محدود نہیں بلکہ ان کی دینی تعلیمات، تقویٰ، اخلاص، عبادت، حسنِ اخلاق اور خدمتِ خلق کے پیغام کو اپنی زندگیوں ، میں اختیار کرنا ہے۔ یہی ان مقدس شخصیات کی یاد منانے کا حقیقی مقصد اور بہترین ثمرہ ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس روحانی و اصلاحی اجتماع کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس کے ذریعے دین و ایمان کی روشنی عام فرمائے اور ہم سب کو اولیائے کرام سے سچی محبت، ان کے نقشِ قدم پر چلنے اور ان کی اصلاحی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

یہ خبر حضرت مولانا اظہار الدین حیدری، بنوٹا، مہوتری، نیپال کے توسط سے ہماری ٹیم کو موصول ہوئی۔

نوٹ: حسن پورہ شریف میں 10 ستمبر کو ساتواں سالانہ عرس، ملک بھر سے علماء و مشائخ کی شرکت متوقع

از: محمد کلام الدین نعمانی مصباحی

Abdul Jabbar Alimi

عبدالجبار علیمی نیپالی۔

چیف ایڈیٹر (9701714929) (8795979383)