ممبئی کے معروف خطیب قاری شرف الدین مصباحی کو اشرفیہ ایوارڈ
مولانا نظام احمد قادری مصباحی نے آپ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا
مہراجگنج/ ممبئی (پریس ریلیز)
نیپال اردو ٹائمز
برصغیر کی عظیم ومنفرد دینی درسگاہ"جامعہ اشرفیہ مبارکپور" میں منعقدہ 51ویں عرسِ حضور حافظِ ملت علیہ الرحمۃ والرضوان اور سالانہ جلسۂ دستار بندی کے پرنور ومبارک موقع پر ارکان جامعہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی جانب سے جماعتِ اہلِ سنت کی قابلِ قدر، فعال اور مخلص شخصیت حضرت علامہ و مولانا قاری محمد شرف الدین صاحب مصباحی کی طویل، مسلسل اور بے لوث دینی و تعلیمی خدمات کے اعتراف میں انہیں باوقار “اشرفیہ ایوارڈ و سپاس نامہ” سے نوازا گیا۔ اس اعلان پر حاضرین نے پرتپاک انداز میں مبارکباد پیش کی اور ان کی منفرد خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ یہ ایوارڈ اُن شخصیات کو دیا جاتا ہے جو خاموشی کے ساتھ خلوصِ نیت، للّٰہیت اور استقامت کے ساتھ دین و ملت کی خدمت کو اپنا مشن بنائے رکھتی ہیں۔ چنانچہ قاری محمد شرف الدین صاحب مصباحی کا شمار بھی انہی صاحبِ علم و عمل علما میں ہوتا ہے جنہوں نے شہرت و نمود سے بے نیاز ہوکر خدمتِ دین کو اپنی زندگی کا نصب العین بنایا ہے۔ حضرت قاری محمد شرف الدین صاحبمصباحی اس وقت ممبئی کی معروف سنی نئی مسجد گھڑپ دیو میں خطیب و امام کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہاں آپ اصلاحِ معاشرہ، دعوتِ دین، عوامی رہنمائی اور نوجوان نسل کی فکری تربیت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ آپ کے خطبات اپنی سادگی، تاثیر اور عام فہم ہونے کے باعث عوام میں بے حد مقبول ہیں۔ تدریس کے میدان میں بھی آپ کی خدمات نہایت قابلِ قدر ہیں اور سنی دارالعلوم محمدیہ (مینارہ مسجد، محمد علی روڈ) کے سیکڑوں طلبہ آپ کے علمی فیضان سے مستفید ہو رہے ہیں۔ قاری شرف الدین مصباحی کو جامعہ اشرفیہ مبارکپور کے ممبئی دفتر کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے، جس میں آپ ادارہ اور عوام کے درمیان ایک مضبوط ربط قائم کرنے، اشرفیہ کے تعلیمی مشن کو فروغ دینے اور عوام کو دینی تعلیم اور تعاون کی طرف خصوصی طور پر راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آپ کی مسلسل محنت سے ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں اشرفیہ کی دعوت، تعلیمی خدمات اور اصلاحی پیغام مؤثر انداز میں فروغ پا رہا ہے۔
عوامی رابطے، اصلاحی سرگرمیوں، دینی اجتماعات اور مختلف تعلیمی پروگراموں کے ذریعہ آپ نے لاکھوں لوگوں تک دین کیحقانی آواز پہنچائی۔ آپ کی کوششوں سے نہ صرف عوام میں شعورِ دین بڑھا بلکہ بڑی تعداد میں افراد جامعہ اشرفیہ کی علمی و تعلیمی تحریک سے وابستہ بھی ہوئے۔
اس موقع پر متعدد علما و مشائخ نے حضرت قاری محمد شرف الدین صاحب مصباحی کو دلی مبارکباد پیش کی۔ خصوصاً تحریکِ پیغامِ انسانیت مہراجگنج کے بانی و صدر حضرت علامہ و مولانا نظام احمد صاحب قادری مصباحی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا:
"ماشاء اللہ! حضرت قاری شرف الدین صاحب مصباحی کو عرسِ حافظِ ملت کے حسین موقع پر "حافظِ ملت ایوارڈ"سے نوازا گیا۔ ہم تحریکِ پیغامِ انسانیت کی جانب سے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ ربِّ ذوالجلال اپنے حبیب ﷺ کے صدقے انہیں اور ان کی پوری ٹیم کو شاد و آباد رکھے اور ہر نظرِ بد سے محفوظ فرمائے۔ آمین ثم آمین۔”
ساتھ ہی ساتھ آپ نے اہلِ سنت و جماعت سے اپیل کی کہ وہ جامعہ اشرفیہ مبارکپور کی دینی، تعلیمی اور اصلاحی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کریں تاکہ یہ عظیم ادارہ مستقبل میں بھی پوری قوت کے ساتھ ملت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتا رہے
